1. ہوم
  2. افسانہ
  3. تابندہ جبین
  4. ایک تھے رحمان بھائی
Tabinda Jabeen

ایک تھے رحمان بھائی

رحمان بھائی محلے کے ہر شخص کے کام آنے والے انسان تھے۔ انہیں تو کبھی اپنا ہوش بھی نہیں رہتا تھا کہ انہوں نے کھانا کھایا ہے یا نہیں۔ وہ دن رات لوگوں کی مدد میں مصروف رہتے تھے۔

محلے میں کوئی بھی آ کر کہتا، "رحمان بھائی! میری موٹر سائیکل خراب ہوگئی ہے، ذرا ٹھیک کروا دیجیے گا"۔

رحمان بھائی فوراً حاضر ہو جاتے اور موٹر سائیکل ٹھیک کروا کر لے آتے۔

کبھی کوئی کہتا، "رحمان بھائی! میرے بچے کو اسپتال لے جانا ہے، ذرا ساتھ چل دیجیے"۔ تو وہ فوراً اس بچے کو ڈاکٹر کے پاس لے جانے کے لیے تیار ہو جاتے۔

ایک دن محلے کی ایک خاتون کی بیٹی، انیلا، یونیورسٹی سے گھر واپس نہیں آئی۔ اس کی والدہ پریشانی کے عالم میں بھاگتی ہوئی رحمان بھائی کے پاس پہنچیں اور کہنے لگیں:

"رحمان بھائی! انیلا ابھی تک گھر نہیں آئی۔ ذرا جا کر دیکھیں تو سہی کہ کہاں رہ گئی ہے"۔

رحمان بھائی نے فوراً جواب دیا، "بہن! آپ پریشان نہ ہوں، میں ابھی جا کر دیکھتا ہوں"۔

وہ فوراً یونیورسٹی پہنچے اور انیلا کے بارے میں دریافت کیا۔ معلوم ہوا کہ انیلا اپنی ایک دوست کے گھر چلی گئی ہے۔

رحمان بھائی واپس آئے اور ساری بات انیلا کی والدہ کو بتا دی۔ لیکن پھر کچھ یوں ہوا کہ ایک رات رحمان بھائی کے چھوٹے بیٹے کے پیٹ میں شدید درد اٹھا۔ انہیں شک ہوا کہ شاید اپینڈکس کا درد ہے۔

رحمان بھائی گھبرائے ہوئے گلی میں نکلے اور اپنے پڑوسی عبداللہ کا دروازہ زور زور سے کھٹکھٹانے لگے۔

"عبداللہ! عبداللہ! میری مدد کرو، میرے بیٹے کی طبیعت بہت خراب ہے۔ اسے اسپتال لے جانا ہے"۔

عبداللہ نے نیند میں ڈوبی ہوئی آواز میں جواب دیا: "ارے رحمان بھائی! ابھی تو رات کے ساڑھے تین بج رہے ہیں۔ صبح ہو جائے تو لے چلیں گے۔ پریشان نہ ہوں، بچہ ہے، شاید کچھ کھا لیا ہوگا جس کی وجہ سے پیٹ میں درد ہو رہا ہے"۔

یہ کہہ کر عبداللہ نے دروازہ بند کیا اور دوبارہ سو گیا۔

رحمان بھائی مایوس ہو کر سامنے والے گھر پہنچے اور آواز دی: "عذرا بہن! ذرا میری مدد کر دیجیے۔ میرے بیٹے کے پیٹ میں بہت درد ہے۔ اسے اسپتال لے جانا ہے، آپ اپنی گاڑی نکال دیجیے"۔

مگر عذرا بہن نے بھی وہی جواب دیا: "ارے رحمان بھائی! بچہ ہے، کچھ کھا لیا ہوگا۔ صبح ہوتی ہے تو لے چلیں گے۔ ابھی اتنی رات گئے کون گاڑی نکالے؟"

اب رحمان بھائی کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ انہوں نے اپنے بیٹے کو موٹر سائیکل پر بٹھایا، چادر سے اپنے ساتھ مضبوطی سے باندھا اور اسپتال کی طرف روانہ ہو گئے۔

اس رات کے بعد رحمان بھائی بدل گئے۔ انہوں نے لوگوں کے کام آنا اور ان کی مدد کرنا چھوڑ دی۔

یہ واقعہ پورے محلے میں مشہور ہوگیا۔ لیکن افسوس! اب وہی لوگ رحمان بھائی کو اچھا انسان نہیں سمجھتے تھے جن کے لیے وہ کبھی اپنی نیند، آرام اور ضروریات تک قربان کر دیا کرتے تھے۔

شاید انہیں رحمان بھائی کی اچھائی سے نہیں، بلکہ ان کی بے لوث مدد سے محبت تھی۔ کیونکہ جب تک رحمان بھائی ان کے کام آتے رہے، وہ سب کے لیے اچھے تھے، لیکن جس دن انہوں نے مدد کرنا چھوڑ دی، اسی دن وہ ان کی نظروں میں برے بن گئے۔ یہی تو ہمارے معاشرے کا المیہ ہے کہ لوگ آپ کی ذات سے نہیں، آپ کی افادیت سے محبت کرتے ہیں۔