غزالہ کی اس دن سے کوئی خبر نہ تھی جب وہ کشتی سے اچانک چھلانگ لگا کر جھیل میں کود پڑی تھی اور تیزی سے تیرتے تیرتے شہباز کی آنکھوں سے اوجھل ہوگئی تھی۔ شہباز نے اسے بہت تلاش کیا۔ وہ کہیں نہ ملی۔ مایوس ہو جب وہ جیٹی پر لوٹا تو کشتی والے سے پتہ چلا کہ وہ کب کی واپس جا چکی تھی۔ وہ درست کہہ رہا تھا۔ غزالہ کی جیپ وہاں موجود نہ تھی۔ کشتی والے نے یہ بھی بتایا کہ وہ تیر کر جیٹی تک آئی تھی اور تیزی سے گاڑی دوڑا کر چلی گئی۔
یہ بات سن کر اسکے ڈوبتے دل کو سہارا تو ملا لیکن یہ سب کچھ اسے کسی فلم کا منظر لگا۔ یہ کیسے ممکن تھا کہ وہ اتنی تیزی سے پانی کے اندر تیرتی تیرتی کنارے تک پہنچ جائے؟ وہ انسان تھی یا ڈالفن؟ لیکن وہ جل پرتی تو ضرور تھی! غزالہ نے پہلے اسے اپنے حسن سے پاگل بنایا۔ اب وہ اسے اپنے پاگل پن سے پاگل بنا رہی تھی۔ وہ اپنے اپارٹمنٹ میں بیٹھا اس گتھی کو سلجھانے کی کوشش کر رہا تھا کہ فون بجنا شروع ہوا۔
"میں تم سے ملنا چاہتی ہوں۔ ابھی!"
"پندرہ منٹ میں تمہارے پاس ہونگا"۔ شہباز نے کہا۔ فون پر غزالہ تھی۔
"نہیں۔۔ آج میں تمہاری مہمان ہونگی۔ اسی وقت ایڈریس سینڈ کرو۔ میں نکل رہی ہوں۔۔ " فون کٹ چکا تھا! شہباز نے اسے دوبارہ فون کیا۔ فون مصروف! ایک بار، دو بار۔۔ جتنی بار ڈائل کیا مصروف ہی ملا۔ نہ چاہتے ہوئے بھی اس نے پتہ بذریعہ ٹیکسٹ میسج روانہ کر دیا۔ کچھ دیر بعد انٹرکام کی گھنٹی بجی۔
"سر ایک خاتون۔۔ غزالہ افضال آپ سے ملنا چاہتی ہیں۔ اوپر بھیج دوں؟" استقبالیہ کلرک نے شہباز سے پو چھا۔
"آنے دو۔ بلکہ ٹہرو میں خود نیچے آتا ہوں۔۔ " چند لمحوں بعد شہباز استقبالیہ پر تھا۔ غزالہ اس کے سامنے صوفے پر بیٹھی ہوئی تھی۔ کالا کرتا اور سفید چوڑی دار پاجامہ اور ہاتھوں میں موتیے کے گجرے۔ آج اس کا جلوہ ہی نرالہ تھا۔ شہباز اسے دیکھتے ہی ساکت ہوگیا۔
"سر انٹری کر دیں۔۔ " کلرک کی آواز نہ سنائی دیتی تو وہ اسی طرح جامد کھڑا غزالہ کو تکتے رہتا۔ اس نے غزالہ کا نام رجسٹر میں لکھ کر اپنے دستخط کر دیے۔ کلرک نے ملاقات کا کارڈ جاری کر دیا۔
"آئی ایم سوری فار دِس ہیسل۔ تمہیں تو معلوم ہے سیکیورٹی کی فارمیلیٹیز۔۔ " شہباز بولا۔
"کوئی مسئلہ نہیں۔ پوش اپارٹمنٹس میں ایسا ہی ہوتا ہے۔ کیسے ہو؟" غزالہ بولی۔ اب دونوں لفٹ میں داخل ہو چکے تھے۔ شہباز کا اپارٹمنٹ ساتویں فلور پر تھا۔
"تم نے تو اس دن میری جان ہی نکال دی۔۔ تم ایسا۔۔ "
"تم سمجھے میں ڈوب کر مر گئی۔۔ ہے نا؟ غزالہ نے شہباز کی بات کاٹتے کہا۔
"اگر کشتی والا ساری بات نہ بتاتا تو یہ ہی سمجھتا۔۔ اس دن تم نے پاگل پن کی حد کر دی۔ جھیل میں سانپ کے علاوہ کوئی مگر مچھ بھی ہو سکتا تھا۔ تمہارے پاگل پن کی وجہ سے میری دماغی حالت بگڑتی جا رہی ہے"۔ شہباز کے لہجے میں کچھ غصہ کچھ شکوہ تھا۔
"سانپ اور مگر مچھ بھی اس جل پری کے غلام ہیں۔ سر جھکائے کھڑے رہتے ہیں میرے آگے۔۔ " غزالہ نے کہا اور شہباز کو ایک بار پھر حیران کر دیا"۔ یہ کیسے وہی الفاظ پکڑ لیتی ہے جو میرا دماغ اس کے بارے میں سوچتا ہے۔ کہیں یہ جادوگرنی تو نہیں؟" وہ سوچ رہا تھا۔
"یہ کیسے ممکن ہے کوئی اتنی تیز رفتاری سے تیرتے تیرتے۔۔ وہ بھی انڈر واٹر۔۔ کنارے تک پہنچ جائے۔ تمہارے پاس تو کوئی آکسیجن سلنڈر بھی نہ تھا۔ اگر ہوتا بھی تو مشاق ترین پیراک بھی اتنی جلدی کنارے تک نہ پہنچ سکتا۔ مجھے یہ سب نظر کا دھوکہ یا ہاتھ کی صفائی لگتی ہے۔ لگتا ہے تمہیں میجک آتا ہے"۔
"جل پری روشنی کی رفتار سے تیرتی ہے۔ تمہیں کسی چیز کا بھی علم نہیں۔ بےکار میں "باخبر صحافی" بنے پھرتے ہو!" غزالہ بولی۔ اب دونوں اپارٹمنٹ کے اندر تھے۔
"کیا لو گی؟"
"لسی پلا سکتے ہو؟ نمکین۔۔ "
"واہ۔۔ کیا چوائس ہے۔ ابھی لایا!"
شہباز لسی میشن سے تیار کر رہا تھا۔ یہ دیکھ کر غزالہ نے کہا: "اصلی لسی تو چاٹی اور مدھانی سے ہی بنتی ہے۔ یہ گوروں والی لسی ہے۔ یہ مجھے متاثر نہ کر سکے گی!"
"تم یہ عجیب و غریب حرکتیں کیوں کرتی ہو اور کب سے کر رہی ہو اور کب تک کرتی رہوگی؟" شہباز نے غزالہ کی بات سنی ان سنی کرتے کہا۔
"میں نارمل انسان نہیں ہو۔۔ تم سمجھنے کی بالکل بھی کوشش نہیں کرتے۔ کیا تمہاری ماں یا بہن یا کوئی اور فی میل رشتہ دار میری طرح ہے؟ کیا تمہیں اس ساری دنیا میں میرے جیسا کوئی اور کبھی ملا؟"
"ہر گز نہیں اور ملے گا بھی نہیں اور میں تلاش بھی نہیں کرنا چاہتا۔ اچھا سنو۔ آج مجھے میرے تمام سوالوں کا جواب دو"۔
"پوچھو!"
"کیا تم اپنے شوہر اور افضال کو قتل کرانا چاہتی ہو؟"
"ہاں!"
"مگر کیوں؟"
"کیونکہ ایسا کیے بغیر میں تمہاری عمر بھر کی ساتھی نہیں بن سکتی۔ ان دونوں کی موجودگی میں یہ ناممکن ہے۔ قتل کر سکتے ہو انہیں؟ یقین مانو تم میرا یہ کام کر دو، میں اسی دن تمہاری شریک حیات بن جاؤں گی اور جس طرح تم چاہو گے اسی طرح زندگی گذاروں گی۔ اگر تم چاہو گے تو میں شرعی پردہ بھی کرنا شروع کر دونگی۔ تمہیں خوبصورت سے بیٹے دونگی۔۔ " غزالہ جوش و جذبے سے ایک ہی سانس میں یہ باتیں کہے جا رہی تھی اور شہباز کے ماتھے سے پسینہ چھوٹ رہا تھا۔
"میں لکھاری ہوں۔ کرائے کا قاتل نہیں۔ میں نے تو زندگی میں صرف مچھر، مکھی اور لال بیگ ہی مارے ہیں۔ یہ ممکن نہیں"۔
"تو پھر مجھے پانے کا خواب دل سے نکال دو۔ اسی طرح پا لیا کرو مجھے جیسے آج پایا۔۔ اچانک"۔
"تا کہ تم کوئی نیا پاگل پن کر سکو!" شہباز نے کہا اور غزالہ ہنسنے لگ گئی۔
"یہ پاگل پن ہی میرا سٹائل ہے جس پر تم مرتے ہو"۔
"لیکن اس دن تم نے کہا تھا کہ افضال تم سے سچا پیار کرتا ہے۔ اگر یہ سچ ہے تو کیوں تم اسکا مرڈر کرانا چاہتی ہو؟"
"اس کی وجہ بھی تم ہی ہو!" غزالہ نے کہا۔
"میں کیسے؟"
"تم شادی کرنا چاہتے ہو نہ مجھ سے! اس لئے نہ صرف افضال بلکہ میرے شوہر کو بھی ٹھکانے لگانا پڑے گا۔ خود نہیں کر سکتے تو کروا دو کسی سے۔ پیسے میں دے دوں گی"۔
"پیسوں کی بات نہیں ہے۔ یہ گناہ عظیم ہوگا۔ ایک قتل ساری انسانیت کا قتل ہے!"
"اچھا یہ جو تم میرے ساتھ سوتے ہو، یہ تو بہت ہی ثواب کا کام ہے! یہ جو تم شراب نوشی کرتے ہو، یہ کیا ثواب دارین کے لئے کرتے ہو؟" غزالہ کی دلیل کا شہباز کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔
"یہ سب گناہِ کبیرہ ہیں لیکن ان کی توبہ ہے۔ قتل کی توبہ نہیں۔ شراب پینا، زنا کرنا۔۔ یہ سب حقوق اللہ ہے۔۔ حقوق العباد نہیں۔ اسکا۔۔ "
"ایک منٹ مولانا۔۔ ایک منٹ رکیے۔۔ " غزالہ اس کی بات کاٹتے بولی۔
"تم کسی انسان کی غیر موجودگی میں اس کے گھر آ کر اسکی بیوی کے ساتھ زنا کرو اور یہ حقوق العباد نہیں؟ تم نے میرے شوہر کا حق غضب کیا۔ یہ حقوق اللہ نہیں حقوق العباد ہے اور میں اس گناہ میں برابر کی شریک ہوں۔ لیکن میری دلیل یہ ہے کہ جہاں اتنے گناہ کر لئے۔۔ چند لمحوں کی لذت کے لئے۔۔ تو ایک گناہ اور سہی۔ یہ گناہ تو دائمی لذت کے لئے ہوگا۔ کیا ہرج ہے دونوں کو قتل کرنے میں؟ افضال اپنی سگی بہن کے ساتھ زنا کرتا ہے۔ اس کی سگی بہن ہی اس کے بیٹوں کی ماں ہے۔ اسے قتل کرنا تو ثواب کا کام ہوگا"۔
"چلو مان لیا افضال کو قتل کرنا ثواب ہے۔ پر تمہارے شوہر کو کس جرم میں قتل کیا جائے؟" شہباز نے پوچھا۔
"وہ بھی ایک قسم کا دوسرا افضال ہے۔۔ "
"کیا مطلب؟ وہ بھی اپنی سگی بہن کے ساتھ۔۔ "
"بہن نہیں سگی ماں کے ساتھ!" غزالہ نے تیزی سے شہباز کی بات کاٹتے کہا۔
"لہذا دونوں کو قتل کرنا ثواب کا کام ہے۔ تم نہیں کرو گے تو میں کر دونگی کسی دن۔۔ بس موقع کی تلاش ہے مجھے!" غزالہ نے کہا۔ اس کے جنونی خیالات جان کر وہ جھیل والے واقعے کی حیرت بھول چکا تھا۔ آج غزالہ اس پر حیرت کا بہت بڑا پہاڑ گرا چکی تھی۔ اسے اپنا دماغ جلتے ہوئے محسوس ہوا۔
"میں ابھی آیا۔۔ " شہباز یہ کہہ کر باتھ روم کی طرف بڑھا۔ اس نے اپنا سر پانی سے بھری بالٹی کے اندر ڈال دیا تا کہ اس کے تیزی سے گرم ہوتے اعصاب ٹھنڈے پڑ سکیں ورنہ وہ ایک دھماکے سے پھٹ جائینگے۔ ایسا کرکے اسے بہت سکون ملا۔ کچھ دیر اپنا سر بالٹی میں رکھنے کے بعد وہ بہت بہتر محسوس کر رہا تھا۔ اب وہ صورت حال کو اچھی طرح سے سمجھنے کے قابل ہو چکا تھا۔ وہ باتھ روم سے باہر نکلا تو اپنے جسم میں ایک سرد لہر دوڑتے محسوس کی۔ غزالہ اپنے دونوں ہاتھ اس کی جانب پھیلائے اسے اپنی جانب بلا رہی تھی۔۔ مکمل برہنہ کھڑی ہوئے!
"شہباز۔۔ جب تمہارا دماغ جل رہا تو میری بانہوں میں آ جایا کرو۔ ٹھنڈا پانی تمہارے کسی کام نہیں آئے گا!" غزالہ نے اسے کہا۔ اب شہباز کا سارا بدن جلنا شروع ہو چکا تھا!
جاری ہے۔۔