1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. راؤ کامران علی/
  4. یہودیوں کا کمال

یہودیوں کا کمال

گولان (عربی میں جولان) کی پہاڑیوں کا سلسلہ شام اور اسرائیل کی سرحد پر اٹھارہ سو مربع کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ عرب ممالک کی اسرائیل کے ساتھ 1967 میں چھ روزہ جنگ میں اٹھارہ سو میں سے بارہ سو کلومیٹر پر اسرائیل نے قبضہ کرکے 1981 میں آباد کاری کرکے بیس ہزار سے زائد یہودیوں کی وہاں آبادکاری کردی جو کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے منافی ہے۔ دو دن قبل پچیس مارچ 2019 کو امریکہ نے مقبوضہ پہاڑیوں پر اسرائیل کا قبضہ تسلیم کرلیا جو ہر لحاظ سے ظلم ہے اور تاریخ میں ایسی زیادتی کی مثال نہیں ملتی؛ تاہم اسرائیلی نقطہ نظر سے یہ انکی شاندار سفارتی کامیابی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہوا؟
ران ڈیرمر، 1971 میں میامی کے یہودی مئیر کے گھر پیدا ہوا۔ اسکا بڑا بھائی بھی بعد میں مئیر بنا۔ ران نے وارٹن اسکول آف بزنس سے بیچلرز کرنے کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی سے سیاسیات اور معاشیات میں ڈگری حاصل کی۔ ران کا امریکہ میں سیاسی کیرئیر تابناک ہوسکتا اور وہ بڑی آسانی سے سینیٹر یا کانگریس مین بن سکتا تھا تاہم اُس نے پر آسائش زندگی چھوڑ کر اسرائیل کا رخ کیا۔ اسرائیل کے معاشی مندوب کی حیثیت سے کام کرنے کے لئے امریکی شہریت چھوڑ کر اسرائیلی شہریت لی اور 2005 میں اس وقت کے وزیر خزانہ (موجودہ وزیراعظم) نیتن یاہو کا مشیر بن گیا۔ نیتن یاہو کی انتخابی مہم میں اسٹریٹیجک کنسلٹنٹ کے طور پر کام کیا اور اسکی تقاریر لکھتا رہا۔ ران ڈیرمر، اسرائیلی اخبار "دی یروشلم پوسٹ" میں "دی نمبرز گیم" کے نام سے کالم بھی لکھتا رہا۔ نیتن یاہو کی فلسطین کے حوالے سے سخت پالیسی پر 2012 میں"واشنگٹن پوسٹ" نے ران ڈیرمر کو ذمہ دار ٹھہرایا اور ان دنوں وائٹ ہاؤس کے ساتھ سارے تال میل وہی کرتا تھا۔ نیتن یاہو نے 2013 میں اسرائیل کی فارن سروس کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے ران ڈیرمر کو امریکہ میں اسرائیل کا سفیر تعینات کردیا اور آج چھ سال ہونے کو ہیں؛ امریکی سفارتخانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی سے لیکر گولان کی پہاڑیوں پر امریکی مہر، ران ڈیرمر کی سیاسی شطرنج کی چالوں کی شہ مات ہے۔
ڈیوڈ فریڈمین، یہودیوں کے مذہبی پیشوا، ربّی مورس فریڈمین کا بیٹا ہے۔ ڈیوڈ 1958 میں نیویارک میں پیدا ہوا اور نیویارک یونیورسٹی سے وکالت پاس کی۔ ایک نامور وکیل ہونے کی حیثیت سے اس نے اسرائیل کے "بیت ایل انسٹیٹیوٹ" کی امریکہ میں نمائندگی کی اور اسرائیل کے فلسطین کے مغربی کنارے پر ناجائز قبضے کو جائز قرار دیا۔ ڈیوڈ اسرائیل کے اخبار "آرتز شیوا" میں کالم نگار ہے اور اسرائیلی پالیسیوں کا دفاع کرتا ہے۔ ڈیوڈ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اس کے جوا خانوں کے دیوالیہ ہونے سے بچایا اور صدارتی انتخاب میں اسکی بھرپور معاونت کی جبکہ پچاس ہزار ڈالر بھی دئیے (یہودی کے لئے یہ پچاس کروڑ ڈالر ہیں)۔ الیکشن سے تین دن پہلے ڈیوڈ فریڈمین نے ڈونلڈ ٹرمپ سے وعدہ لیا کہ وہ جیتنے کے بعد امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کردے گا۔ صدر بننے کے چند ہفتوں میں ٹرمپ نے ڈیوڈ فریڈمین کو اسرائیل میں امریکہ کا سفیر تعینات کردیا اور چند مہینوں میں ہی ڈیوڈ فریڈمین نے ڈونلڈ ٹرمپ سے اسکا وعدہ پورا کروا لیا اور رواں ہفتے گولان کی پہاڑیوں پر امریکی مہر ثبت کروا لی۔
یہ دو مختلف علاقوں کے مختلف یہودی ہیں جو شاید کبھی ایکدوسرے سے ملے بھی نہ ہو لیکن ایسا لگتا ہے کہ دونوں کسی ایک ہی سانچے سے ڈھل کر نکلے ہیں؛ وہی علم، وہی مہارت، وہی مقصد، وہی اپروچ، وہی اثر انگیزی، وہی کالم نگاری، وہی سربراہان مملکت تک رسائی ؛ ایک امریکہ کی شہریت چھوڑ کر اسرائیل کے وزیراعظم کا چہیتا بن کر امریکہ میں اسرائیل کا سفیر اور دوسرا امریکی صدر کا منہ چڑھا بن کر اسرائیل میں امریکہ کا سفیر اور دونوں نے عظیم اسرائیل کا مقصد حاصل کرلیا؛ اپنے بل بوتے پر! یہ ہوتی ہے قومی کمٹمنٹ، یہ ہوتا ہے قومی جذبہ اور یہ ہوتی ہے حب الوطنی! مزے کی بات ہے کہ دونوں کا سفر 1993-1994 شروع ہوا اور پچیس سال میں انھوں نے اپنے اہم مقاصد حاصل کئے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ مستقل مزاجی کے ساتھ مسلسل محنت اور سمارٹ ورک کرنے کا پھل ہے، اس میں اپنا آپ مارنا پڑتا ہے اور عظیم مقصد کو سامنے رکھنا پڑتا ہے۔
کیا ہم میں ایسی کمٹمنٹ ہے؟ کیا کوئی امریکہ میں پلنے والا جوان امریکی شہریت چھوڑ کر پاکستان آکر امریکہ میں سفیر بن سکتا ہے؟ نیویارک کے یہودی ربّی کے بیٹے کا امریکہ کے مفادات کا اسرائیل میں ضامن بننا ایسا ہے جیسے مولانا طارق جمیل کا بیٹا پاکستان میں امریکہ کا سفیر بن کر آجائے تو آپ سوچیں پاکستان کے کیا کیا مسائل حل ہوجائیں گے۔ اگر آج ہم ڈیوڈ فریڈمین جیسی اثر انگیزی قائم کرسکیں اور الیکشن سے چار دن پہلے جو بائیڈن، کمیلا ہارس، برنی سینڈرز یا ڈونلڈ ٹرمپ سے ہی کشمیر پر وعدہ لے لیں؟ یہ ممکن ہے؛ اگر امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال لے اور بے قابو انا کو نیچا کرلے۔ ران ڈیرمر نے امریکہ کے ٹاپ بزنس اسکول وارٹن سے 1993 میں گریجویٹ کیا اور دنیا کی ہر بڑی کمپنی کا اعلیٰ عہدیدار اسکا کلاس فیلو یا ایلومنائی فیلو ہے۔ جن سے ملاقات کے لئے واشنگٹن میں عام سفیروں کو شاید وقت نہ ملے اور ران فون کرکے کہے کہ "شہزادے برگر اور پیپسی منگوا لے، میں آرہا ہوں"۔ سوچیں ناممکن کام بھی چٹکیوں میں ہوں گے۔ وقت آگیا ہے کہ ہر ملک سے سیکنڈ جنریشن جوانوں کو پاکستانی فارن سروس میں تعینات کرکے انکی اسی ملک کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں تعلیم دلوائی جائے جبکہ فارن آفس انکی تربیت کرے تاکہ کل کو انکا ذاتی اثر، ڈپلومیٹک اپروچ کے ساتھ جادو کرے۔ وقت آگیا ہے کہ امریکہ میں کمیونٹی مل کر پولٹیکل انجنئیرنگ میں اپنا کردار ادا کرے۔
واشنگٹن میں ہمارا سیاسی استاد بھی ایک یہودی ہے؛ وہ کہتا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں برا اسٹاک لے لو لیکن سیاسی ایکسچینج میں بہترین "اسٹاک" لو۔ یعنی ہر وہ کانگریس مین یا سینیٹر جو اگلے دس سے پندرہ سال میں ممکنہ طور پر امریکہ کا صدر بن سکتا ہے، اس سے ابھی سے دوستی گانٹھ لیں۔ یقیناً یہ ہو سکتا ہے اگر کمیونٹی تن من اور دھن سے ساتھ دے؛ ہم بھی باکمال بن سکتے ہیں۔