آج یونیورسٹی میں اس کا پہلا دن تھا اور وہ یونیورسٹی کے کیمپس میں کھڑی اس کی خوبصورتی کو اپنے دل میں اترتا محسوس کر رہی تھی۔ انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کرنے کے بعد اس کی سب سے بڑی خواہش گنجینہ یونیورسٹی کے فائن آرٹ ڈپارٹمنٹ میں داخلہ لینا تھا۔ آج اس کی خواہش اس کے چشمِ تصور سے حقیقت کا روپ دھار چکی تھی۔
گنجینہ یونیورسٹی پاکستان کے شمال میں واقع پہاڑی علاقہ میں بنائی گئی تھی۔ یونیورسٹی ایک وادی میں تعمیر کی گئی تھی جسے چاروں اطراف سے سرسبز پہاڑوں نے گھیرا ہوا تھا جو سردیوں میں سفید برف سے ڈھک جایا کرتے تھے۔ یونیورسٹی کی عمارت قدیم لندن کے طرزِ تعمیر سے متاثر تھی، سرخ اینٹوں والی مخروطی عمارت جس کے وسطی داخلی دروازے پر گھڑیال مینار موجود تھا اور اس کے دامن میں موجود سیڑھیوں کا خوبصورت جال بچھایا ہوا تھا جہاں طلباء فارغ وقت میں بیٹھا کرتے تھے۔
عمارت کے اطراف میں موجود باغیچے چیری اور سیب کے پیڑوں سے آرائش تھے اور عمارت کی عقبی جانب پہاڑی کی ڈھلوان کچھ یوں نظر آتی تھی گویا یونیورسٹی اس پہاڑ کے چرنوں میں بیٹھی ہے۔
طور بنتِ محمد نے اپنی یونیورسٹی کو انٹرنیٹ پر موجود تصاویر سے حقیقت میں کہیں زیادہ خوبصورت پایا۔ طور ایک پرکشش اور چونکا دینے والی شخصیت کی حامل لڑکی تھی، جس کی بڑی بڑی آنکھوں سے ذہانت ٹپکتی تھی، اس کی اوپر کو اٹھی ستواں ناک اس کے چہرے کو مغرور دکھاتی تھی۔ وہ دبلی پتلی اور دراز قد سراپے کی مالک تھی۔ وہ اپنے سکول اور کالج میں ایک مشہور شخصیت تھی اور اس کے پیچھے اس کی شرارتیں، لڑائیاں اور قابلیت محرکات تھے۔ مگر وہ اس شہرت سے بہت عاجز آ چکی تھی اور اس نے تہیہ کر لیا تھا کہ گنجینہ میں اپنی ڈگری کے چار سالوں میں ایک عام سی لڑکی کا کردار نبھائے گی، خاموشی اور گمنامی سے۔
طور ایک لاابالی، من موجی اور باہمت لڑکی تھی، وہ کمزور کسی صورت نہ تھی مگر کافی حد تک آدم بیزار تھی اور لوگوں کی نظروں میں آنے سے اور ان سے گھلنے ملنے سے وہ گریز کیا کرتی تھی۔
وہ زبانِ زدِ عام نہ رہے، یہ سوچ کر اس نے آج کے تعارفی لیکچرز میں حتیٰ المقدور کوشش کی کہ اپنے معلمین اور ساتھی طلبا پر اپنی شخصیت کا کوئی جاندار تاثر نہ چھوڑے۔ طور کی یہ کوشش کافی حد تک کامیاب ہو چکی تھی اور وہ اسی خوشی میں خراماں خراماں یونیورسٹی کے ساتھ ملحقہ لڑکیوں کے ہوسٹل کی جانب جا رہی تھی۔
وہ فائن آرٹ ڈپارٹمنٹ کی طویل راہداری سے گزر رہی تھی، اس نے مکمل سیاہ رنگ کی شلوار قمیض زیبِ تن کر رکھی تھی اور گھڑیال مینار کے دامن میں موجود دروازے سے باہر آتی ہوئی ماضی کی کوئی تصویر نظر آ رہی تھی۔ وہ سیڑھیوں پر قدم رکھتے ہوئے یونیورسٹی کی عمارت سے باہر آ رہی تھی تو اس نے دیکھا کہ یونیورسٹی کی وسطی شاہراہ پہ کوئی میلے کا سا سماں بندھا ہوا ہے۔ شاہراہ کے دونوں اطراف میں سینئر لڑکے قطار باندھے کھڑے تھے اور شاہراہ کے قریب سیڑھیوں پر بھی لڑکوں کا جم غفیر ڈھیر ہوا پڑا تھا۔ سنئیر لڑکوں کی قطاریں کچھ یوں بنائی گئیں تھیں کہ جیسے یونیورسٹی کی عمارت کی سیڑھیوں سے اترنے والوں کے لیے استقبال کرنا مقصود ہو اور ان قطاروں کے درمیان کھڑی اس کی دو ہم جماعت لڑکیاں اور ایک لڑکا محصور تھے۔ سنئیرز ان کو ہراساں کر رہے تھے۔ یہ دیکھتے ہی طور کو غصہ آیا مگر اس نے اپنے اعصاب پر قابو پاتے ہوئے خاموشی سے وہاں سے گزرنا چاہا۔
جیسے ہی وہ ان قطاروں کے پاس پہنچی تو اس کے ہم جماعتوں کے پاس کھڑا لڑکا ان کو چھوڑ کر طور کی طرف متوجہ ہوگیا۔ وہ نہ چاہتے ہوئے بھی ان بدتمیز لڑکوں کے نرغے میں پھنس گئی۔
ایک چنچل سا لڑکا اس کی جانب آگے بڑھا اور اس نے طور سے اس کا تعارف بلند آواز میں سنانے کا حکم دیا، اس کا انداز انتہائی تمسخرانہ تھا۔
"معذرت! میں آپ کو اپنا تعارف دینا ضروری نہیں سمجھتی اور بلند آواز میں تو قطعاً نہیں"۔ طور نے تحکمانہ انداز میں اس کو انکار کیا اور سپاٹ چہرہ لیے اس سینئر کی آنکھوں میں گھورتی رہی۔
طور کے اس جارحانہ رویہ سے وہ لڑکا حیران تو ہوا مگر اس نے اپنی حیرت پہ فوراً قابو پاتے ہوئے پہلے سے زیادہ بلند آواز میں طور سے کہا کہ "او میڈم تعارف تو آپ کو دینا ہی ہوگا، یہ یہاں کا اصول ہے اور یونیورسٹی کی ساٹھ سالہ تاریخ میں کوئی ایسا فریشر پیدا نہیں ہوا جو بنا تعارف کرائے چلتا بنے"۔ اس نے طور پر دھونس جمانے کی کوشش کی۔
اور قطاروں میں کھڑے سنئیرز طور پر ہنسنے لگے۔
طور اس سنئیر کی جانب دو قدم آگے کو بڑھی اور سیدھا اس کی آنکھوں میں جھانکتے ہوئے بولی "یہ کسی کے باپ کی یونیورسٹی نہیں ہے اور نہ ہی یونیورسٹی کے کوائف نامہ میں ایسی کوئی شرط درج ہے کہ یوں راہ چلتے کسی کو بھی اپنا تعارف دینا فریشرز پہ فرض ہے اور ہاں یہ مجھے اچھے سے دیکھ لو یہ اصول توڑنے والی پچھلے اٹھارہ سال سے اس دنیا میں جنم لے چکی ہے"۔ اپنے منہ کے گرد اپنے ہاتھوں سے دائروی زاویہ بناتے ہوئے طور نے اسے جواب دیا۔
طور کی بےباکی کا مظاہرہ دیکھ کر جہاں وہ سنئیر لڑکا بدکا، وہاں قطاروں کے میں کھڑے لڑکوں کی بتیسیاں بھی اندر کو ہوگئیں۔
"اور یہ دیکھو میں جا رہی ہوں، دیکھتی ہوں کس میں اتنی ہمت ہے جو مجھے روکے"۔ طور اپنی صراحی نما گردن کو اکڑا کر چلتے ہوئے ہوسٹل کو چل دی۔
وہ جو گنجینہ میں گمنامی کی زندگی بسر کرنے کا خود سے عہد کر چکی تھی وہ پہلے دن ہی ٹوٹ چکا تھا۔
***
طور یونیورسٹی سے واپسی پر اپنے ہوسٹل کے کمرے میں آ کر سو گئی تھی اور شام میں اس کی آنکھ دروازے کے باہر قدموں کی چاپ سے کھلی۔
اس نے اپنے کمرے کا دروازہ کھولا تو باہر لڑکیوں کا تانتا بندھا ہوا تھا اور اس کی ہم جماعت اور ہم کمرہ لڑکیاں ان کے سوالوں کا جواب دے رہی تھیں۔
وہ بھی کمرے سے نکل کر راہداری میں آئی تو اسے معلوم ہوا کہ یہ تماشا اس کے لیے سجایا گیا ہے اور وہ سنئیر لڑکیاں تھیں جو اس کی روم میٹس سے اسی کے متعلق سوالات کر رہی تھیں۔ اس لڑکی کا نام کیا ہے؟ وہ کہاں رہتی ہے، کس خاندان سے ہے وغیرہ وغیرہ۔
"میرا نام طور بنتِ محمد ہے اور میرے بارے میں باقی سوالات پوچھنے میں آپ کو آخر دلچپسی کیا ہے؟ آپ فائن آرٹس پڑھتی ہیں یا صحافت؟"۔ طور نے اکھڑے ہوئے لہجے میں ان سب کو مخاطب کرکے بلند آواز میں جواب دیا۔
اور وہاں سے رش تھمنے لگا، کچھ لڑکیاں طور کو اس لیے دیکھنے آئی تھیں کہ کون ہے وہ باہمت فریشر جس نے پہلے دن ہی کسی کی نہیں سنی اور کچھ لڑکیاں اس کی ذاتی معلومات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتی تھیں۔
گنجینہ میں سنئیر راج چلتا تھا اور فریشرز کی حالت ماضی کے سیاہ فام غلاموں سے بدتر ہوا کرتی تھی۔ کسی فریشر کی مجال نہیں ہوا کرتی تھی کہ وہ اپنے آقا سینئرز کی حکم عدولی کریں اور طور بنتِ محمد تو پہلے دن ہی گستاخی کی مرتکب ہو چکی تھی۔ اس رات لڑکے اور لڑکیوں کے ہوسٹلز میں اسی کا تذکرہ ہوتا رہا۔
اس کی فطرت میں جھکنا نہیں تھا، وہ بچپن سے ہی باغی تھی، وگرنہ وہ اس شہرت سے اچھا تھا کہ اپنا تعارف ہی کرا دیتی اور سب کی نظروں میں آنے سے بچ جاتی۔
مگر وہ طور بنتِ محمد تھی، شہرت اس کی دیوانی تھی اور یہ ہونا تو دہائیوں پہلے کاتبِ تقدیر لکھ چکے تھے۔
***
ایک زردی مائل دیواروں والے بڑے سے کمرے میں لڑکوں کا ایوان سجا ہوا تھا اور قومی اسمبلی کے اجلاس کی طرح جوشِ خطابت جاری تھی۔
کمرے کا مٹیالا کارپٹ جس کا اصل رنگ شاید کبھی سرخ ہوا کرتا تھا، اس کے سینے پہ جگہ جگہ سگریٹ کے جلنے سے سوراخ ہو چکے تھے۔ کمرے میں جا بجا سگریٹ کی خالی ڈبیاں، سڑے ہوئے بھدے ایش ٹرے بکھرے ہوئے تھے۔ چاروں دیواروں پر موجود کھونٹیوں پہ بدبودار میلے کپڑوں کی لاشیں سجی ہوئی تھیں اور چھت مکڑی کے جالوں سے اٹی ہوئی تھی۔ ایک کھونٹی پر مشترکہ تولیہ بھی لٹکا ہوا اپنی قسمت پر شرما رہا تھا۔ کارپٹ پر ایک طرف بستر بچھائے ہوئے تھے جو غلیظ ہونے میں اپنی مثال آپ تھے، میلے کچیلے گدے، یرقان زدہ پیلی ہوتی چادریں اور سرہانے جو کبھی سفید ہوا کرتے ہوں گے۔ بستروں کے ساتھ موجود بجلی کے بورڈ کے ساتھ موبائل کے چارجر اور ھینڈ فری کی تاریں ہی تاریں بکھری ہوئی تھیں۔ کمرے کی شیلف جو کتابیں رکھنے کے لیے دی گئیں تھیں، باسی سالن کی بدبو لیے ہوئے تھیں۔
یہ لڑکوں کے ہوسٹل کا ایک کمرہ تھا جہاں سنئیر رہائش پذیر تھے اور یہ سنئیرز کےلیے ایوانِ بالا بھی تھا۔
احمر ہمیشہ کی طرح ان کے کمرے کا ناگواری سے جائزہ لیتے ہوئے اس ایوان کا حصہ بن جاتا ہے۔
"یار وہ لڑکی کیا شے تھی، بہت بے عزتی کی اس نے بچارے معیز کی"
"ہاں آج تک کسی فریشر کی اتنی جرات نہیں ہوئی کہ وہ اس دیدہ دلیری اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کرے"
"بھئی ویسے دم تو تھا لڑکی میں، میرا تو دل لوٹ لیا ہے شہزادی نے"
"ہاں یار وگرنہ یہ فریشر لڑکیاں کتنی روتی شکلیں ہوتی ہیں، ہنسی آ رہی ہوتی ہے ان کی غیر ہوتی حالت دیکھ کر۔ دل تو تیرے بھائی کا بھی آ گیا ہے اس پہ"
"تم سب اپنی بکواس بند کرو، اس نے صرف معیز کی بے عزتی نہیں کی، اس نے سب سنئیرز کی بے عزتی کی ہے، سسٹم کی بے عزتی کی ہے۔ باقی جونیئرز کے سامنے ہماری کیا عزت رہ گئی ہوگی؟"
"ہاں تم صحیح کہہ رہے ہو، اس لڑکی کو سبق تو چکھانا چاھیے، اس کی روتی ہوئی شکل دیکھنے کی تمنا میرے دل میں جاگ چکی ہے"
سب سنئیر لڑکے آج کے واقعہ پر بیان بازی کر رہے تھے، وہاں سب طور سے متاثر ہونے کے باوجود اس کے دشمن تھے۔ جو ہر حال میں اسے بےبس کرنا چاہتے تھے۔
"سنو صبح ہم اپنی ہم جماعت لڑکیوں سے ملاقات کرتے ہیں اور آگے کے لائحہ عمل پر مشاورت بھی کر لیں گے، اس کا نام معلوم ہوا؟"۔ فائنل ائیر کے سینئر علی خان نے ایک لڑکے سے سوال کیا جس کی محبوبہ کے ذمے طور کی مکمل معلومات حاصل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
"ہاں سفینہ نے بتایا ہے کہ اس کا نام طور ہے اور اس سے زیادہ معلومات وہ ابھی تک حاصل نہیں کر پائی لیکن جلد ہی معلوم کر لے گی"۔ اس لڑکے نے علی خان کو انتہائی کاروباری انداز میں جواب دیا۔
"واہ خود کی طرح اس کا نام بھی کافی منفرد ہے"۔ ایک کونے میں خاموش بیٹھے احمر کے چہرے پہ ایک مسکان آ کے ٹھہر گئی۔ وہ کافی دیر سے یہاں بیٹھے لڑکوں کا طور نامہ سن رہا تھا اور جبکہ اسے صرف اس کا نام جاننے میں دلچسپی تھی۔
احمر سال سوئم کا ایک قابل اور ذہین طالبعلم تھا، وہ اپنے ڈپارٹمنٹ کی اکثریت کی طرح صرف شوق اور فیشن میں آرٹ کا طالبعلم نہیں تھا بلکہ آرٹ اس کے خون میں رچی بسی ہوئی تھی۔ وہ بھوری رنگت، تیکھے نقوش والا دبلا پتلا اور دراز قد لڑکا تھا۔ اس کے گردن تک آتے سیدھے اور سیاہ بال بہت خوبصورت انداز میں تراشے گئے تھے جو اس پر خوب جچتے تھے۔ وہ اپنی مستی میں گم رہنے والا لڑکا تھا جس کی واحد دلچسپی آرٹ ہوا کرتی تھی۔ وہ اس روز سیڑھیوں پر بیٹھا طور اور معیز کی گفتگو کو سن رہا تھا، لیکن اس نے کبھی کسی لڑکی کو تنگ نہیں کیا تھا، جونیئر لڑکے اس کے دلدادہ ہوا کرتے تھے، کیونکہ وہ کسی پہ اپنے سنئیر ہونے کا رعب نہیں جھاڑا کرتا تھا۔
اس کے دل کو طور کی دلیری بھا گئی تھی۔ اس کا نام جان لینے کے فوراً بعد وہ سینئرز کے کمرے سے چلا آیا۔
بوائز ہوسٹل کی راہداری سے اپنے کمرے تک چلتے ہوئے وہ طور کے بارے میں ہی سوچتا چلا آ رہا تھا۔
احمر کا کمرہ نیم تاریکی سے ڈوبا ہوا تھا، جو کسی طور پر بواہز ہوسٹل کا کمرہ نہیں دکھتا تھا، نہایت نفاست سے سجا ہوا صاف ستھرا کمرہ۔ احمر کے کمرے کی ایک دیوار پر اس نے اپنے ہاتھوں سے کوئی تجریدی آرٹ کو پینٹ کر رکھا تھا، جب کے باقی کی تین دیواروں کے ساتھ احمر اور اس کے دو روم میٹس کے بیڈ پڑے ہوئے تھے۔ بک شیلف پر کتابیں، پینٹ، برش اور چھوٹے بڑے کینوس پڑے تھے۔ احمر کے روم میٹس بھی ہوسٹل کے ایوانِ بالا میں موجود تھے اور احمر کو اس وقت کمرے کی تنہائی بہت بھلی محسوس ہو رہی تھی۔ وہ اپنے کمرے کی بتی روشن کئے بغیر ہی اپنے بستر پہ دراز ہوگیا اور چشمِ تصور میں طور کو دیکھتا رہا۔
رات دیر تک وہ طور اور معیز کے درمیان ہونے والے مباحثے کے مناظر کو اپنے ذہن میں دوہرائے گیا، وہ سمجھ نہیں پا رہا تھا کہ وہ اس ایک منظر سے اتنا محظوظ کیونکر ہوگیا ہے۔ وہ منظر سے متاثر تھا یا طور سے، اسی شش و پنج میں اس کی آنکھ لگ گئی۔
***
گنجینہ میں گھڑیال مینار پر صبح کے آٹھ بج رہے تھے۔ باغیچوں اور شاہراہوں کے کنارے سفید اور گلابی رنگ کے خوبصورت پھولوں سے ڈھکے ہوئے چیری بلاسم کے درخت بہار کی ثنا بیان کر رہے تھے۔ باغیچوں میں چیری پھل کے درختوں پر بھی چیری پھل کی آمد کی تیاریاں ہو رہی تھیں۔ اپریل کے آخر میں یہ پھل پکنا شروع ہو جاتے تھے، طلبا، استاتذہ اور یونیورسٹی کا دیگر اسٹاف جون تک اس کے پھل سے مستفید ہوتا رہتا تھا۔ یونیورسٹی کی قدیم طرز پہ بنی عمارت جو پہاڑوں کے دامن میں تعمیر تھی، سر سبز وادی اور اس کے قرب و جوار میں بہنے والے جھرنوں کے پانی کا شور دیکھنے والے کو مبہوت کر دیتا تھا۔ یہ ایک پینٹنگ کی مانند خوبصورت نظر آتی تھی۔
یونیورسٹی میں صبح ساڑھے آٹھ بجے لیکچرز شروع ہو جاتے تھے۔ احمر جو سال سوئم کا طالبعلم تھا، وہ ان تین سالوں میں کبھی بھی صبح کے وقت لیکچرز لینے نہیں آتا تھا۔ وہ دوپہر بارہ بجے کے بعد ہی کیمپس آیا کرتا تھا جب تک اس کے دو لیکچرز یا ایک لیب تو ختم ہو چکے ہوتے مگر اس پر استاتذہ اور بالخصوص خواتین استاتذہ کی نظرِ کرم تھی کہ وہ اب تک بچتا چلا آ رہا تھا وگرنہ اب تک ایسی مسلسل غیر حاضریوں کے سبب گنجینہ سے نکالا جا چکا ہوتا۔
احمر فائن آرٹ ڈپارٹمنٹ کا ایک قیمتی اثاثہ تھا۔ اس کا کام قومی سطح پر ہونے والی نمائشوں میں گنجینہ کے لیے کئی اعزازات حاصل کرچکا تھا۔ ڈپارٹمنٹ کے اتالیق بھی اس کے ہنر اور جنون کی عزت کیا کرتے تھے اور اسے اپنی محفلوں میں مدعو کرتے، ڈپارٹمنٹ کے کچھ اہم امور میں مشاورت بھی کر لیتے۔
سب جانتے تھے کہ احمر ساری رات جاگ کر پینٹنگ پہ کام کرتا ہے جس کی وجہ سے وہ صبح کے وقت یہاں نظر نہیں آتا تھا۔
مگر آج کی صبح احمر کے لیے ایک خوشگوار تبدیلی لے کر طلوع ہوئی تھی۔ اس کی آنکھ فجر کے وقت کھل گئی اور اس نے اپنی پینٹنگ پہ پہلے سے زیادہ موثر انداز میں کام کیا اور خلاف توقع آج لیکچرز شروع ہونے سے آدھا گھنٹہ پہلے ہی کیمپس میں آ گیا تھا اور کافی دیر سے گنجینہ کی خوبصورتی کو دیکھ رہا تھا جو اسے مبہوت کر رہی تھی۔ پچھلے تین سالوں میں اسے اپنی یونیورسٹی کبھی بھی اتنی خوبصورت نظر نہیں آئی یا شاید اب اس کی تیسری آنکھ کھل گئی تھی کہ اسے ہر شے میں خوبصورتی نظر آ رہی تھی۔
وہ کچھ دیر یوں ہی گنجینہ کی شاہراہوں پہ چکر کاٹتا رہا۔ لیکچرز شروع ہونے سے پندرہ منٹ پہلے ہی کیمپس میں طلبا کی چہل پہل شروع ہو چکی تھی۔
احمر کے پاس سے گزرنے والے طلبا احمر کو آج وقت پر کیمپس میں دیکھ کر حیرت کا اظہار کر رہے تھے۔ دو چار لڑکوں نے رک کر اس سے سلام دعا کی اور گنجینہ کی عمارت میں داخل ہو گئے۔
احمر جو پچھلے دس منٹوں سے گھڑیال مینار کی سیڑھیوں کے پاس کھڑا کسی انجانے سے انتظار میں کھڑا تھا اس کے قدم گرلز ہوسٹل والی شاہراہ کی جانب اٹھنے لگے۔ گنجینہ میں لڑکوں کا گرلز ہاسٹل کی شاہراہ پہ کھڑے ہونا مناسب نہیں سمجھا جاتا تھا، لیکن احمر پر ایک عجیب بےاختیاری کا عالم سوار تھا۔
وہ گنجینہ کے عقبی جانب موجود باغیچوں کے درمیان سے نکلنے والی سیاہ، لمبی شاہراہ کے ایک کنارے پہ چیری کے درخت سے ٹیک لگا کر کھڑا ہوگیا۔
اس شاہراہ کے دوسرے کنارے پر طور نمودار ہوگئی۔ نیلی جینز پر سفید کرتا پہنے، سر پر سرخ رومال ترچھے انداز میں باندھے اور پیروں میں جوگر پہنے کوئی راک اسٹار لگ رہی تھی۔
طور کو دیکھتے ہی احمر کے چہرے پہ مسکان آ گئی، وہ بےخود ہو کر طور کو آتا ہوا دیکھ رہا تھا۔ وہ دھان پان سی لڑکی اس وقت سامان سے لدی پھدی ہوئی تھی جو فائن آرٹ کے طالبعلم کی پہچان ہوتا ہے۔ اس کے بائیں کندھے پہ بندوق نما سیاہ رنگ کی پلاسٹک کا چارٹ ہولڈر لٹکا ہوا تھا، دائیں بغل میں لکڑی کا بڑا سا ڈرائنگ بورڈ دبوچا ہوا تھا جبکہ کہ وہ ایک ہاتھ میں سامان والا تھیلا لٹکائے ہوئے تھی اور دوسرے ہاتھ میں پکڑے ہوئے سیب کو بامشکل کھا پا رہی تھی۔
طور کو اس مشکل میں دیکھ کر احمر کا دل چاہا کہ وہ آگے بڑھ کر اس کا سامان لے کر ڈپارٹمنٹ تک پہنچا آئے تاکہ وہ آسانی سے سیب کھا لے۔ وہ اسی سوچ میں اسے دیکھتا چلا جا رہا تھا۔
احمر کو یوں خود کو گھورتا پا کر وہ اس کے قریب آ کے کھڑی ہوگئی اور اسے جواباً ایک سخت گھوری دے کر ڈپارٹمنٹ کو چل دی۔
احمر جو اس کی مدد کرنا چاہتا تھا، اس کی بےباکی سے ڈر گیا اور دل ہی دل میں شکر ادا کرنے لگا کہ اس نے طور سے اس کا سامان لینے کی بات نہیں کی وگرنہ ہو سکتا تھا احمر کے ایسا کرنے پہ وہ ڈرائنگ بورڈ اٹھا کر اس کے سر پہ پٹخ دیتی اور سر کے ساتھ ساتھ اس کی عزت کا جنازہ بھی نکل جاتا۔ یہ سوچ کر ہی احمر کو جھرجھری ہوئی۔
وہ طور کو گنجینہ کی عمارت میں داخل ہوتے دیکھتا رہا اور جب وہ ڈپارٹمنٹ میں داخل ہوگئی تو وہ بھی اس کے پیچھے ڈپارٹمنٹ کی جانب بڑھا جبکہ آج اس کا پہلا لیکچر دو گھنٹے بعد شروع ہونا تھا۔ وہ اپنی اس بےاختیاری پہ ہنس رہا تھا کہ آخر وہ ایک فریشر کا پیچھا کیوں کر رہا ہے۔
فائن آرٹ ڈپارٹمنٹ گنجینہ کی مرکزی عمارت کی داہنے جانب واقع تھا۔ ڈپارٹمنٹ کی عمارت کو ایک بڑے سرسبز گھاس کے لان نے دو حصوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ لان کے دائیں جانب راہداری میں لیکچرز کے لیے ایک قطار کی صورت میں کمرے دو منزلوں میں موجود تھے جبکہ بائیں جانب کی راہداری میں آرٹ کی تجربہ گاہیں موجود تھیں جن میں ڈرائنگ، مجسمہ سازی، میناکاری، پوٹری، پینٹنگ، وژول، فوٹوگرافی، ڈیجیٹل، پرنٹ میکنگ، آرکیٹیکچر، انٹریر، گرافکس اینڈ اینی میشن، ڈرامہ اینڈ فلم میکنگ، وغیرہ شامل تھیں۔
فائن آرٹ ڈپارٹمنٹ اس یونیورسٹی کے ماتھے کا جھومر تھا، انجینئرنگ، سائنس اور بزنس ڈپارٹمنٹ کے طلبا بھی موقع ملتے ہی اس کا رخ کرتے کیونکہ یہاں زندگی کی رونق تھی، رنگ تھے، خوشبو تھی اور محبت تھی۔ اس ڈپارٹمنٹ کا ماحول یونیورسٹی کے دیگر ڈپارٹمنٹ سے یکسر مختلف تھا۔ یہاں فیشن کے جلوے موجود تھے اور جنون کی چلتی پھرتی کہانیاں سنائی دیتی تھیں۔
احمر کے لیکچرز شروع ہونے میں ابھی دو گھنٹے باقی تھے۔ اس نے لان میں پڑے سیمنٹ کے بنے سفید بینچ پر بیٹھ کر اپنا کینوس نکالا اور اپنے ادھورے چھوڑے ہوئے کام کو مکمل کرنے لگا۔ وہ انہماک سے کینوس پہ رنگ بکھیر رہا تھا کہ بائیں راہداری میں نیلے اور سفید رنگ کا امتزاج لمحے بھر کو ابھرا اور غائب ہوگیا۔ وہ طور تھی جو مجسمہ سازی کی لیب سے ایک لمحے کو باہر آئی تھی اور پھر واپس اندر کو چلی گئی۔
احمر اپنا کینوس چھوڑ کر لیب کے بند دروازے کو تکتا رہا اور پھر اس کے ذہن میں ایک خیال بجلی کی مانند کوندا۔ اس نے اپنا کینوس خشک ہونے کے لیے دھوپ میں ہی چھوڑا اور باقی سامان باندھ کر مجسمہ سازی کی لیب کی جانب بڑھنے لگا۔
وہ مجسمہ سازی اور پینٹنگز میں بہترین تھا اور ان مضامین کے اتالیق احمر کو بہت پسند کیا کرتے تھے اور جونیئرز کو اس سے سیکھنے کے مشورے بھی دیا کرتے تھے۔ احمر کے دل میں بھی ایک خواہش نے جنم لیا کہ مجسمہ سازی کے اتالیق طور کے سامنے اس کی تعریف کریں اور اس بہانے وہ اسے جان لے۔
***
مجسمہ سازی کی لیب میں لکڑی کے چبوترے نما اسٹینڈ پڑے تھے جن کے سامنے کھڑے ہو کر طلبا کام کرتے تھے۔ چبوترے کے اوپر ایک سیدھی ٹرے بنی ہوئی تھی جس پر وہ مٹی سے مجسمے بنایا کرتے تھے۔ لیب کے ایک کونے میں نو فٹ لمبی اور تین فٹ چوڑی قبر نما گہری سی کھاٹی تھی جس میں دریائی گیلی مٹی پڑی ہوتی اور اس سے طلبا مٹی نکال کر لیب کے عقبی حصے میں موجود فرش پر مار مار کے اسے گوندھا کرتے تھے۔
فریشرز کی اس لیب سے جان جایا کرتی تھی۔ چھ گھنٹے کی لیب میں مشقت والا کام کرنا پڑتا تھا اور مجسمہ سازی کے اتالیق سختی میں اپنی مثال آپ تھے۔ لیب میں سوائے پانی کے کچھ بھی کھانے پینے کی اجازت نہ تھی۔
اتالیق وقت اور اصولوں کے اتنے سخت تھے کہ ان کے عتاب سے کوئی بھی بچ نہ پاتا تھا۔
احمر نے لیب کے کھلے ہوئے دروازے سے اندر کو جھانکا اور اتالیق کی توجہ پاتے ہی ان کو سلام پیش کیا۔
"وعلیکم السلام! احمر باہر کیوں کھڑے ہو بیٹا اندر آ جاو"۔ اتالیق نے ہاتھ کے اشارے سے اس کو لیب میں آنے کے لیے کہا۔
"سر فریشرز کے ساتھ آپ کا آج کا دن کیسا گزر رہا ہے؟"۔ احمر نے دانستہ بلند آواز میں جونئیرز کی طرف دیکھتے ہوئے اتالیق سے سوال کیا۔
"میرا دن تو پچھلے کئی سالوں کی طرح ایک سا ہی جا رہا ہے۔ ہاں البتہ تمہارے جونئیرز کا دن خاصا خراب جا رہا ہوگا"۔ اتالیق نے معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا۔
"سر آپ کے ساتھ فریشرز کا پہلی لیب لینا کوئی آسان کام نہیں ہے کیونکہ یونیورسٹی آنے سے پہلے جو سپنے دیکھے ہوتے ہیں وہ ایک ایک کرکے اسی لیب میں ٹوٹ جاتے ہیں"۔ وہ اپنے ماضی میں کھوئے کھوئے مخاطب ہوا۔
"یہ میرے کورس کی ضرورت ہے جو لاڈلے اور بگڑے ہوئے فریشرز کو سخت جان، محنتی اور نظم و ضبط کا پابند بناتا ہے اور اسی کی بدولت یہ باقی کے تین سال کامیابی سے مکمل کرتے ہیں اور پھر میرا شکریہ ادا کرنے آتے ہیں کہ میں نے ان میں برداشت کا مادہ پیدا کیا"۔ اتالیق نے احمر کے شکوے کا جواب دیا۔
"بلاشبہ سر ہمیں آدمی سے انسان بنانے کا سہرا آپ کے سر ہی جاتا ہے"۔ احمر بارہا بلند آواز میں بولتا تھا تاکہ طور کی توجہ کا مرکز بن پائے مگر وہ لڑکی ٹس سے مس نہ ہوئی۔
اتالیق نے لیب میں چلنے والا میوزک بند کیا اور تمام طلبا کو احمر سے متعارف کرایا۔ اتالیق نے جن تعریفی کلمات میں احمر کا تعارف دیا تھا سب فریشرز اس سے متاثر ہو رہے تھے سوائے طور کے۔ اس نے ایک نگاہ اٹھا کر بھی احمر کو نہیں دیکھا تھا اور وہ بدستور مٹی کی گولیاں بنانے میں مصروف تھی۔
"یہ ایک مختلف کیس ہے احمر!"۔ اتالیق نے طور کی عدم توجہی کو محسوس کرتے ہوئے احمر کو بتایا۔
"الگ کیسے سر؟"۔ وہ اتالیق کے طور پر کئے گئے تبصرے سے چونکا تھا جیسے اس کی کوئی چوری پکڑی گئی ہو۔
"میری سروس کے پچھلے دس سالوں میں آج تک کوئی ایسا شاگرد نہیں آیا جو میری حکم عدولی کرنے کی جرأت کرے۔ مگر یہ کچھ زیادہ ہی بگڑی ہوئی لڑکی ہے۔ لیب میں لگی ہوئی موسیقی اسے پسند نہیں آ رہی تھی اس لیے اپنے موبائل کے ساتھ ھینڈفری لگا کر گانے سن رہی ہے۔ اسے پچھلے دو گھنٹوں میں دو مرتبہ بول چکا ہوں کے اسے ایک کان سے اتار کے رکھو لیکن اسے اثر نہیں ہوتا، مجھے ہدایات دینے کےلیے خود اس کے پاس چل کر جانا پڑتا ہے۔ اب تیسری بار میں اس کی ھینڈ فری توڑ دوں گا"۔ اتالیق طور کے رویے پر برہم تھے۔
احمر کو آخر معلوم ہو ہی گیا کہ طور اس کی طرف متوجہ کیوں نہیں ہو رہی تھی۔
"سر میرے خیال میں آپ اسے ایک مرتبہ پیار سے سمجھائیں، مجھے یقین ہے کہ سمجھ جائے گی"۔ اس نے طور کی طرفداری کی۔
"اس نے مجھے آج پہلی لیب میں ہی ہٹلر کا جانشین بول دیا ہے۔ مجھے اپنا یہ لقب سنتے ہی دل ہی دل میں ہنسی آئی اور سوچ رہا ہوں کہ میں اسے تنگ کرکے خوب لطف اندوز ہونے والا ہوں"۔ اتالیق نے ایک شرارتی مسکراہٹ احمر کی طرف اچھالی۔
"سر مجھے لگتا ہے کہ لڑکی آپ کے مضمون میں اول آئے گی اس لیے آپ اس کے ساتھ نرمی کا معاملہ ہی رکھیں یہ نہ ہو کے ہٹ دھرمی کا شکار ہو کر مجسمہ سازی میں فیل ہو جائے"۔ اس نے اتالیق کے ارادے بھانپتے ہوئے ملتجی نگاہوں سے درخواست کی۔
"احمر مجھے بھی اس لڑکی میں ایک جنون ہلکورے لیتا ہوا نظر آتا ہے، اس لیے میں اس کے ساتھ خاص برتاؤ رکھنا چاہتا ہوں تاکہ یہ اپنی طاقت کو پہچان لے"۔ اتالیق نے ایک پرسوچ انداز میں طور کی طرف دیکھتے ہوئے بولے۔
"مگر سر کچھ بچے صرف پیار سے ہی کچھ نیا سیکھ پاتے ہیں۔ سختی اُن میں ہٹ دھرمی پیدا کرتی ہے"۔ احمر نے ایک مرتبہ پھر اتالیق سے درخواست کرنے کی کوشش کی۔
"احمر بیٹا آپ کے ساتھ خیریت کا تو معاملہ ہے نا؟ آپ مسلسل اس فریشر کی طرفداری کرتے نظر آ رہے ہیں جبکہ آپ میرے طریقۂ تدریس سے متفق و مطمئن تھے"۔ اتالیق نے کھوجتی ہوئی نگاہوں سے احمر کے ارادوں کو بھانپنے کی کوشش کی۔
"جی سر میں بالکل خیریت سے ہوں اور ابھی میں چلتا ہوں میرے لیکچر کا وقت ہوا چاہتا ہے"۔ احمر نے وہاں سے جانے میں ہی اپنی عافیت سمجھی۔
احمر گھبرائے ہوئے انداز میں اتالیق کو خدا حافظ کہہ کر لیب سے نکل گیا۔
اور وہ اسے جاتا ہوا دیکھ کر مسکرا رہے تھے۔ آخر کو وہ اس کے استاد تھے!