1. ہوم
  2. افسانہ
  3. محمد شہزاد
  4. پراسرار عورت (10)
Mohammad Shehzad

پراسرار عورت (10)

میدان بھارتی فلموں کے پاپ ڈسکو اور دیگر بے ہنگم گانوں سے گونج رہا تھا۔ بہت طاقتور صوتی سسٹم تھا۔ میلوں دور پھیلے ہوئے میدان میں طرح طرح کا میلہ لگا ہوا تھا۔ قسم قسم کے لوگ وہاں موجود تھے۔ زیادہ تر عورتیں تھیں لیکن دو دھڑوں میں تقسیم۔ ایک دھڑا چیختی چلاتی چنگھاڑتی غصے میں بپھری منہ سے جھاگ اڑاتی بےقابو مادر پدر آزاد عورتوں کا تھا جو کسی مجذوب کی طرح میگا فون پکڑے چلا چلا کر پکار رہی تھیں۔۔ میرا جسم مرضی! یہ فیمی نسٹس تھیں۔ اپنا دن منا رہی تھیں۔ اس دھڑے کا ایک بہت بڑا پویلین تھا۔ اسی پویلین میں ایک بہت بڑا سٹیج سجا ہوا تھا جہاں کرسیوں کی ایک مختصر قطار پر تجربہ کار فیمینسٹس براجمان تھیں۔ ایک طرف کانوں میں بُندے کوکے ڈالے ایک عورت نما مرد تھا جسے عرف عام میں ڈی جے کہا جاتا تھا۔ اس سٹیج پر اگلے تین روز میں بہت کچھ ہونا تھا۔ یہ اجتماع آزادی تھا۔ آج کے دن عورت اس مقام پر ہر بندش سے آزاد تھی۔ وہ کچھ بھی کر سکتی تھی۔ کسی کے باپ میں یہ جرات نہ تھی کہ آج اسے روک لے۔ وہ فیمینسٹس کی تقاریر سے متاثر ہو کر پدر سری معاشرے کے مداری کی چھڑی کے خوف سے ڈگڈگی کے کہروے کی درت لے پر ناچنے والی بندریا کے بجائے ایک ہی جست میں چھلانگ لگا کر اپنے باپ کی آنکھیں نوچنے والی بندریا بن چکی تھی۔

پٹھان فلم کے گانوں پر لڑکیاں اور عورتیں بھونڈے انداز میں اچھل کود کر رہی تھیں۔ الٹے سیدھے ٹھمکے لگاتے جب یہ جسم کو ہلکا سا بھی خم دیتیں تو واقعی ثابت ہو جاتا کہ ان کے جسم پر آج ان کے لباس کی مرضی نہیں چلے گی! ایسا نہیں تھا کہ سب کے جسم تھرک رہے ہوں۔ رنڈی اگر ناچے پر تماش بین نہ ہوں تو اس کے نرت کی کیا اہمیت؟ دیکھنے والے، سننے والے، سمجھنے والے اور داد عیش۔۔ چاہے وہ واہ کی شکل میں ہو، آہ کی صورت میں ہو، تالی یا سیٹی کی حالت میں ہو یا بطور ویل، فنکار کے لئے حیات ہوتی ہے۔ جو کولہے نہیں مٹکا رہی تھیں جن کی چھاتیاں اتنی بڑی نہیں تھیں کہ ان پر داستان امیر حمزہ رقم کی جا سکے وہ گاؤ تکیے لگا کر شیشہ پیتے پیتے ناچتے تھرکتے جسم پر دادوتحسین کے ڈونگرے برسا رہی تھیں۔ حوا کی ان بیٹیوں کا شیشے سے شغل لکھنو کے نوابوں اور رُؤسا کی یاد دلا رہا تھا۔ جنہیں شیشے کا شغف نہ تھا وہ بئیر کا ایک کین کھولتیں، ایک ہی سانس میں چڑھاتیں اور گلہ پھاڑ پھاڑ کر چلاتیں: میرا جسم میری مرضی۔ یہ کہتے کہتے ایک لڑکی تو جوش کے مارے اتنی بےاختیار ہوگئی کہ ساتھ کھڑے لڑکے کو مضبوطی سے بھینچ کر اسکے ساتھ سرعام بوس و کنار کرنا شروع ہوگئی۔ اسکی دیکھا دیکھی یہ کام دوسری لڑکیوں نے بھی شروع کر دیا۔ جن مستورات کو آس پاس کوئی لڑکا نظر نہ آیا وہ یہ سوچ کر کہ ہم اس کارخیر میں حصہ کیوں نہ ڈالیں آپس میں ہی شروع ہوگئیں۔ یہ "انقلابی" منظر دیکھ کر سائرہ جو سٹیج پر شبانہ اور ساروی کے ساتھ موجود تھی جوش میں آ کر کھڑی ہو کر مائک پر چڑھ کر پوری قوت سے چلائی: "تیرا باپ بھی دے گا آزادی!" یہ معلوم نہ تھا کہ کسے آزادی چاہیے، کس سے چاہیے اور کس چیز کی آزادی چاہیے!

***

"نہ جاؤ! رک جاؤ۔ میرے پاس ہی رہو!" غزالہ شہباز سے التجا کر رہی تھی۔ بیک گراؤنڈ میں فلم "نور محل" کا گانا "میرے محبوب نہ جا۔۔ آج کی رات نہ جا۔ ہونے والی ہے سحر، تھوڑی دیر اور ٹہر" بج رہا تھا۔ سمن کلیان پور کی آواز میں یہ گانا صورتحال کی بھرپور عکاسی کر رہا تھا۔

شہباز غزالہ کے بیڈ روم میں تھا۔ وہ چادر اٹھا کر بستر پر بیٹھ چکا تھا۔ پاؤں اس کے فرش پر تھے۔ غزالہ چادر کے اندر تھی۔ چادر کی ناہمواری صاف بتا رہی تھی کہ اس نے نائٹی تک زیب تن نہیں کی اور بھید کھل بھی گیا جب شہباز کو اپنے سے دور ہوتا دیکھ کر اس نے چادر سے ایک ہی جھٹکے میں مکمل آزادی حاصل کر لی۔ شہباز ساری رات اس کی آغوش میں بتا چکا تھا۔ اسکی صرف ایک نگاہ غزالہ پر پڑی۔ اسے ایسا لگا یہ عورت اس کے لئے مکمل طور پر اجنبی تھی۔ اسے محسوس ہوا کہ اس نے اس کے حسن کو ابھی تک نظر بھر کر دیکھا تک نہ تھا۔ اس کا دل چاہ کہ وہ رک جائے۔ مگر جانا ضروری تھا۔ آج عورت مارچ تھا۔ جب اس نے فون پر نظر ڈالی تو احساس ہوا وہ لیٹ ہو چکا تھا۔ اسکا فون خاموشی پر تھا۔ رابعہ اسے تین بار کال کرنے کے بعد ایک ایس ایم ایس اور ایک واٹس ایپ میسج کر چکی تھی۔ جملہ ایک ہی تھا: "تم کہاں ہو؟ جلدی پہنچو!" اس سے پہلے وہ چوتھی کال کرے، شہباز فون کو مکمل بند کر چکا تھا۔

"مجھے جانا پڑے گا ڈارلنگ! عورت مارچ پر ہم بہت کچھ کر چکے ہیں۔ یہ سمجھو آج ہم فائنل کھیلیں گے۔ کیا کبھی فائنل میچ بھی چھوڑا جا سکتا ہے؟" شہباز نے کہا۔

"پلیز مت جاؤ ورنہ میں تمہیں کھو بیٹھوں گی ہمیشہ ہمیشہ کے لئے!" شہباز کھڑا ہوا۔ غزالہ اس کی ٹانگوں سے لپٹ چکی تھی۔ وہ سر اٹھائے اس کے چہرے کی جانب دیکھ رہی تھی۔ غزالہ کا سر ایک بار پھر اٹھا ہوا تھا اور اسکا جھکا ہوا! شہباز نے اسے اپنے ہاتھوں سےاٹھا کر کھڑا کیا۔ وہ کھڑے ہوتے ہی شہباز سے لپٹ گئی۔ وہ رو رہی تھی۔ شہباز اس کے آنسوؤں کا مطلب سمجھنے سے قاصر تھا۔

"تم کیوں روک رہی ہو مجھے؟"

"میں نے تمہیں ایک بات بتائی تھی ایک بار۔ یاد کرو اگر یاد ہے تو تمہیں جواب مل جائے گا۔ تمہیں بہت غرور ہے نہ اپنی یادداشت پر!" غزالہ نے اس پر اپنی گرفت ڈھیلی کرکے اس کی آنکھوں میں دیکھتے کہا۔ اس کے آنسو تھمنے کا نام نہ لے رہے تھے۔ شہباز نے غزالہ کو اسکی نائٹی اپنے ہاتھوں سے پہنائی۔ یہ وہی کالی نائٹی تھی جس میں اس نے اسے پہلی بار دیکھا تھا۔ اگر غزالہ کی بات سچ نکلی تو اس کا مطلب یہ کہ وہ اسے آخری بار دیکھ رہا تھا۔ پہلا اور آخری جلوہ۔۔ اسی کالی نائٹی میں۔۔ عجب اتفاق ہوگا۔

"مجھے یاد ہے! تم نے کہا تھا کہ تمہاری تیسری آنکھ بہت جلد بیدار ہو چکی تھی۔ کیا دیکھ رہی ہے یہ اس وقت؟"

"جو دیکھ رہی ہے وہ بہت ہی خوفناک ہے۔ میں اسے دہرانا تک نہیں چاہتی۔ شہباز میں نماز پڑھنا چاہتی ہوں۔ بس مجھے تھوڑا سا وقت دو۔ میں شاور لے کر ابھی آئی۔ تم بھی نماز پڑھ لو۔ شاور لے لو افضال کے کمرے والے باتھ روم میں۔ میں نیچے لاؤنج میں تمہارا انتظار کرونگی"۔ یہ کہہ کر غزالہ تیزی سے باتھ روم میں داخل ہوگئی۔ شبہاز اسے حیرت سے تکتا رہ گیا۔ اس کے حسن کا جلوہ ہر ساعت رنگ بدلا کرتا تھا۔

وہ پکا مسلمان تھا۔ مذہبی گھرانے سے تھا۔ روزے رکھتا تھا مگر نماز شاذو نادر ہی پڑھتا۔ لیکن اس بار اس کا بھی جی چاہا کہ رب کو یاد کرے۔ غالباً پانچ برس بعد وہ دوبارہ مصلے پر کھڑا ہوگا۔ یہ سوچ کر وہ افضال کے کمرے میں چلا گیا۔

***

عورتوں کے دوسرے دھڑے کی قیادت مولانا ابدالی اور اسکی دونوں بیٹیوں کے ہاتھ میں تھی۔ انکے پاس کوئی بینڈ باجا نہ تھا۔ سیدھا سادا سٹیج تھا عام سا ایمپلی فائر اور سپیکر۔ انکے نعرہ تھا "ہمارا مقصد اور ہماری زندگی"۔ ابدالی کی بیٹیوں نے ایک وین میں موبائل کلینک کا اہتمام کر رہا تھا۔ دونوں اس دن بھی مریضوں کا معائنہ کر رہی تھیں۔ مفت دوائیں بانٹ رہی تھیں۔ مریضوں کے لئے ڈرپ کا بھی انتظام تھا۔ ابدالی بھی وہیں تھا۔

شہباز کی ساتھی رابعہ کو اپنی جانب بڑھتے دیکھ کر وہ تیزی سے پویلین سے باہر نکلا۔ اسکے سر پر دست شفقت پھیرا اور پوچھا کہ شہباز کہاں تھا۔

"اس کا فون بند ہے۔ رات بھر کام کرتا ہے۔ دیر سے ہی اٹھتا ہے۔ آ جائے گا۔ میرا تو سر چکرا رہا ہے یہ خرافات سن اور دیکھ کر۔ آپ کیسے برداشت کر رہے ہیں؟" رابعہ نے مایوسانہ انداز میں پوچھا۔

"اسے ہی عفو و درگزر کہتے ہیں جو مغرب دیکھنے سے قاصر ہے اور جو ہمارا میڈیا دیکھنے اور دکھانے سے ڈرتا ہے۔ ہمیں تو داڑھی اور ٹوپی کی وجہ سے دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے۔ اب آپ خود دیکھ لیجئے یہ سب بے ہودگی اپنی آنکھوں سے۔ آپ بھی مغرب میں رہیں۔ میں بھی رہا ہوں۔ میں نے تو ایسی بے حیائی وہاں بھی نہیں دیکھی! ہمارا نظم و ضبط دیکھیے اور پھر انہیں دیکھیے"۔ ابدالی نے کہا۔

اس اثناء میں ان کے پاس سے ایک جنازہ گزرا۔ کفن میں لپٹا ہوا کوئی مردہ۔ لیکن جنازے کو کندھا کوئی مرد نہیں عورتیں دے رہی تھیں۔ یہ جنازہ چارپائی پر تھا۔ اگلا ایک پایہ ساروی نے پکڑ رکھا تھا۔

ابدالی اور رابعہ تیزی سے جنازے کی جانب بڑھے۔۔ یہ سوچ کر کہ شاید کوئی عورت مارچ کے دوران اللہ کو پیاری ہو چکی ہو۔ رابعہ جنازے کے پاس ابدالی سے پہلے پہنچی۔

"کیا ہوا؟ کس کا جنازہ ہے یہ؟ خیر تو ہے نا؟"

"ہیلو رابعہ۔ گھبراؤ نہیں۔ یہ پدرشاہی نظام کا جنازہ ہے۔ ذرا دھوم سے نکلے! تم اس کی نماز جنازہ پڑھانا پسند کرو گی؟ اس کی تدفین اسی میدان میں ہوگی۔ ہم عورتوں نے خود اس کی قبر کھودی ہے اور بہت گہری کھودی ہے۔ اسکا کتبہ بھی تیار کیا ہے۔ آ جاؤ شاباش۔ تم ہم میں سے ہو۔ ان مولیوں میں سے نہیں!" ساروی نے استہزایہ انداز میں ایک نظر ابدالی اور دوسری رابعہ پر ڈالتے کہا۔

"استغفراللہ!" بیک وقت رابعہ اور ابدالی کے منہ سے نکلا۔

***

شہباز لاؤنج میں پہنچا تو غزالہ نماز پڑھ رہی تھی۔ کالے رنگ کی شلوار قمیض اور دوپٹے میں آج اس کے حسن کا یہ جلوہ اپنی مثال آپ تھا۔ اب تک اس کے بےپناہ حسن کے جتنے بھی جلوے اس کی نظروں سے گزرے ان میں سب سے زیادہ خوبصورت یہ ہی تھا۔ اسے ایسا لگا وہ شام غریباں کے لئے تیار ہوئی تھی۔ اس نے سلام پھیرا۔ سر اوپر اٹھا کر چھت کو ایسے دیکھا جیسے اسے آسماں نظر آ رہا ہو۔ ہاتھ اٹھا کر وہ دعا مانگ رہی تھی۔ پھر وہ اٹھی اور ایک امام ضامن شہباز کے دائیں بازو پر باندھ دیا۔

"جانے سے پہلے مجھ سے شادی کرتے جاؤ شہباز۔ میں رب کا سامنا تمہاری شریک حیات کی حیثیت سے کرنا چاہتی ہوں"۔ غزالہ نے انتہائی سنجیدگی اور خلوص سے یہ جملہ بولا۔

"لیکن اس وقت کہاں سے نکاح خواں اور گواہ ڈھونڈ کے لاؤنگا؟ آ کر کر لونگا تم سے نکاح!" شہباز مسکراتے ہوئے بولا۔

"نکاح کے لئے صرف ایجاب و قبول کافی ہے۔ گواہ رب سے بڑھ کر کون ہو سکتا ہے؟ تمہارے بٹوے میں کتنے پیسے ہیں اسوقت؟ غزالہ نے پوچھا۔

"زیادہ نہیں۔ پے منٹس تو کریڈٹ کارڈ سے کرتا ہوں۔ دو تین ہزار تو ہونگے ہی۔ دیکھتا ہوں۔۔ ہاں ہزار کے دو نوٹ ہیں۔ کچھ چھوٹے نوٹ ہیں"۔ شہباز بولا۔

"بس ایک دس روپے کا نوٹ مجھے دے دو۔ یہ میرا حق مہر ہوگا جو تم ادا کر چکے ہو گے"۔ غزالہ نے کہا۔ شہباز نے یہ فرمائش بھی پوری کر دی۔

"اب جاؤ میرے مجازی خدا۔ تمہاری بیوی تمہاری راہ تکے گی اور تم سے وعدہ کرتی ہے کہ اس لمحے کے بعد کوئی اور اس کا آنچل بھی نہ دیکھ پائے گا اور ایک سچ بھی بولنا چاہتی ہے۔ شاید تم یقین کرو یا نہ کرو!" غزالہ اب کھوئی کھوئی نظروں سے اسے تکتے یہ باتیں کر رہی تھی۔

"مجھے تمہاری ہر بات پر یقین ہے۔ بتاؤ!"

"جس دن ہماری پہلی ملاقات ہوئی۔۔ " غزالہ رک گئی۔

"ہاں۔۔ پھر؟"

"اس وقت سے اس لمحے تک میں۔۔ " وہ پھر رک گئی۔

"اس لمحے تک کیا؟" شہباز نے پوچھا۔

"اس گھڑی سے لے کر اس گھڑی تک میں کسی اور مرد کے پاس نہیں گئی۔ نہ میرے پاس کوئی آیا۔ میں نے اسی دن اللہ سے دعا کی تھی کہ وہ مجھے تم سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ملا دے!" غزالہ یہ کہہ کر اس کی آنکھوں میں بہت غور سے دیکھ رہی تھی۔ شاید یہ محسوس کرنے کے لئے کہ وہ اس کی بات پر یقین کر رہا ہے یا نہیں۔

"افضال یا تمہارے شوہر نے خواہش ظاہر نہ کی اس عرصے میں؟" شہباز حیران تھا۔ اس لئے اس نے پوچھا۔

"ایک نہیں کئی بار۔ لیکن میرے پاس کوئی نہیں آ سکتا اگر میں نہ چاہوں۔ میں نے نہیں آنے دیا۔ انہوں نے زبردستی کرنے کی کوشش کی۔ لیکن میں نے روک دیا۔ یہ ہی سچ ہے شہباز۔ مجھے میرے دونوں بیٹوں کی قسم۔ اس امام ضامن کی قسم۔ پنجتن پاک کی قسم۔ میں نہیں گئی کہیں بھی۔ نہ کوئی میرے پاس آیا اور اب مرتے دم تک ایسا ہی ہوگا۔ ایک بات اور کہنی ہے تم سے۔۔ لیکن چھوڑو۔ تمہیں میری پہلی والی بات پر ہی یقین نہیں آیا۔ دوسری بات کرنے کا کیا فائدہ جو پہلی والی بات سے بھی بہت بڑی ہے۔۔ " غزالہ نے افسردگی سے سر جھکاتے کہا۔

"نہیں ڈارلنگ تم غلط سوچ رہی ہو۔ مجھے یقین ہے تمہاری پہلی بات پر اور تم بھی یقین کرو کہ تمہارے بعد میں بھی کسی کے پاس نہیں گیا۔ نہ کوئی میرے پاس آیا۔ تمہارے بعد جب بھی میں نے کسی عورت پر نظر ڈالی، مجھے ایسا لگا میں نامرد ہو چکا ہوں۔ لیکن جب جب تم پر اک نگاہ پڑی مجھے اپنے اندر اک بپھرا ہوا سمندر محسوس ہوا جسے تم سے ہی سکون ملا"۔ شہباز نے اسے اپنی بانہوں میں لیتے کہا۔

"مجھے معلوم ہے تم سچ کہہ رہے ہو۔۔ "

"دوسری بات کیا ہے غزالہ؟

"دوسری بات خوشی کی بات ہے۔ میں تمہارے بچے کی ماں بننے والی ہوں!" یہ کہتے غزالہ مسکرائی۔

"سچ!" شہباز نے پرجوش انداز میں کہا۔

"سو فیصد سچ۔ اسی لئے تو میں نے تم سے آج نکاح کیا۔ آج تیسرا مہینہ چل رہا ہے!"

"الحمد اللہ! میں واپس آ جاؤں پھر جشن منائیں گے"۔ شہباز کی مسرت کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا۔

"انشااللہ! اب تم جاؤ۔ میں اپنے بیٹوں کو جگاتی ہوں"۔ غزالہ نے کہا۔ اسکے دونوں بیٹے ابھی تک سو رہے تھے۔ شہباز غزالہ کا ماتھا چوما اور یہ کہہ کر چلا گیا: "وہ میرے بیٹے بھی ہیں!"

***

"السلام علیکم رابعہ! بہت خوشی ہوئی تمہیں یہاں دیکھ کر۔ شہباز صاحب نہیں آئے؟" رابعہ کی دوست عائشہ نے پوچھا۔

"وعلیکم السلام عائشہ۔ ارے بھئی صحافی کبھی صج سویرے نہیں اٹھ سکتا!" رابعہ نے کہا۔

"تم کیوں اٹھ گئیں؟"

"میں خاتون صحافی ہوں!" رابعہ نے ہنستے ہوئے کہا۔

"تم پر مساجنی کا الزام لگ سکتا ہے۔ ذرا احتیاط سے!" عائشہ نے بھی مذاق کرتے کہا۔

"آؤ ذرا گھومتے پھرتے ہیں۔ دیکھیں تو کیا کیا "نمونے" موجود ہیں یہاں پر؟ لو جی وہ آ گئے۔ صحافی صاحب۔ بڑی عمر ہے بھئی! رابعہ نے جیسے ہی بات مکمل کی، اچانک شہباز وارد ہوگیا۔

"آئی ایم سوری۔ لیٹ ہوگیا۔ کچھ خاص چیز دیکھنے سے قاصر تو نہیں رہا میں؟"

"بھئی تم ایک جنازے میں شرکت نہ کر سکے اور اب تک تو میت کو دفنا بھی دیا ہوگا!" رابعہ نے کہا اور اسے پس منظر سے آگاہ کیا۔

"ان فیمی نازیوں کی عقل پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے۔۔ " شہباز بولا۔

"تم بھی فیمی نازی کہنے لگے فیمی نسٹس کو۔ یو آر اے مساجنسٹ شہباز!" رابعہ نے قہقہہ لگاتے کہا۔

"اگر ایسا ہے تو مجھے مساجنسٹ ہونے پر فخر ہے!" شہباز کی بات سن کر دونوں خواتین مسکرا دیں۔

"چلو شبانہ کے پویلین میں چلتے ہیں۔۔ " عائشہ نے کہا۔ تینوں اس جانب بڑھے۔ وہاں پہنچے تو ایک کیٹ واک ہو رہی تھی۔ سات آٹھ حاملہ لڑکیاں تھیں جن کا حمل آخری مرحلے میں تھا۔ سب کے پاجامے ناف کے نیچے سے گھٹنوں تک بدن سے چپکے ہوئے تھے۔ پیٹ مکمل برہنہ تھا۔ چھاتیوں پر مختصر سا سلیو لیس بلاؤز تھا۔

پھولے ہوئے پیٹوں پر لپ اسٹک سے نعرے لکھے ہوئے تھے۔۔ حاملہ پیٹ کو چھپاؤ مت بلکہ فخر سے دکھاؤ۔ زچگی گناہ نہیں جو چھپایا جائے۔ حمل میں بھی حسن ہے۔ میرا پیٹ میری مرضی۔ میرا حمل میری مرضی۔

"ماشااللہ! ان خواتین نے تو کرینہ کپور کی گلابی زچگی والے لباس میں فوٹو سیشن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔۔ " رابعہ نے تبصرہ کرتے کہا۔

بالکل درست کہا تم نے!" عائشہ نے رابعہ کی بات کی تائید کی۔

"اب سائنس کا دور ہے۔ الٹراساؤنڈ سے پتہ چل سکتا ہے کہ عورت کے پیٹ میں بچہ ہے یا نہیں۔ تین ماہ کی قید عدت پدر شاہی نظام کی بدصورت یاد ہے۔ اسے ختم کیا جائے اور اب ڈی این اے سے پتہ چلایا جا سکتا ہے کہ بچہ کس مرد کا ہے۔ لہذا عورت کو بھی مردوں کی طرح ایک وقت میں چار چار شوہر رکھنے کی اجازت دو!" یہ تقریر ساروی سرمست کر رہی تھی۔

"ساروی سرمست شرم کرو۔ اللہ کے عذاب کو دعوت نہ دو۔ تمہیں تو ایک شوہر بھی نصیب نہیں ہوا اور باتیں چار کی کرتی ہو"۔ یہ جملہ ایک خاتون صحافی کی طرف سے آیا۔ ساروی اسے جانتی تھی۔

"یہ ہمارا پروگرام ہے۔ اگر تمہیں کوئی تکلیف ہے تو یہاں سے نکل جاؤ۔ گارڈز اسے باہر نکالو"۔ ساروی کے کہنے کی دیر تھی۔ گارڈز اسے پویلین سے باہر نکال چکے تھے۔

"اب اگلا آئٹم پدر سری کے حوالے سے ہے۔ پیش کرنے والوں کو دل کھول کر داد دیجئے گا!" ساروی نے اعلان کیا۔ سات آٹھ بچیاں ہاتھوں میں کتے لئے باری باری سٹیج پر نمودار ہو کر گزر گئیں۔ یہ بھی ایک کیٹ واک ہی تھی۔ کتوں کے گلوں میں پٹے تھے جن سے مختلف ناموں کی تختیاں لٹک رہی تھیں۔ زنجیر بچیوں کے ہاتھ میں تھی۔۔ کسی کتے کے گلے میں باپ، کسی کے بھائی، سسر، شوہر، تایا، ماموں یا چچا نام کی تختی لٹک رہی تھی۔

"آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں سر کتا بن کر؟" رابعہ نے ایک معزز شخص سے پوچھا جسے وہ جانتی تھی۔ کتے کو کیٹ واک کرانے والوں میں ایک بچی اس کی بیٹی تھی۔

"کم آن رابعہ! میں تمہارے فادر کا دوست ہوں۔۔ میری بیٹی مجھے کتا نہیں کہہ رہی۔ یہ علامتی واک ہے۔ کتا پدر سری نظام کو کہا جا رہا ہے۔ لیکن تمہاری سمجھ میں نہیں آئے گا۔ اچھا میں چلتا ہوں۔ ایک ضروری کام ہے!" یہ شخص کچھ دیر بعد واقعی اپنی بیٹی کے ساتھ واپس چلا گیا۔ شاید اسے اپنی غلطی کا احساس ہو چکا تھا۔

"یہ شلواریں کس کی ہیں؟" شہباز نے چند خون آلود پھٹی ہوئی شلواریں ایک سٹال کے سامنے لٹکتی دیکھ کر عائشہ سے پوچھا۔

"فیمینسٹس کی نظر میں یہ ان بچوں، بچیوں اور عورتوں کی ہیں جن کا ریپ مولوی صاحبان کرتے ہیں!" اس نے جواب دیا۔

"لاحول ولاقوۃ۔ انتہا ہے بےہودگی کی! اچھا اب آپ بھی فیمی نازی والی اصطلاح استعمال کرنے لگ گئیں؟" رابعہ نے عائشہ کی جانب معنی خیز نظروں سے دیکھتے کہا۔

"انکی حرکتوں کو یہ ہی عنوان سوٹ کرتا ہے۔۔ " عائشہ نے کہا۔

"بات تو درست ہے!" رابعہ بولی۔

"بیٹا آپ کو کس چیز کی آزادی چاہیے؟" رابعہ نے ایک سترہ اٹھارہ برس کی لڑکی سے پوچھا جس نے ایک پلے کارڈ۔۔ ہم کیا مانگیں؟ آزادی! اٹھا رکھا تھا۔

"مجھے تو ہر قسم کی آزادی ملی ہوئی ہے۔ میں تو اپنی میڈ کے بی ہاف پر آزادی مانگنے آئی ہوں۔ اس کا باپ اسے اپنے بوائے فرینڈ سے ملنے نہیں دیتا۔ ویسے میرے ماما پاپا بہت لبرل ہیں۔ ہر ویک اینڈ پر میرا بوائے فرینڈ مجھ سے ملنے آتا ہے۔ میرے بھائی کا گہرا دوست ہے۔ سب گھر والے ٹونی کو۔۔ یعنی میرے بوائے فرینڈ کو بہت پسند کرتے ہیں!" لڑکی نے فخر سے کہا۔

"شاباش بیٹا۔ کیری آن!" شہباز نے کہا۔ تینوں ایک دوسرے کی جانب دیکھ رہے تھے جیسے پوچھ رہے ہوں کیا وہ مارچ میں ہیں یا کسی پاگل خانے میں!

"وہ دیکھو۔ ادھر چلتے ہیں"۔ شہباز بولا۔ تینوں وہاں پہنچے۔ سادہ دیہاتی عورتیں تھیں۔ ان کے پلے کارڈز پر لکھا تھا۔۔ ایک گھنٹہ لیٹ۔ سزا ایک دن کی مزدوری کی کٹوتی!

"تم کون ہو؟" رابعہ نے ایک عورت سے پوچھا۔

"ہم امیر لوگوں کے گھریلو ملازم ہیں۔ اگر ہم ایک گھنٹہ لیٹ ہوں تو بیگم صاحبہ پورے دن کی تنخواہ کاٹ لیتی ہیں۔ گندی گندی گالیاں بھی دیتی ہیں"۔ یہ کہتے اس عورت کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ دوسری عورت نے "تنخواہ تو وقت پر دیا کرو" نامی پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا۔ اس نے بتایا کہ وہ ساروی کی نوکرانی ہے۔ تنخواہ دو دو مہینے لیٹ کرتی ہے ساروی۔ ایک روٹی سے زیادہ نہیں کھانے دیتی اسے۔ کوئی چھٹی نہیں دیتی۔ بات بات پر اس کے ماں باپ کو گالیاں دیتی ہے۔

"تم نے غور کیا فیمی نازیوں کے پویلین میں ایک بھی ایسا پلے کارڈ نہیں جس پر یہ رقم ہو کہ گھریلو ملازموں پر تشدد بند کرو۔ گھریلو ملازم بھی انسان ہیں۔۔ وغیرہ وغیرہ"۔ رابعہ نے شہباز سے کہا۔

"ہاں میں نے یہ پوائنٹ نوٹ کر لیا ہے۔ اسے خاص طور پر اٹھاوں گا رپورٹ میں۔۔ "

جاری ہے۔۔