تم بغاوت نہ شعلہ نوائی لکھو
جو کہا جائے وہ میرے بھائی لکھو
کرکے نیلام اپنے یہ کاغذ قلم
جگ ہنسائی کو بھی پارسائی لکھو
جن غریبوں پہ شب خون مارا گیا
ان کی چیخوں کو نغمہ سرائی لکھو
روز مقتل سے لاشے اٹھاتے رہو
اور قاتل کی مدحت سرائی لکھو
زیرِ شمشیر گردن جھکائے رہو
قتل کو اپنے حکمِ خدائی لکھو
بیٹھ کر گھر میں گریہ کرو رات بھر
صبح حاکم کے حق میں ربائی لکھو
اپنے دیکھے کو سمجھو نظر کا فریب
جسمِ عریاں کو برگِ حنائی لکھو
ہیں جو ناموس و عزت کے دشمن یہاں
ان کی تقصیر کو کج ادائی لکھو
منصفو حرفِ حق ہی لکھے گا کھرل
تم اسیری لکھو یا رہائی لکھو