1. ہوم
  2. کالمز
  3. فرحت عباس شاہ
  4. جھنگ: محبت، تصوف، ادب اور مزاحمت کی دھرتی
Farhat Abbas Shah

جھنگ: محبت، تصوف، ادب اور مزاحمت کی دھرتی

جھنگ صرف پنجاب کا ایک قدیم ضلع یا نقشے پر موجود ایک شہر کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسی تہذیبی، روحانی، ادبی اور ثقافتی شناخت کا نام ہے جس کی مٹی میں صدیوں کی تاریخ، محبت کی داستانیں، تصوف کی خوشبو، علم کی روشنی اور مزاحمت کی روح بستی ہے۔ دریائے چناب کے کنارے آباد یہ سرزمین اپنے اندر ایسے رنگ سمیٹے ہوئے ہے جو اسے پنجاب کے دوسرے خطوں سے منفرد بناتے ہیں۔

جھنگ کی پہچان صرف اس کی جغرافیائی حدود تک محدود نہیں۔ یہ وہ دھرتی ہے جہاں ہیر اور رانجھا کی لازوال محبت نے لوک داستان کا روپ دھارا، جہاں صوفیائے کرام نے محبت، انسانیت اور معرفت کا پیغام عام کیا، جہاں شاعروں نے لفظوں کو احساس کی زبان دی اور جہاں علم نے ایسی شخصیات پیدا کیں جنہوں نے پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں اپنا نام روشن کیا۔

جھنگ کی مقامی بولی جھنگوچی اس خطے کی ثقافتی شناخت کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس لہجے میں پنجاب کی مٹھاس بھی ہے، دیہی زندگی کی سادگی بھی اور صدیوں کے تجربات کا درد بھی۔ جھنگوچی زبان جب محبت کا اظہار کرتی ہے تو اس میں اپنائیت محسوس ہوتی ہے، جب لوک داستان سناتی ہے تو دل کو چھو لیتی ہے اور جب اپنے حق کے لیے آواز بلند کرتی ہے تو اس میں مزاحمت کی گونج سنائی دیتی ہے۔

جھنگ کی ثقافت میں لوک موسیقی، ڈھولا، جھمر اور سمی جیسے روایتی رنگ بھی نمایاں ہیں، جو اس خطے کی اجتماعی زندگی اور عوامی مزاج کی عکاسی کرتے ہیں۔ جھنگ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی شناخت برصغیر کے عظیم صوفیاء اور روحانی شخصیات سے جڑی ہوئی ہے۔ حضرت شاہ جیونہؒ کی نسبت سے آباد شاہ جیونہ آج بھی روحانی عقیدت کا مرکز ہے۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق حضرت شاہ جیونہؒ نے جھنگ میں سکونت اختیار کی اور اسی نسبت سے یہ بستی شاہ جیونہ کے نام سے معروف ہوئی۔

اسی طرح حضرت سلطان باہوؒ کی درگاہ جھنگ کی روحانی شناخت کا ایک عظیم حوالہ ہے۔ سلطان باہوؒ صرف ایک صوفی بزرگ ہی نہیں بلکہ عظیم صوفی شاعر اور صاحبِ علم شخصیت تھے، جن کی تعلیمات میں عشقِ حقیقی، معرفت، انسان دوستی اور روحانی تربیت بنیادی موضوعات ہیں۔ ان کا مزار گڑھ مہاراجہ کے قریب دریائے چناب کے علاقے میں واقع ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جھنگ کی مٹی میں تصوف محض ایک تاریخی حوالہ نہیں بلکہ آج بھی ایک زندہ روحانی روایت کے طور پر محسوس ہوتا ہے۔

جھنگ کا نام آئے اور ہیر رانجھا کا ذکر نہ ہو، یہ ممکن نہیں۔ ہیر اور رانجھا کی داستان پنجاب کی سب سے معروف عشقیہ لوک داستانوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس داستان نے جھنگ کو محبت کی علامت بنا دیا۔ ہیر کے کردار میں محبت، وفا اور جرات ہے جبکہ رانجھا عشق، جدوجہد اور جدائی کی علامت بن کر سامنے آتا ہے وقت گزر گیا، نسلیں بدل گئیں، مگر ہیر رانجھا کی محبت آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ یہی وہ داستان ہے جس نے جھنگ کے نام کو پنجاب کی لوک روایت میں ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔

جھنگ صرف صوفیاء اور لوک داستانوں کی سرزمین نہیں، بلکہ جدید اردو ادب میں بھی اس کا مقام نمایاں ہے۔ رام ریاض اور شیر افضل جعفری کے نام اردو شاعری میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ جھنگ کی سب سے بڑی علمی پہچان ڈاکٹر عبدالسلام ہیں۔ 29 جنوری 1926ء کو جھنگ میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عبدالسلام نے علم و تحقیق کی دنیا میں وہ مقام حاصل کیا جس پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔ وہ 1979ء میں طبیعیات کا نوبیل انعام حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی سائنس دان بنے ڈاکٹر عبدالسلام کی کامیابی اس بات کی روشن مثال ہے کہ کسی خطے کی عظمت صرف اس کی دولت، عمارتوں یا شہروں سے نہیں ہوتی بلکہ اس کے اصل اثاثے وہ انسان ہوتے ہیں جو علم، تحقیق اور کردار کے ذریعے دنیا پر اپنا اثر چھوڑتے ہیں۔

جھنگ نے ڈاکٹر عبدالسلام کی صورت میں دنیا کو یہ پیغام دیا کہ علم کی روشنی کسی بڑے شہر کی محتاج نہیں۔ ایک نسبتاً دور دراز خطے کی مٹی سے اٹھنے والا طالب علم بھی پوری دنیا کے علمی افق پر اپنا چراغ روشن کر سکتا ہے۔ جھنگ کی علمی روایت بھی قابلِ ذکر ہے۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج جھنگ ایک قدیم تعلیمی ادارہ ہے، جس نے ڈاکٹر عبدالسلام اور صفدر سلیم سیال سمیت کئی نمایاں شخصیات کی علمی و فکری تربیت میں کردار ادا کیا۔ سرکاری معلومات کے مطابق یہ ادارہ 1926ء میں قائم ہوا تھا۔ یہ روایت اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ جھنگ کی مٹی میں تعلیم، ادب اور فکری جستجو کے بیج بہت پہلے بوئے جا چکے تھے۔

جھنگ کے لوگ اپنی سادگی، خلوص، محنت اور مہمان نوازی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ یہاں کا عام آدمی مٹی سے جڑا ہوا ہے۔ اس کی زندگی کھیت، دریا، بازار، گاؤں، رشتوں اور روایات کے گرد گھومتی ہے۔ یہاں کے لوگوں کے مزاج میں ایک عجیب امتزاج دکھائی دیتا ہے۔ بظاہر سادہ، مگر اندر سے انتہائی حساس، گفتگو میں نرم، مگر اصولوں پر مضبوط، محبت میں بے مثال، مگر ناانصافی کے سامنے خاموش رہنے کے لیے تیار نہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ جھنگ کی شناخت میں محبت اور مزاحمت دونوں ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔

دریائے چناب جھنگ کے جغرافیے ہی نہیں بلکہ اس کی تہذیبی روح کا بھی حصہ ہے۔ اس دریا نے یہاں کے کھیتوں کو سیراب کیا، بستیوں کو زندگی دی، لوک داستانوں کو جنم دیا اور شاعروں کو استعارے فراہم کیے۔ جھنگ کی تاریخ، ثقافت اور لوک روایت کو دریاؤں سے الگ کرکے دیکھنا ممکن نہیں۔ دریائے چناب کے کنارے آباد یہ خطہ صدیوں سے انسانی زندگی، محبت، محنت اور تہذیب کے سفر کا گواہ ہے۔ جھنگ کی شخصیت کا ایک اہم پہلو مزاحمت بھی ہے۔ یہ مزاحمت صرف سیاسی یا سماجی معنی میں نہیں بلکہ زندگی کی مشکلات کے خلاف جدوجہد کے وسیع تر مفہوم میں ہے۔

سیلاب، معاشی مشکلات، پسماندگی، محرومی اور وقت کے بدلتے تقاضوں کے باوجود جھنگ کے لوگوں نے اپنی شناخت، روایات اور ثقافتی اقدار کو زندہ رکھا۔ یہاں کے عام انسان میں اپنی مٹی سے وابستگی کا جذبہ بہت گہرا ہے۔ وہ مشکلات کے سامنے جھکتا ضرور ہے، مگر ٹوٹتا نہیں۔ اگر جھنگ کو چند الفاظ میں بیان کرنا ہو تو شاید یہ کہنا کافی ہوگا کہ: جھنگ محبت کی داستان ہے، تصوف کی خوشبو ہے، ادب کی آواز ہے، علم کی روشنی ہے اور مزاحمت کا حوصلہ ہے۔ یہ ہیر رانجھا کی محبت بھی ہے، شاہ جیونہؒ کی روحانی نسبت بھی، سلطان باہوؒ کا عشقِ حقیقی بھی، رام ریاض کی مذاحمتی غزل، سید جعفر طاہر کے کینٹوز، بیدل پانی پتی کی لسانی تہذیب، معین تابش کی غزل کی جدت، رفعت سلطان کی غزل کی نغمگی، علی کوثر جعفری کی بےتکفلی، ظفر سعید کی بلند آہنگی، سجاد بخاری کی جھنگ آمیزی، محسن مگھیانہ کی فکاہیت، شیر افضل جعفری کا مخصوص شعری لہجہ، پروفیسر سمیع اللہ قریشی کی بصیرت اور ڈاکٹر عبدالسلام کی سائنسی بصیرت بھی۔

یہ وہ دھرتی ہے جس نے اپنے دامن میں کسان، صوفی، شاعر، دانشور، استاد، طالب علم اور عام محنت کش سب کو جگہ دی۔ جھنگ کی اصل طاقت اس کی مٹی میں ہے، اس کے دریاؤں میں ہے، اس کی زبان میں ہے، اس کے لوگوں کے خلوص میں ہے اور ان بے شمار داستانوں میں ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی آئی ہیں۔ جھنگ کو صرف ایک شہر یا ضلع سمجھنا اس کی حقیقت کو محدود کرنا ہے۔ ماشاءاللہ! جھنگ کے لیے ایک خوش آئند بات ہے کہ نئے ڈپٹی کمشنر، کیپٹن (ر) عبد الرحمن کی شخصیت میں ذہانت، محنت اور کام کرنے کا جذبہ نمایاں نظر آتا ہے بلاشبہ جھنگ کی تعمیر و ترقی میں ماضی میں خدمات انجام دینے والے تمام ڈپٹی کمشنرز کی اپنی اپنی جگہ کوششیں اور خدمات رہی ہیں، جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔ ہر آنے والا افسر اپنے تجربے، صلاحیتوں اور سوچ کے ساتھ اس شہر کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

ہماری نیک تمنائیں کیپٹن (ر) عبد الرحمن کے ساتھ ہیں۔ امید ہے کہ ان کی قیادت، محنت اور مثبت سوچ سے انشاءاللہ وہ ضلع جھنگ کی تاریخ اور روایات کو آ گے ضرور بڑھائے گا اور ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا جس سے عوام کو مزید بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ اللہ تعالیٰ انہیں جھنگ کی خدمت کرنے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ جھنگ دراصل ایک احساس ہے، محبت کا احساس، تصوف کی روشنی، ادب کی خوشبو، علم کی جستجو اور ظلم کے سامنے نہ جھکنے کا حوصلہ۔ یہی جھنگ ہے۔