1. ہوم
  2. افسانہ
  3. محمد شہزاد
  4. پراسرار عورت (6)
Mohammad Shehzad

پراسرار عورت (6)

"تم ایک پہیلی ہو غزالہ! میں تم سے جتنا زیادہ ملتا ہوں اتنا ہی اس پہیلی کی بھول بھلیوں میں گم ہوتا جاتا ہوں"۔ شہباز نے کہا۔

"اگر میں تمہاری بیوی ہوتی تو تم میرے بارے میں کہتے کہ انتہائی بےوقوف عورت ہے!" غزالہ نے ہنستے ہنستے کہا۔ آج دونوں ایک بار پھر شام کے اجالے میں باہر نکلے تھے۔ وہ ایک کشتی میں تھے۔ ناؤ ایک حسین جھیل میں تھی۔ شہباز چپو چلا رہا تھا۔

کشتی اب کنارے سے بہت دور آ چکی تھی۔ جھیل بہت بڑی تھی۔ سمندر کا گمان دیتی تھی۔

"تم بہت سی باتیں ادھوری چھوڑ دیتی ہو۔ آج انکے بارے میں بات کریں؟" شہباز نے پوچھا۔

"میں نے زندگی میں کبھی کچھ مکمل نہ کیا۔ سب کچھ ادھورا ہی چھوڑ دیا!"

"پھر فلسفہ!" شہباز نے کہا۔

"چلو پوچھو اپنے تمام ادھورے سوالات۔۔ "

"کس کس کی فلمیں ہیں تمہارے پاس؟"

"ہر اس ایکٹر یا ایکٹریس کی جو مجھے پسند ہے"۔

"میں اس قسم کی فلموں کی بات نہیں کر رہا۔۔ "

"پھر کن فلموں کی بات کر رہے ہو؟"

"اتنی معصوم نہ بنو۔ وہ والی فلم۔۔ میری تمہاری فلم۔۔ "

"ہر نام والے کی فلم ہے میرے پاس۔ تمہیں بتا دیا تو حیرت سے پتھر کے بت بن جاؤ گے"۔

"چند ایک نام تو بتاؤ نا یار؟" شہباز نے زور دیکر کہا۔

"میں شریف زادی نہیں جو دوسروں کی عزت اچھالوں!"

"کیا مطلب؟" یہ بات سنکر شہباز پھر حیران ہوگیا۔

"بھئی یہ کام تم شریف، عزت دار لوگ کرتے ہو۔ غیبت، برائیاں، ایک دوسرے کے راز افشاء کرنا۔ تمہارا تو یہ پیشہ ہے جسے جرنلزم کہتے ہیں مہذب زبان میں!" غزالہ کی بات کے جواب میں شہباز کے پاس سوائے خاموشی اور اعتراف کے اور کچھ نہ تھا۔

"تم اداس کیوں ہو گئے؟ کیا اس لئے کہ میں نے تمہاری مخبر یا سورس بننے سے انکار کر دیا؟"

"نہیں اس بات نے اداس نہیں کیا۔ لیکن دکھ کسی اور بات کا ہے۔۔ "

"کس بات کا؟"

"چھوڑو!"

"بتاؤ نا۔۔ کس بات کا دکھ ہے؟" غزالہ اصرار کرنے لگی۔

"کچھ نہیں یار۔ ہر بات کا جواب نہیں ہوتا"۔ شہباز نے قدرے سختی سے کہا۔

"اچھا نہ بتاؤ لیکن مجھے پتہ ہے۔۔ "

"پتہ ہے تو پھر پوچھ کیوں رہی ہو بار بار زور دے کر۔۔ اچھا بتاؤ کیا ہے۔ میں بھی تو جانوں کتنا علم غیب ہے تمہارے پاس!" شہباز نے کہا۔

"تم ایک ٹپیکل مرد کی طرح یہ سوچ رہے ہو کہ غزالہ کتنے بڑے آدمیوں کے ساتھ سوئی ہوگی۔ کون کون ہونگے وہ۔ یہ ہی سوچ رہے تھے نا؟"

"ہاں۔ تمہیں کیسے علم ہوا؟"

"میں تمہارا دل و دماغ دونوں پڑھ سکتی ہوں!"

"تم مجھ سے شادی کیوں نہیں کر سکتیں؟

"تم پاگل ہو کیا؟ میں ایک شادی شدہ عورت ہوں۔ میرے دو بیٹے ہیں۔ اگر میں غیر شادی شدہ ہوتی تو یقین مانو تمہارے ساتھ بھاگ کر شادی کر لیتی!"

"تو اب بھاگ جاؤ نا!"

"بھاگ جاتی ہوں پہلے میرے شوہر اور افضال کو مرنے دو!"

"یہ بھی کوئی بات ہوئی بھلا؟ اگر وہ اگلے بیس برس نہ مرے تو؟"

"تو پھر مار دو ان دونوں کو!"

"کیا؟ کیا کہا تم نے؟" شہباز کو اپنی سماعت پر یقین نہ آیا۔

"تم کیسے صحافی ہو؟ بات کو غور سے نہیں سنتے! سنتے ہو تو سمجھتے نہیں ہو! میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ مجھے وہ لوگ پسند نہیں جو بات کو دھراتے ہیں۔ میں خود بات کو دہرانا پسند نہیں کرتی۔ اب تم غور و فکر کرو اس پر جو میں نے کہا۔ میرا جی تیرنے کو کر رہا ہے"۔ یہ کہہ کر غزالہ نے جھیل میں چھلانگ لگا دی۔ وہ مہارت سے فری سٹائل میں تیرتی تیرتی اسکی آنکھوں سے دور ہوتی جا رہی تھی۔ "یہ عورت کہیں پاگل تو نہیں؟" وہ سوچ رہا تھا!

جاری ہے۔۔