1. ہوم
  2. افسانہ
  3. تابندہ جبین
  4. اُمّید کا دِیا
Tabinda Jabeen

اُمّید کا دِیا

"اسلم نے جَب دَروازہ کھولا تو سامنے ایک خُوب صُورت سی لَڑکی کھڑی تھی، جِس کی عُمر تَقریباً تیرہ سے پندرہ سال کے درمیان تھی۔

اَسلَم نے مُسکراتے ہوئے پُوچھا، "بیٹا! کیا نام ہے تُمھارا؟"

اُس نے جواب دیا، "میرا نام مَریَم ہے۔ مَیں آپ کی چھوٹی بہن فَوزِیہ کی دوست ہُوں۔ کیا فَوزِیہ گھر پر ہے؟"

اَسلَم نے کہا، "نہیں بیٹا! وہ ٹیوشن پڑھنے گئی ہوئی ہے۔ تُم اندر آ جاؤ"۔

مَریَم نے جواب دیا، "نہیں بھائی! جب فَوزِیہ آئے گی تو مَیں خُود اُس سے مِلنے آ جاؤں گی"۔

اَسلَم نے کہا، "ٹھیک ہے بیٹا، جیسی تُمھاری مَرضی"۔

یہ کہہ کر اُس نے دَروازہ بند کر دیا۔

اَسلَم اِن دِنوں شَدید پَریشانی کا شِکار تھا۔ اُس کے تین چھوٹے بہن بھائی تھے اور گھر میں کمانے والا کوئی دُوسرا فَرد نہیں تھا۔ کُچھ عَرصہ پہلے اُس کی نَوکری بھی چُھوٹ گئی تھی۔ وہ روزگار کی تلاش میں روز گھر سے نِکلتا، لیکن ہر بار مایوسی ہی اُس کا مُقدّر بنتی۔

اب تو وہ بالکل ہِمّت ہارنے لگا تھا۔ اُسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ گھر کے اَخراجات کیسے پُورے کرے۔

ایک دِن اُس نے سوچا کہ کیوں نہ اپنے دوست فَرحان سے بات کی جائے۔ فَرحان اُس کا بچپن کا دوست تھا۔ دونوں کی دوستی ایسی تھی جیسے سگے بھائی ہوں۔

اَسلَم، فَرحان کے گھر پہنچا اور اُسے اپنی ساری پَریشانی بتا دی۔

فَرحان نے کُچھ دیر سوچنے کے بعد کہا، "یار! کیوں نہ ہم دونوں مِل کر کوئی چھوٹا سا کاروبار شُروع کر لیں؟ اِس طرح تُمھارا بھی گُزارا ہو جائے گا اور میرا بھی"۔

یہ سُن کر اَسلَم کے چہرے پر خُوشی کی ایک لَہر دوڑ گئی۔ اُسے یُوں مَحسوس ہوا جیسے اَندھیرے میں اُمّید کا کوئی دِیا روشن ہوگیا ہو۔ چاہے اُس کی روشنی دُور تک نہ پہنچے، مگر کم از کم اَندھیرا تو کم ہوگا۔

دونوں دوستوں نے مِل کر ایک چھوٹی سی دُکان کھولی۔ وہاں اُنہوں نے اَفسانوی اور مَذہبی کِتابوں کے ساتھ روزمرّہ اِستعمال کی چند ضَروری اَشیا اور اَخبارات بھی رکھ لیے۔

اب سب کُچھ قِسمت اور مِحنت پر مُنحَصِر تھا۔ اَسلَم روز دُکان پر آتا اور دِل ہی دِل میں سوچتا کہ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو اُن کی مِحنت ضَرور رنگ لائے گی۔لیکن دُکان پر گاہک کم آتے تھے۔ فَروخت نہ ہونے کے برابر تھی۔ اَسلَم ایک بار پِھر پَریشان رہنے لگا۔

مَریَم اکثر فَوزِیہ سے مِلنے اُن کے گھر آیا کرتی تھی۔ اُس نے مَحسوس کیا کہ اَسلَم بھائی اب پہلے جیسے خُوش مِزاج نہیں رہے۔ وہ ہر وقت کسی سوچ میں ڈُوبے رہتے ہیں۔

ایک دِن اُس نے فَوزِیہ سے پُوچھ ہی لیا، "فَوزِیہ! اَسلَم بھائی اِتنے پَریشان کیوں رہتے ہیں؟ پہلے تو ہمیشہ خُوش دِکھائی دیتے تھے، اب کیا بات ہے؟"

فَوزِیہ نے اُسے اپنے بھائی کی نَوکری چُھوٹنے اور کاروبار میں پَریشانی کی ساری کہانی سُنا دی۔

مَریَم نے حیرت سے کہا، "بس اِتنی سی بات! اِس کا بھی کوئی حَل نِکل سکتا ہے"۔

وہ فوراً اَسلَم کے پاس پہنچی اور بولی، "اَسلَم بھائی! اگر آپ بُرا نہ مانیں تو مَیں آپ کو ایک ایسا مَشورہ دُوں، جِس سے آپ کی دُکان کا کاروبار بہتر ہو سکتا ہے"۔

اَسلَم نے مُسکراتے ہوئے کہا، "مَریَم! تُم ابھی اِتنی چھوٹی سی ہو، تُمھیں کاروبار کے بارے میں کیا مَعلوم؟"

مَریَم نے اِعتماد سے جواب دیا، "اَسلَم بھائی! یہی تو ہماری غَلَطی ہے۔ ہم نئی نَسل کو ہمیشہ چھوٹا سمجھتے ہیں، حالانکہ کبھی کبھی چھوٹے ذِہن بھی بڑے بڑے مَسائل کا حَل نِکال لیتے ہیں"۔

اَسلَم اُس کی بات سُن کر مُسکرا دیا اور بولا، "اَچھا بھئی! بتاؤ، تُمھارا کیا مَشورہ ہے؟"

مَریَم نے ایک کاغذ پر اپنی تَجویز لِکھ کر اَسلَم کو دے دی۔

اَسلَم نے اگلے ہی دِن اُس پر عَمَل شُروع کر دیا۔ مَریَم کا مَشورہ تھا کہ کِتابوں پر پچاس فِیصد رِعایت دی جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ کِتابیں خریدنے کی طرف راغب ہوں۔

اَسلَم نے کِتابوں پر خُصوصی رِعایت کا اِعلان کر دیا۔

دیکھتے ہی دیکھتے دُکان پر گاہکوں کی آمد بڑھنے لگی۔ کِتابوں کی فَروخت میں اِضافہ ہوا اور دونوں دوستوں کا کاروبار بھی چل نِکلا۔

اَسلَم اور فَرحان کی خُوشی کی کوئی اِنتہا نہ تھی۔

اَسلَم نے مَریَم کو دُعائیں دیتے ہوئے کہا، "بیٹا! تُم نے آج ہمیں ایک بہت بڑا سبق دیا ہے۔ کبھی کبھی اُمّید وہاں سے جَنم لیتی ہے، جہاں سے ہم سوچ بھی نہیں سکتے"۔

مَریَم مُسکرا دی۔

اور یُوں ایک نَنھی سی بچی کے مَشورے نے مایوسی کے اَندھیروں میں اُمّید کا دِیا روشن کر دیا۔