"او مائی گاڈ! شی ہیز ڈن اٹ۔ وہ رہ نہ سکی۔۔ " شہباز پر سکتہ طاری تھا مگر اس کا ذہن تیزی سے سوچ رہا تھا۔ اس سکتے کی وجہ ایک انگریزی روزنامہ تھا جو اس کے سامنے پڑا تھا۔ اس کے تیسرے صفحے پر ایک خبر تھی۔۔ ملک کے دو مشہور بزنسمین ٹریفک کے حادثے میں جاں بحق! ایک افضال تھا اور دوسرا اشرف ملک۔۔ غزالہ کا شوہر۔ دونوں کسی پہاڑی مقام سے واپس گھر لوٹ رہے تھے۔ گاڑی تیز رفتاری کے سبب بےقابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
"غزالہ نے مجھ سے جھوٹ بولا! باز نہیں آئی۔۔ کر ہی دیا دو بےگناہوں کو قتل۔ کتنی خطرناک عورت ہے یہ۔ کسی دن میرے ساتھ بھی ایسا کر سکتی ہے! مجھے اس سے دور رہنا چاہیے!" یہ سوچ اس کے ذہن میں نہ چاہتے ہوئے بھی پیدا ہو چکی تھی۔ وہ اسے رد کرنا چاہتا تھا۔۔ ایک دوسری سوچ سے۔۔ " غزالہ نے انہیں ٹھکانے لگایا بھی تو کس کی خاطر؟ اسی کی خاطر۔۔ شہباز کی خاطر! کہیں ایسا تو نہیں غزالہ کو ان دونوں کی موت سے بہت کچھ پیسہ ملنا ہو۔۔ ممکن ہے انشورنس کی مد میں اور اسی لئے اس نے دولت کے لئے یہ کام کیا ہو؟ نہیں ایسا نہیں ہو سکتا۔ اس کے پاس پہلے ہی بہت پیسہ تھا اور وہ تو سوشل بھی نہ تھی۔ تنہائی پسند لوگوں کو پیسے کی ہوس نہیں ہوتی۔ یقیناً اس نے یہ کام میری خاطر ہی کیا ہے!"
یہ سوچتے سوچتے اس کے ذہن میں خیال آیا کہ اسے غزالہ کے پاس جانا چاہیے۔۔ بغیر فون کیے! دس منٹ بعد وہ غزالہ کی گلی کی مین سڑک پر تھا۔ چار جدید اسلحے سے لیس کمانڈوز گلی کے نکڑ پر مستعد کھڑے تھے۔ انہوں نے بہت تمیز کے ساتھ اسے بتایا کہ کئی بڑی شخصیات تعزیت کے لئے آئی ہوئیں ہیں۔ وہ ایک گھنٹے بعد آئے۔ کوئی چارہ نہ تھا۔ شہباز سمجھ سکتا تھا۔ غزالہ اور افضال اثر و رسوخ والے لوگ تھے۔ سب بڑے لوگوں کی وڈیوز تھیں ان کے پاس۔ ایک گھنٹے بعد گلی عام لوگوں کے لئے کھلی تھی۔ بہت سارے لوگ آئے ہوئے تھے۔ لاؤنج سے فرنیچر ہٹا کر قالین پر سفید چادریں بچھا دی گئی تھیں۔ غزالہ سفید کپڑوں میں سفید دوپٹے میں تھی۔ اس کی آنکھیں سوجی ہوئی تھیں۔۔ جیسے آنسوؤں کا سیلاب ان سے گزر کر تھم گیا ہو۔ اسکے دائیں اور بائیں جانب دو خوبصورت بچے موجود تھے۔۔ چار پانچ برس کے۔ دونوں میں سال بھر سے زیادہ کا فرق نہ ہوگا۔ انہیں دیکھتے ہی شہباز کو اچھی طرح اندازہ ہوگیا کہ دونوں غزالہ ہی کے بیٹے ہیں۔ ان کی شکلیں بالکل اپنے باپ پر گئی تھیں۔۔ افضال پر۔ وہ حیران تھا مماثلت پر۔
شہباز کو دیکھتے ہی وہ کھڑی ہوگئی۔ بچے بیٹھے رہے۔ اسنے چوڑی دار پاجامہ پہن رکھا تھا۔ حالت سوگ میں بھی اس کے چہرے پر دلکش حزن برس رہا تھا۔ وہ واقعی دل شکستہ لگ رہی تھی۔ اسے دیکھ کر یہ تصور کرنا بھی مشکل تھا کہ یہ عورت دہرے قتل کی مرتکب ہو سکتی تھی۔ یا اس قسم کے خوفناک جرم کی پلاننگ کر سکتی تھی۔
غزالہ سیڑھیوں کی جانب بڑھ رہی تھی۔ وہ چال میں چھپا اشارہ سمجھ چکا تھا۔ وہ اب اس کے پیچھے پیچھے ہو لیا۔ غزالہ اپنے بیڈروم میں داخل ہو چکی تھی۔ وہ بھی اب وہیں تھا۔
"تم نے مجھے دھوکہ دیا۔ کیوں کیا ایسا؟ تم نے تو یقین دلایا تھا کہ تم اس سوچ کو ختم کر چکی ہو۔۔ پھر بھی۔۔ آج تم میری نظروں سے گر چکی ہو۔ میرے دل سے اتر چکی ہو۔ میں کوس رہا ہوں اس دن کو جب تم سے ملنے چلا آیا۔ اس دوہرے قتل کو میں روک سکتا تھا۔ لیکن میں نے کچھ نہ کیا۔ مجھے دکھ ہے خاموش رہنے کا۔ مجھے افضال کو تمہارے ارادوں سے باخبر کر دینا چاہیے تھا۔ تمہیں شرم نہ آئی۔۔ اس بھائی کو قتل کروا دیا جو تمہارے پیار میں اتنا اندھا ہو چکا تھا کہ اپنا گھر بھی نہ بسا سکا! وہ تمہارے بچوں کا باپ بھی تھا۔۔ "
"کیسا دھوکہ؟ کیا کر دیا میں نے؟ تم نے تو افسوس تک نہ کیا انکی موت کا اور یوں ہی بے تکان بولنا شروع کر دیا۔ یہ کوئی طریقہ ہے؟ غزالہ اسکی بات کاٹ کر شکوہ کرنے لگی۔
"تم نے کیا ہے یہ سب کچھ۔۔ پورا پلان کرکے! اچھی طرح سوچ سمجھ کر۔ میں کہتا ہوں زبردست طریقے سے کیا! تمہیں تو کوئی پروفیشنل سیریل کلر ہونا چاہیے۔ کتنی مہارت سے کیا۔ قتل کا شک تک بھی نہ ہوگا۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کا باپ ہو یا شرلاک ہومز کا۔۔ کوئی بھی اس قتل کی تہہ تک نہیں پہنچ سکے گا اور کیسے پہنچے گا؟ قتل تو ہے ہی نہیں سرے سے۔ ٹریفک ایکسیڈنٹ ہے! گاڑی کی بریکیں فیل کر دی ہونگی۔ بریک آئل سلنڈر ڈھیلا کر دیا ہوگا۔ وہیل لوز کر دیا ہوگا۔ سو چیزیں پڑی ہیں یوٹیوب پر۔ دیکھ کر کر دیا ہوگا کچھ اور گاڑی کھائی میں جا گری اور دونوں مر گئے۔۔ "
"ہاں لوگ بچ بھی جاتے ہیں۔ وہ فوراً کیوں مر گئے؟ میں یہ سب کرنے کے بعد یہاں سے چشم زدن میں ایک چھلانگ مار کر کھائی میں اتر بھی گئی اور انہیں گلا گھونٹ کر مار بھی دیا۔ یہ کیوں نہیں کہتے؟ فلمیں کم دیکھا کرو۔ ہر وقت فلمی مناظر تمہاری آنکھوں میں گھومتے رہتے ہیں۔ تمہاری اطلاع کے لئے عرض ہے یہ دوسری بار ہوا۔ افضال کو پرانی عادت تھی پی کر گاڑی چلانے کی۔ تین برس پہلے اسی طرح ایک برانڈ نیو گاڑی کھائی میں گرا چکا تھا۔۔ "
"اچھا تو جو تجربہ پہلی کوشش میں ناکام ہوا وہی دوسری کوشش میں کامیاب ہوگیا۔ بہت بہت مبارک ہو! واہ بھئی واہ غزالہ بیگم۔ تم تو ایک عظیم ساحرہ ہو"۔ شہباز طنزیہ لہجے میں بولا۔
"ایک منٹ۔۔ " غزالہ یہ کہہ کر بیڈروم کی الماری کی طرف بڑھی۔ اس کے ہاتھ میں ایک فائل تھی۔ اس فائل سے اس نے ایک کاغذ نکال کر شہباز کے ہاتھ میں دیا۔ اس کاغذ پر کسی اخبار کا تراشا چسپاں تھا۔ قریب تین برس ہی پرانی خبر تھی۔ ایک گاڑی کے کھائی میں گرنے کی۔ گاڑی مکمل تباہ ہو چکی تھی۔ ائر بیگ کی وجہ سے ڈرائیور اور اسکی بیوی معجزاتی طور پر بچ گئے۔ کسی کو خراش تک نہ آئی۔ ڈرائیور کا نام افضال تھا اور بیوی کا غزالہ!
شہباز ایک نظر تراشے پر ڈالتا۔ پھر غیر یقینی کی کیفیت میں دوسری نظر غزالہ پر۔ اب غزالہ کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ اتنے میں دونوں بچے بیڈروم تک پہنچ چکے تھے۔ ماں کو روتے دیکھ کر اس کے ساتھ لپٹ گئے۔ ان دونوں کے سر پر ہاتھ رکھتے غزالہ نے شہباز سے بس ایک ہی جملہ کہا اور کہنے کے بعد واپس لاؤنج میں چلی گئی۔
"کائنات میں سب سے بڑھ کر مجھے یہ دونوں بچے عزیز ہیں۔ ان کی قسم میں نے یہ نہیں کیا۔ رب ہماری سن چکا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم ایک ہو جائیں۔۔ ہمیشہ کے لئے۔ قدرت کو یہ ہی منظور تھا۔ دعا کا وقت ہو چکا ہے۔ تم بھی آ جاؤ نیچے!"
اخبار کا تراشہ وہ شہباز کے ہاتھ میں ہی چھوڑ گئی۔ اب وہ اسے دوبارہ پڑھ رہا تھا۔۔ محض یہ امر یقین بنانے کے لئے کہ کہیں وہ کوئی خواب تو نہیں دیکھ رہا! جو کچھ ہوا وہ جیتی جاتی حقیقت تھی۔ مسئلہ یہ تھا کہ اس کے خواب اکثر حقیقت سے بھی کہیں زیادہ سچے ثابت ہو جایا کرتے تھے!
جاری ہے۔۔