معاشرہ، برداشت اور نوجوان یہ تین لفظ آج کے پاکستان کے سب سے بڑے سوال بن چکے ہیں، کیونکہ معاشرہ وہ درخت ہے جس کی جڑیں برداشت ہیں اور جس کے پھل نوجوان ہیں، اگر جڑیں کمزور ہو جائیں تو درخت سوکھ جاتا ہے اور اگر پھل کڑوے ہو جائیں تو باغ اجڑ جاتا ہے۔ آج ہمارا معاشرہ ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے جہاں ہر گلی، ہر محلہ، ہر اسکول، ہر یونیورسٹی، ہر دفتر اور ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر عدم برداشت کا زہر پھیل رہا ہے۔
ہم نے اختلاف کو دشمنی سمجھ لیا ہے، تنقید کو گالی سمجھ لیا ہے، سوال کو بغاوت سمجھ لیا ہے اور دوسرے کے عقیدے، مسلک، زبان، لباس اور رائے کو برداشت کرنے کے بجائے اسے مٹانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ یہی عدم برداشت ہمارے گھروں کو توڑ رہی ہے، ہمارے اداروں کو کمزور کر رہی ہے، ہماری سیاست کو گالی بنا رہی ہے اور ہمارے نوجوانوں کے ذہنوں کو نفرت کی آگ میں جھونک رہی ہے۔
برداشت کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ آپ اپنی رائے چھوڑ دیں، اپنا عقیدہ چھوڑ دیں، اپنا نظریہ چھوڑ دیں، برداشت کا مطلب صرف یہ ہے کہ دوسرے کو بھی اپنی رائے رکھنے کا حق دیں، دوسرے کی بات کو سننے کا حوصلہ رکھیں، دوسرے کے وجود کو تسلیم کریں اور اختلاف کے باوجود انسانیت کے رشتے کو قائم رکھیں۔ اسلام ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ صبر، محبت، انصاف اور ایک دوسرے کا احترام ہی حقیقی ایمان ہے اور ہمارے نبی کریم ﷺ نے طائف میں پتھر کھا کر بھی بددعا نہیں دی، بلکہ دعا دی، مکہ فتح کرکے بھی انتقام نہیں لیا، بلکہ معافی کا اعلان کیا، یہی برداشت کی معراج ہے، یہی اصل طاقت ہے۔
آج اگر ہم اپنے نوجوانوں کو یہی سبق نہ سکھائیں گے تو کل وہ اسی نفرت کے ساتھ بڑے ہوں گے اور نفرت کے ساتھ پلنے والی نسل کبھی ملک کو آگے نہیں لے جا سکتی۔ نوجوان پاکستان کا مستقبل نہیں بلکہ پاکستان کا حال ہیں، کیونکہ پاکستان کی ساٹھ فیصد سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہی نوجوان کل کے ڈاکٹر، انجینئر، استاد، صحافی، وکیل، افسر، سیاستدان اور لیڈر بنیں گے۔ سوال یہ ہے کہ ہم ان نوجوانوں کو کیا دے رہے ہیں، ہم انہیں تعلیم دے رہے ہیں یا ڈگریاں دے رہے ہیں، ہم انہیں ہنر دے رہے ہیں یا صرف رٹہ دے رہے ہیں، ہم انہیں امید دے رہے ہیں یا مایوسی دے رہے ہیں، ہم انہیں مکالمہ سکھا رہے ہیں یا گالی سکھا رہے ہیں، ہم انہیں سوشل میڈیا پر سچ سکھا رہے ہیں یا فیک نیوز سکھا رہے ہیں۔
آج کا نوجوان موبائل کی اسکرین پر دن رات بیٹھا ہے، وہ ٹک ٹاک، فیس بک، یوٹیوب اور انسٹاگرام پر نفرت کے کلپ دیکھ رہا ہے، وہ سیاسی لیڈروں کو ایک دوسرے کو گالیاں دیتے دیکھ رہا ہے، وہ مذہبی رہنماؤں کو ایک دوسرے کو کافر کہتے سن رہا ہے، وہ اپنے گھر میں ماں باپ کو لڑتے دیکھ رہا ہے، تو پھر وہ برداشت کہاں سے سیکھے گا۔ اس کا ذہن الجھ گیا ہے، اس کا دل سخت ہوگیا ہے، اس کی سوچ تنگ ہوگئی ہے، وہ جلدی غصہ کرتا ہے، وہ جلدی فیصلہ کرتا ہے، وہ جلدی ہتھیار اٹھاتا ہے، وہ جلدی الزام لگاتا ہے اور اسی جلد بازی نے ہمارے معاشرے کو عدم برداشت کا شکار بنا دیا ہے۔
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ نوجوان کو ڈانٹ کر نہیں، پیار سے سمجھایا جا سکتا ہے، نوجوان کو دبا کر نہیں، سن کر جیتا جا سکتا ہے، نوجوان کو پابندی لگا کر نہیں، موقع دے کر سنوارا جا سکتا ہے۔ اگر ہم نوجوان کو روزگار دیں گے تو وہ چوری نہیں کرے گا، اگر ہم اسے تعلیم دیں گے تو وہ جہالت نہیں پھیلائے گا، اگر ہم اسے کھیل کے میدان دیں گے تو وہ نفرت کے میدان میں نہیں جائے گا، اگر ہم اسے لائبریری دیں گے تو وہ موبائل کی لت سے بچ جائے گا، اگر ہم اسے استاد کا احترام سکھائیں گے تو وہ بڑوں کا احترام کرے گا اور اگر ہم اسے برداشت سکھائیں گے تو وہ پورے معاشرے کو جوڑ دے گا۔
معاشرے کی اصلاح کا آغاز گھر سے ہوتا ہے، ماں باپ کو چاہیے کہ وہ بچوں کے سامنے ایک دوسرے کا احترام کریں، بچوں کو سکھائیں کہ اختلاف ہو تو بات سے حل کریں، گالی سے نہیں، بچوں کو سکھائیں کہ دوسرے مسلک کا شخص بھی مسلمان ہے، دوسری زبان بولنے والا بھی پاکستانی ہے، دوسری رائے رکھنے والا بھی انسان ہے۔ اسکول اور مدرسے کو چاہیے کہ وہ بچوں کو صرف کتابیں نہ پڑھائیں بلکہ کردار پڑھائیں، انہیں مکالمے کی تربیت دیں، انہیں بحث و مباحثے کا مہذب طریقہ سکھائیں، انہیں بتائیں کہ تنقید دشمنی نہیں بلکہ محبت ہے۔
مسجد اور منبر کو چاہیے کہ وہ نفرت کے بجائے محبت کا درس دیں، فرقہ واریت کے بجائے امت کا درس دیں اور سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ ووٹ کے لیے نفرت کا کاروبار بند کریں، کیونکہ ان کی ایک گالی لاکھوں نوجوانوں کے ذہن میں زہر گھول دیتی ہے۔ میڈیا کو چاہیے کہ وہ ریٹنگ کے لیے جھگڑے نہ دکھائے، بلکہ صلح کی خبریں دکھائے، امن کی کہانیاں سنائے، نوجوانوں کی کامیابی کی مثالیں پیش کرے۔ منرل زمین میں ہے، امن مائنڈ میں ہے اور برداشت بھی اسی مائنڈ میں ہے جو سننے کا حوصلہ رکھتا ہے، جو معاف کرنے کا ظرف رکھتا ہے، جو اختلاف کے باوجود ساتھ چلنے کا عزم رکھتا ہے۔
آئیے آج عہد کریں کہ ہم اپنے معاشرے کو نفرت سے نہیں بلکہ برداشت سے چلائیں گے، اپنے نوجوانوں کو غصہ نہیں بلکہ صبر سکھائیں گے، اپنے گھر کو جھگڑے کا نہیں بلکہ محبت کا گہوارہ بنائیں گے اور اپنے پاکستان کو ایک ایسا معاشرہ بنائیں گے جہاں ہر زبان، ہر مسلک، ہر قوم اور ہر رائے کا احترام ہو، کیونکہ جس معاشرے میں برداشت ہوگی، وہیں نوجوان ترقی کریں گے، وہیں امن ہوگا، وہیں خوشحالی ہوگی اور وہیں پاکستان بچے گا اور آگے بڑھے گا۔