1. ہوم
  2. کالمز
  3. محمد نسیم رنزوریار
  4. وہ شہر جہاں مردے حکومت کرتے تھے
Muhammad Naseem

وہ شہر جہاں مردے حکومت کرتے تھے

تاریخ ہمیشہ زندہ لوگوں کی کہانی نہیں سناتی، کبھی کبھی وہ مردوں کی حکومت کی کہانی بھی سناتی ہے۔ دنیا میں ایک ایسا شہر گزرا ہے جہاں تخت پر کوئی زندہ بادشاہ نہیں بیٹھتا تھا، جہاں فیصلے کسی زندہ حاکم کے دستخط سے نہیں، بلکہ ایک مردہ بادشاہ کے نام سے جاری ہوتے تھے۔ سننے میں یہ کسی خوفناک کہانی، کسی ڈراؤنی فلم یا کسی دیومالائی قصے کی طرح لگتا ہے، مگر تاریخ کی کتابوں میں یہ ایک سچا واقعہ ہے۔ یہ شہر تھا قدیم مصر کا دارالحکومت اور اس کی تہذیب، جہاں فرعون کو صرف بادشاہ نہیں، خدا سمجھا جاتا تھا۔

فرعون کے مرنے کے بعد بھی اس کی حکومت ختم نہیں ہوتی تھی۔ مصریوں کا عقیدہ تھا کہ فرعون مرتا نہیں، وہ صرف ایک دنیا سے دوسری دنیا میں منتقل ہوتا ہے اور وہیں سے اپنی رعایا پر حکومت کرتا رہتا ہے۔ اسی لیے فرعون کی لاش کو ممی بنایا جاتا تھا، اسے سونے کے تابوت میں رکھا جاتا تھا، اس کے ساتھ کھانا، زیور، ہتھیار، نوکر اور یہاں تک کہ کشتیاں بھی دفن کی جاتی تھیں، تاکہ وہ دوسری دنیا میں بھی بادشاہ کی طرح رہے۔

ذرا سوچیے، ایک بادشاہ مر گیا، مگر اس کا دربار اب بھی قائم ہے، اس کے وزیر اب بھی اس کے نام پر حکم جاری کرتے ہیں، اس کے خزانے سے اب بھی خرچ ہوتا ہے، اس کے نام پر جنگیں لڑی جاتی ہیں، اس کے نام پر مندر بنتے ہیں اور رعایا اب بھی اسی کو اپنا بادشاہ مانتی ہے۔ یہی وہ شہر تھا جہاں مردے حکومت کرتے تھے۔ تاریخ دان بتاتے ہیں کہ مصر میں کئی فرعونوں کے مرنے کے بعد بھی برسوں تک ان کے نام کی مہریں چلتی رہیں۔ ان کے نام پر زمینیں تقسیم ہوتی رہیں، ان کے نام پر ٹیکس وصول ہوتا رہا، ان کے نام پر انصاف کے فیصلے ہوتے رہے۔ زندہ وزیر، زندہ کاہن، زندہ سپہ سالار، سب ایک مردہ بادشاہ کے غلام تھے۔ وہ کہتے تھے، فرعون کا حکم ہے، حالانکہ فرعون صدیوں پہلے مر چکا تھا۔

یہ صرف مصر کی کہانی نہیں ہے۔ چین کی تاریخ میں بھی ایک ایسا دور آیا جب بادشاہ مر گیا، مگر اس کی موت کو تین مہینے تک چھپایا گیا۔ اس کی لاش کو رتھ میں بٹھایا گیا، اس کے ساتھ بدبودار مچھلیاں رکھی گئیں تاکہ لاش کی بدبو محسوس نہ ہو اور پورے ملک میں یہ اعلان ہوتا رہا کہ بادشاہ زندہ ہے اور سفر پر ہے۔ اس کے نام پر احکام جاری ہوتے رہے، اس کے نام پر لوگوں کو سزائیں ملتی رہیں، اس کے نام پر تخت کے فیصلے ہوتے رہے۔ بادشاہ مر چکا تھا، مگر سلطنت ایک لاش کے سہارے چل رہی تھی۔ روم کی تاریخ میں بھی ایک عجیب واقعہ ملتا ہے۔ ایک بادشاہ کی لاش کو تخت پر بٹھایا گیا، اس کے ہاتھ میں عصا دیا گیا، اس کے سر پر تاج رکھا گیا اور دربار میں سب نے اسے سلام کیا۔ وہ لاش تھی، مگر پروٹوکول زندہ بادشاہ والا تھا۔

یورپ میں ایک اور حیران کن واقعہ ہوا۔ ایک پوپ مر گیا، مگر اس کی لاش کو عدالت میں کھڑا کیا گیا۔ اسے کٹہرے میں بٹھایا گیا، اس پر مقدمہ چلایا گیا، اس پر الزامات لگائے گئے اور پھر اسے سزا سنائی گئی۔ اسے تاریخ میں مردہ پوپ کا مقدمہ کہا جاتا ہے۔ سوچیے، ایک مردہ آدمی پر مقدمہ، ایک مردہ آدمی کو سزا، ایک مردہ آدمی کی لاش کو دریا میں پھینک دیا گیا۔ یہ سب اس لیے ہوا کیونکہ لوگ مردوں کے نام سے ڈرتے تھے، مردوں کے نام پر حکومت کرتے تھے، مردوں کے نام پر اپنا اقتدار بچاتے تھے۔ اصل سوال یہ ہے کہ مردے حکومت کیسے کرتے ہیں؟ جواب بہت سادہ اور بہت خوفناک ہے۔

مردے خود حکومت نہیں کرتے، زندہ لوگ مردوں کے نام پر حکومت کرتے ہیں۔ جب کوئی زندہ حکمران کمزور ہوتا ہے، جب اسے اپنی کرسی کا خوف ہوتا ہے، جب وہ عوام کو اپنے نام پر قائل نہیں کرسکتا، تو وہ کسی مردہ بزرگ، کسی مردہ بادشاہ، کسی مردہ پیر، کسی مردہ نظریے کے پیچھے چھپ جاتا ہے۔ وہ کہتا ہے، میں کچھ نہیں کہہ رہا، یہ تو ہمارے بڑوں کا حکم ہے، یہ تو ہمارے آباؤ اجداد کی روایت ہے، یہ تو ہمارے فرعون کا فرمان ہے۔ یوں مردے کا نام ایک ڈھال بن جاتا ہے، ایک تلوار بن جاتا ہے، ایک تخت بن جاتا ہے۔ آج بھی دنیا کے کئی شہروں میں یہی ہو رہا ہے۔ کئی جگہوں پر مردہ لیڈروں کے نام پر پارٹیاں چل رہی ہیں، مردہ بادشاہوں کے نام پر جھگڑے ہو رہے ہیں، مردہ نظریات کے نام پر نئی نسل کو قید کیا جا رہا ہے۔ لوگ زندہ مسائل پر بات نہیں کرتے، وہ مردہ تاریخ کی قبر پر بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں۔ وہ شہر جہاں مردے حکومت کرتے تھے، وہ صرف مصر نہیں تھا، وہ ہر وہ شہر ہے جہاں زندہ لوگ سوچنا چھوڑ دیتے ہیں اور مردوں کے نام پر جینا شروع کردیتے ہیں۔

تاریخ کا سب سے بڑا سبق یہی ہے کہ قومیں اس وقت برباد ہوتی ہیں جب وہ مردوں کی حکومت کو قبول کرلیتی ہیں اور قومیں اس وقت ترقی کرتی ہیں جب وہ مردوں سے سبق لے کر زندہ لوگوں کے لیے فیصلہ کرتی ہیں۔ فرعون مر گیا، اس کا تخت ٹوٹ گیا، اس کے اہرام آج بھی کھڑے ہیں، مگر اس کی حکومت ختم ہوگئی۔ اہرام ہمیں یہ بتاتے ہیں کہ پتھر کی عمارتیں ہزاروں سال رہ سکتی ہیں، مگر مردوں کی حکومت ہمیشہ نہیں رہتی۔ اصل حکومت زندہ سوچ کی ہوتی ہے، زندہ کردار کی ہوتی ہے، زندہ انصاف کی ہوتی ہے۔ اگر ہم نے آج بھی مردوں کے نام پر جینا ہے، تو کل ہماری نسلیں بھی ہمارے نام پر اسی طرح حکومت کریں گی اور وہ بھی کہیں گی کہ یہ وہ شہر تھا جہاں مردے حکومت کرتے تھے۔