قبائلی تاریخ میں بعض خاندان اور شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو محض اپنے عہد تک محدود نہیں رہتیں بلکہ نسل در نسل اپنی خدمات، کردار اور روایات کے ذریعے تاریخ کا حصہ بن جاتی ہیں۔ اچکزئی ذیلی شاخ عشے زئی قبیلے کی تاریخ میں مرحوم ملک حاجی افضل خان اچکزئی کا نام انہی درخشاں شخصیات میں شمار ہوتا ہے۔ وہ ایک باوقار قبائلی، صاحبِ حیثیت سماجی رہنما و قبائلی رہنماءاور فطری طور پر غریب پرور انسان تھے۔ ان کا حجرہ نہ صرف قبیلے بلکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مہمانوں کے لیے کھلا رہتا تھا۔ جیسے حضرت قاضی ملا عبدالسلام باباؒ اچکزئی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی شامل تھیں۔
ان کے فیصلوں میں انصاف، ان کی گفتگو میں وقار اور ان کے عمل میں اخلاص نمایاں تھا۔ وہ قبائلی تنازعات کو حکمت، بردباری اور روایتی دانش کے ساتھ حل کرنے میں مہارت رکھتے تھے، جس کے باعث انہیں ہر طبقے میں احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ سماجی خدمت، مسافر نوازی اور ضرورت مندوں کی مدد ان کی زندگی کا مستقل حصہ تھی اور یہی اوصاف بعد میں ان کی اولاد کی تربیت میں بھی منتقل ہوئے۔
مرحوم ملک حاجی افضل خان اچکزئی نے اپنے بیٹوں کو محض قبائلی حد تک نہیں بلکہ انسان دوستی، حق پسندی اور عوامی خدمت کا شعور دیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے بڑے صاحبزادے مرحوم ملک حاجی کرم خان اچکزئی اپنے وقت کے ایک ممتاز قبائلی، سماجی اور سیاسی رہنما بن کر سامنے آئے۔ مرحوم ملک حاجی کرم خان اچکزئی نے اپنے والد کی روایات کو صرف برقرار ہی نہیں رکھا بلکہ انہیں بدلتے ہوئے سیاسی اور سماجی حالات کے مطابق آگے بڑھایا۔ وہ ایک نڈر، بے باک اور اصول پسند شخصیت کے مالک تھے۔
1968 میں انہوں نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے نظریات سے متاثر ہو کر ان کی پیروی اختیار کی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ محض روایتی سیاسی قبائلی رہنماء نہیں بلکہ سیاسی شعور رکھنے والے رہنما بھی تھے۔ بعد ازاں 1972 میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرکے انہوں نے قومی سیاست میں ایک فعال کردار ادا کیا۔ اس دور میں ان کے روابط اور تعلقات خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی، ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید جیسے عظیم قومی رہنماؤں سے رہے۔ وہ ان شخصیات کے نہ صرف قریبی ساتھی بلکہ کئی مواقع پر ان کے قابلِ اعتماد مشیر اور دستِ راست سمجھے جاتے تھے۔
ملک حاجی کرم خان اچکزئی نے سیاست کو ذاتی مفاد کے بجائے عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا۔ قبائلی حقوق، پسماندہ طبقات کی آواز اور علاقائی مسائل کو ایوانوں تک پہنچانے میں انہوں نے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی جراتِ اظہار، حق گوئی اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کی روایت آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔
6 جنوری کو مرحوم ملک حاجی کرم خان اچکزئی کی وفات نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کو ایک عظیم قبائلی و سیاسی رہنما سے محروم کر دیا۔ تاہم ان کی وفات کے بعد بھی ان کا مشن اور خدمات ختم نہیں ہوئیں بلکہ ان کے جانشین اور بڑے صاحبزادے ملک عبدالسلام خان اچکزئی نے اس ذمہ داری کو بھرپور انداز میں سنبھالا۔ ملک عبدالسلام خان اچکزئی آج اپنے دادا اور والد کی قبائلی، سماجی اور سیاسی وراثت کے حقیقی امین کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ وہ ایک مدبر قبائلی رہنماء، مخلص سماجی رہنما اور نڈر سیاستدان ہیں جن کی شخصیت میں روایتی قبائلی وقار اور جدید سیاسی بصیرت یکجا نظر آتی ہے۔
ملک عبدالسلام خان اچکزئی علاقائی سطح پر تنازعات کے حل، سماجی ہم آہنگی کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا دروازہ آج بھی غریب، مجبور اور مظلوم کے لیے کھلا ہے۔ مہمان نوازی، مصلحت پسندی، بردباری اور حق گوئی ان کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ وہ نہ صرف اپنے قبیلے بلکہ پورے علاقے میں ایک قابلِ احترام اور قابلِ اعتماد شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
قومی اور علاقائی معاملات پر ان کا مؤقف ہمیشہ اصولی، عوام دوست اور دور اندیش رہا ہے، جس کی وجہ سے مختلف مکاتبِ فکر میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ یوں اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو مرحوم ملک حاجی افضل خان اچکزئی نے قبائلی وقار اور سماجی خدمت کی بنیاد رکھی، مرحوم ملک حاجی کرم خان اچکزئی نے اس بنیاد کو سیاسی شعور اور قومی جدوجہد سے مضبوط کیا اور آج ملک عبدالسلام خان اچکزئی اسی تسلسل کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھا رہے ہیں۔
یہ خاندان قبائلی تاریخ، سماجی اقدار، سیاسی بصیرت اور عوامی خدمت کی ایک روشن مثال ہے، جس کی خدمات نہ صرف علاقائی بلکہ قومی تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ایسی شخصیات اور خاندان ہی معاشروں کو استحکام، سمت اور امید فراہم کرتے ہیں اور ان کا ذکر آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنتا رہے گا۔ مرحوم ملک حاجی کرم خان اچکزئی کے صاحبزادوں میں جانشین ملک عبدالسلام خان اچکزئی عبدالرحیم اچکزئی عبدالرزاق بابو۔ ڈاکٹرعبدالرشید اچکزئی ایڈووکیٹ عزیزاللہ اچکزئی ایڈووکیٹ عبدالقیوم اچکزئی اور حافظ عبدالقادر شامل ہیں آج مرحوم ملک حاجی کرم خان اچکزئی کی پہلی برسی ملک ہاؤس گلدار باغیچہ میں احترام و عقیدت سے منائی جارہی ہے۔