1. ہوم
  2. کالمز
  3. سعدیہ بشیر
  4. کھیل ہی کھیل میں
Saadia Bashir

کھیل ہی کھیل میں

جنگل میں ایک کھیل صدیوں سے کھیلا جا رہا تھا۔ اس کھیل کے قواعد بھی عجیب تھے۔ اختیار جنگل کے نروں کے پاس تھا۔ فیصلے بھی وہی کرتے تھے۔ مگر ان فیصلوں کی قیمت ہمیشہ ماداؤں کو ادا کرنا پڑتی تھی۔ جنگل کے نر جب چاہتے شکار پر نکلتے۔ جب چاہتے آپس میں لڑتے۔ اپنی طاقت آزماتے اور کبھی کھیل ہی کھیل میں کسی کی جان بھی لے لیتے۔ ایسے واقعات کو حادثہ قرار دے کر قصہ ختم کر دیا جاتا۔ مگر کوئی مادہ ذرا دیر سے گھونسلے میں لوٹتی، بچوں کی دیکھ بھال میں کوتاہی ہو جاتی یا کسی حکم سے انکار کر دیتی تو پورا جنگل اس کے کردار اور تربیت کا محاسبہ کرنے بیٹھ جاتا۔

یہ کھیل محض تفریح نہیں، جنگل کا پورا نظام تھا۔ اس نظام نے ہر مادہ کے لیے ایک مخصوص دائرہ کھینچ رکھا تھا۔ گھونسلہ، خوراک، بچے اور نر کی خدمت۔ اس دائرے سے باہر اس کی کوئی خواہش، کوئی شناخت اور کوئی خواب قابلِ قبول نہ تھا۔ اسے ایک ایسی مفت کی خادمہ درکار تھی جو وقت پر خوراک تیار کرے، بچے پیدا کرے، ان کی پرورش کرے اور اپنی ذات کو بھول کر گھونسلے کی مشین بنی رہے۔ بچے جنم دیتے ہوئے اس کی جان بھی چلی جائے تو جنگل کا نظام نہیں بدلنا چاہیے، البتہ وہ اپنی زندگی پر اختیار مانگ لے تو یہ جنگل کی روایتوں سے بغاوت ہے۔

صدیاں گزر گئیں، درختوں کی نسلیں بدل گئیں، مگر جنگل کے قوانین نہ بدلے۔ مادہ کی محنت اس کا فطری فرض، اس کی قربانی اس کی ذمہ داری اور اس کی خاموشی اس کی شرافت قرار پائی۔ اس کے برعکس اس کا انکار نر کی غیرت پر حملہ اور اس کی خودمختاری پورے جنگل کی عزت کے لیے خطرہ بن گئی۔ وہ اپنی پسند کا ساتھی چن لے تو جنگل کے محافظ اس کے تعاقب میں نکل پڑتے۔ اس کے کردار پر کیچڑ اچھالا جاتا اور پنچایت میں اس کے خلاف فیصلے ہونے لگتے۔ مگر یہی پنچایت آٹھ سالہ معصوم چڑیا کو اسی سال کے بوڑھے گدھ کے گھونسلے میں بھیجنے کا فیصلہ نہایت اطمینان سے کر لیتی ہے۔ وہاں کسی کو اس کی عمر، اس کی مرضی اور اس کے چھن جانے والے بچپن کی فکر نہیں ہوتی۔

جنگل کے بزرگ سر جوڑ کر بیٹھتے ہیں۔ روایتوں کی مہر لگاتے ہیں۔ فتویٰ دیتے ہیں اور ایک معصوم پرندے کی پوری زندگی کا فیصلہ کر دیتے ہیں۔ جنگل میں کسی مادہ کو کبھی یہ حق بھی نہیں دیا جاتا کہ وہ اپنے گھونسلے کے بارے میں کوئی فیصلہ خود کر سکے۔ اس کے لیے آشیانہ بھی دوسرے منتخب کرتے ہیں اور پرواز کی سمت بھی۔ جو پرندہ ساری عمر دوسروں کے لیے تنکے جمع کرتا رہے، اس کے اپنے خوابوں کا گھونسلہ آخر کہاں تعمیر ہو؟ کسی روز جنگل میں کوئی نر کھیل ہی کھیل میں پستول چلاتا ہے، پھندا لگاتا ہے، حواریوں کے ہاتھ لہو سے تر کرواتا ہے۔ کسی کی جان چلی جاتی ہے اور شکاری اسے محض ایک حادثہ قرار دے دیتے ہیں۔

کھیل ہی کھیل میں ایک یونیورسٹی میں طالبات اور ان کی ماؤں کو دھکے دیے جاتے ہیں۔ جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ گویا نر کی لغزش کھیل ہے، مگر مادہ کا انکار جنگل کے امن کے خلاف جرم۔ سوال یہ ہے کہ یہ کھیل ہمیشہ مادہ ہی کے ساتھ کیوں کھیلا جاتا ہے؟ اس کے قواعد نر بناتے ہیں، فیصلے نر کرتے ہیں، اس کی پرواز کی حد نر مقرر کرتے ہیں، مگر اس کھیل کی قیمت اسے اپنے پر، اپنے خواب اور کبھی اپنی جان دے کر چکانا پڑتی ہے۔

شاید جنگل کا اصل خوف مادہ کا گھونسلے سے نکلنا نہیں، بلکہ اس کا اپنے پروں کی طاقت پہچان لینا ہے۔ کیونکہ جس روز اسے احساس ہوگیا کہ آسمان پر صرف نروں کی اجارہ داری نہیں، جس روز اس نے اپنے لیے خود پرواز کا راستہ چن لیا، اسی روز جنگل کے صدیوں پرانے قوانین کی بنیادیں ہلنے لگیں گی۔ یاد رہے، کوئی جنگل صرف اس لیے مہذب نہیں ہو جاتا کہ اس کے نر طاقتور ہیں، اس کی پنچایتیں بااختیار ہیں یا اس کے قوانین بہت قدیم ہیں۔ جنگل کی تہذیب تو اس دن ثابت ہوگی جب وہاں کسی مادہ کو اپنے وجود، اپنی مرضی اور اپنی بقا کے لیے کسی نر کی اجازت درکار نہیں ہوگی۔

شاید اس پورے کھیل کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ عورت کو غلام رکھنے والے اسے روایت کہتے ہیں۔ اس کی آواز دبانے والے اسے غیرت کہتے ہیں اور اس کی آزادی چھیننے والے اسے معاشرتی نظام کا تحفظ قرار دیتے ہیں، مگر آخر کب تک؟ اور کب تک یہ سب کچھ کھیل ہی کھیل میں ہوتا رہے گا؟ یہ کیسا کھیل ہے جس کے کھلاڑی بھی وہی ہیں، قواعد بھی ان کے اپنے ہیں، فیصلے بھی انہی کے ہیں، مگر ہر بار شکست کا بوجھ مادہ کے حصے میں آتا ہے اور پھر جنگل کے بزرگ بڑے اطمینان سے کہتے ہیں۔ ارے بھئی! یہ سب تو کھیل ہی کھیل میں ہوگیا۔

کھیل ہی کھیل میں روپ دھارے گئے
کھیل ہی کھیل میں ہم تو وارے گئے

چاند لانے کی باتیں پرانی ہوئیں
کھیل ہی کھیل میں ٹوٹ تارے گئے