شہباز میرے والد کی طبعیت ٹھیک نہیں۔ میں نے انہیں ہسپتال لے جانا ہے۔ میں چلتی ہوں۔ باقی سٹالز تم دیکھ لینا۔ فیمی نازیوں کے پھکڑپن میں کچھ نیا نہیں۔ کر لو گے نہ ہینڈل اکیلے؟" رابعہ بولی۔
"لو بھئی اب ایک معروف فیمینسٹ بھی فیمینسٹس کو فیمی نازی کہنے لگ گئی!" عائشہ رابعہ کو آڑے ہاتھوں لیتے بولی۔
"ان نام نہاد عورتوں کے حقوق کی علمبردار خواتین کے کرتوت اپنی آنکھوں سے دیکھ کر میں یقین سے کہہ سکتی ہوں کہ یہ سب اصلی فیمینزم کے نام پر دھبہ ہیں۔ عورت کے نام پر دھبہ ہیں اور یہ سب اپنے ماں باپ کو۔۔ اپنے گھر والوں کو سرعام رسوا کر رہی ہیں"۔ رابعہ نے طنز کا جواب سنجیدگی سے دیا۔
"میں دیکھ لونگا۔ تم فوراً انکل کے پاس پہنچو۔ میرا سلام بھی کہنا"۔ شہباز نے کہا اور رابعہ چلی گئی۔
اب عائشہ اور شہباز اگلے سٹالز کی جانب بڑھتے مختلف پلے کارڈز پر نظر دوڑاتے جا رہے تھے۔
"یہ پلے کارڈ دیکھیے شہباز صاحب۔۔ " عائشہ بولی۔
"دوپٹہ پسند ہے تو اپنی آنکھوں پر لے لو!" شہباز پلے کارڈ پڑھ کر لڑکی سے مخاطب ہوا۔
"بیٹا تمہارا نام کیا ہے؟"
"جی میرا نام نساء ہے۔۔ " لڑکی نے کہا جس کی عمر بمشکل بیس برس ہوگی۔
"ماشاللہ۔ کیا مطلب ہے نساء کا؟ میں پہلی بار سن رہا ہوں اتنا خوبصورت نام!" شہباز بولا۔
"آپ مسلمان ہیں؟" لڑکی نے شہباز سے پوچھا۔
"الحمداللہ پکا مسلمان ہوں۔۔ "
"آپ کو سورۃ نساء کا علم نہیں؟ قرآن مجید کی چوتھی سورۃ ہے۔ اسی سورۃ پر بابا نے میرا نام رکھا تھا"۔ لڑکی نے فخر سے بتایا۔
"جیتی رہو بیٹی!" شہباز یہ کہہ کر آگے نکل گیا۔
"دیکھا آپ نے۔۔ کیا کیا تضادات ہیں۔۔ " عائشہ بولی۔
"جی۔ اسلام نے اتنے حقوق دیے عورتوں کو۔۔ اس وقت جب یورپ جہالت کی تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا۔ مگر ان کے پلے کارڈ میں ایک بھی ایسا نہیں جس پر کوئی آیت عورتوں کے حوالے سے ہو"۔ شہباز بولا۔
"او مائی گاڈ! عائشہ کچھ دیکھتے بولی۔ ایک سٹال تھا جس پر ایک بینر لٹکا ہوا تھا۔ اس پر لکھا تھا: اسقاط حمل کی فری معلومات کے لئے ہم سے رابطہ کیجئے!
دونوں آہستہ آہستہ آگے بڑھتے جا رہے تھے۔ ان کی نظروں سے ایک دلچسپ پلے کارڈ گزرا جو ایک مرد کے ہاتھ میں تھا۔ اس پر لکھا تھا: اچار کی بوتل تو میرے بغیر کھول نہیں سکتیں، زندگی کیسے گذارو گی جان من؟
"بھئی اس بندے کو تو انعام ملنا چاہیے اور اسکی جان من کو چاہیے کہ کھلا اچار خریدا کرے!" شہباز بولا۔
"یہ ساروی کا چھوٹا بھائی ہے۔۔ " عائشہ بولی۔
"فرعون کے گھر موسی!" شہباز نے فقرہ کسا۔
اب وہ ایک خیمے کے نزدیک پہنچ چکے تھے جہاں کوئی پچاس ساٹھ کے قریب عورتیں موجود تھیں۔ جبری مشقت کے لئے ان خواتین کے پیاروں کو امراء کا طبقہ اٹھا لے گیا تھا۔ ان کی کوئی خبر نہ تھی کہ زندہ ہیں یا مر گئے۔ ان کے ہاتھوں میں جتنے بھی پلے کارڈز تھے ان پر ایک ہی مطالبہ تھا۔۔ ہمیں ہمارے پیارے واپس کر دو۔ اگر زندہ نہیں ہیں تو لاش کی صورت میں ہی کر دو! ان خواتین کے چہرے ہی پلے کارڈز تھے جہاں مظالم کی ان گنت داستانیں رقم تھیں۔ ان کی آنکھوں میں کوئی چمک کوئی رونق نہ تھی۔ کچھ تھا تو درد اور کرب۔
میرا جسم مرضی پر ایک قوالی شروع ہو چکی تھی۔ قوال بہت سر میں تھا۔ شہباز کے قدم اس کی آواز کا تعاقب کرنے لگے جو میرا جسم میری مرضی والے پویلین کے سٹیج پر اپنے فن کا جادو جگا رہا تھا۔ اچانک اس نے غزالہ کو دیکھا۔ وہ اسی شام غریباں والے سیاہ لباس میں اسکے آگے آگے چل رہی تھی۔ وہ حیران بھی تھا اور خوش بھی۔ شاید غزالہ مجھے سرپرائز دینا چاہتی ہو۔ اس لئے یہاں چلی آئی؟ شاید اسے میری یاد ستا رہی ہو؟ اس لئے یہاں چلی آئی۔ وہ صبح سے ہی میرے لئے فکرمند تھی۔ شاید میری خیریت کو یقین بنانے کے لئے آئی ہو؟ بہت پیار کرتی ہے مجھ سے۔ یہ کتنا حسین احساس ہے کہ کسی کو کوئی دل سے چاہے۔ وہ تیز تیز قدم اٹھاتا غزالہ کی جانب بڑھ رہا تھا۔ ہجوم بہت تھا۔ کبھی کبھی غزالہ اس میں گم ہو جاتی۔ چند لمحوں بعد دوبارہ نمودار ہو جاتی۔ غزالہ آہستہ آہستہ قدم بڑھا رہی تھی۔ شہباز اور اس کے بیچ فاصلہ زیادہ نہ تھا۔ شہباز کے چلنے کی رفتار غزالہ سے دگنی تھی۔ چلتے چلتے کافی دیر ہو چکی تھی۔ مگر دونوں کے درمیان موجود فاصلہ کم ہونے کا نام تک نہ لے رہا تھا۔ یہ سوچ اسے حیراں و پریشاں کئے جا رہی تھی۔ اسکی پکار غزالہ تک باآسانی پہنچ سکتی تھی اگر میدان میں شور نہ ہوتا۔ ایک لمحے کے لئے میدان میں سکوت طاری ہوا۔ اس خاموشی کے سناٹے کا شہباز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ وہ پوری قوت سے چلایا: "غزالہ!
غزالہ نے اسں کی پکار کا جواب دیا۔ اس کے قدم وہیں رک گئے۔ اس نے مڑ کر شہباز کی طرف دیکھا۔ اسکی آنکھوں سے بے پناہ خوشی جھلک رہی تھی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ شہباز بھیڑ میں اس سے بچھڑ چکا تھا اور وہ اسکی تلاش میں ماری ماری پھر رہی تھی۔ وہ اسے مل چکا تھا۔ اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا اور یہ ہی انمول خوشی اسکی آنکھوں سے جھلک رہی تھی۔ وہ مسکرائی۔ اس مسکراہٹ میں کائنات کی ہر خوشی پنہا تھی۔ اسی طرح مسکراتے وہ شہباز کی طرف دوڑے چلی آ رہی تھی۔ عین اسی لمحے ایک زوردار دھماکہ ہوا جس نے میدان میں موجود ہر شے کو الٹ پلٹ کرکے رکھ دیا۔ نیلا چمکدار آسمان گہرے سیاہ دھویں کی لپیٹ میں تھا۔ چار سو چیخ و پکار اور آہ و بُکا کا منظر تھا۔ ہر چیز خون آلود تھی۔ آس پاس لاشیں ہی لاشیں تھیں۔ میدان میں انسانی اعضاء بکھرے ہوئے تھے۔ لوگ زخموں سے کراہ رہے تھے۔ شہباز زمین پر گرا ہوا تھا۔ ہوش میں تھا۔ زخمی تھا مگر معجزاتی طور پر بچ گیا تھا۔ امام ضامن اسکے بازو پر ہی موجود تھا۔ آہستہ آہستہ اسے صورت حال سمجھ میں آنا شروع ہو ئی۔
جو ہوا وہ بم دھماکہ تھا۔ وطن عزیز میں ایسے پٹاخے جن میں سو دو سو انسان مر جائیں، تین چار سو کٹ کر زخمی ہو جائیں، معمول کی بات تھی۔ آئے روز ہو جایا کرتے تھے۔ حیرانی تب ہوتی جب ان کے رونما ہونے میں وقفہ آتا۔ جس دیس کی آبادی کروڑوں میں ہو، وسائل انتہائی محدود ہوں، غربت اور جہالت کا دور دورہ ہو، وہاں چند سو کا جان بحق ہونا ایسا ہی تھا جیسے چلتے پھرتے انسان انجانے میں کیڑے مکوڑے کو اپنے پیروں تلے روند دیں۔
بم میں موجود کیلیں، نٹ بولٹ، وغیرہ لگنے سے شہباز خون اور خاک آلود تھا۔ ذرا سی کوشش کے بعد وہ کھڑا ہو چکا تھا۔ اسکی چال میں لنگ تھا۔ اسے صرف ایک ہی چیز کی فکر تھی۔۔ غزالہ! وہ کہیں نہ تھی۔ وہ اس مقام پر پہنچا جہاں اس نے غزالہ کو آخری بار دیکھا تھا۔ بہت ساری لاشیں بکھری ہوئیں تھیں لیکن اس کا نام و نشان تک نہ تھا۔ یہ ممکن نہ تھا کہ دھماکہ اسے میلوں دور پھینک دے۔ پھر بھی اس نے اس کی تلاش میں میدان کا کونہ کونہ چھان مارا۔ اس ہولناک سفر میں اس کی آنکھوں نے کئی دل دہلا دینے والے مناظر دیکھے۔ ساروی کی لاش دیکھی جس نے کچھ دیر پہلے پدر سری نظام کو اپنے ہاتھوں سے دھوم دھام سے دفنایا تھا۔ اس جنازے کی امامت بھی اسی نے کی تھی۔ اس کو کندھا دینے، لحد میں اتارنے اور مٹی ڈالنے والی بھی عورتیں تھیں۔ لیکن ان سب عورتوں کے جنازے مردوں نے ہی پڑھانے تھے۔ تدفین بھی انہوں نے ہی کرنی تھی۔ صرف غسل کسی عورت نے دینا تھا۔ "گڈ لک ساروی!" شہباز نے اسکی لاش پر افسوس ناک نظر ڈالتے کہا۔
ساروی کے بعد اسے ایک ننھی منی بچی کی لاش نظر آئی۔ وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔ اسے اب اپنے دونوں بیٹوں کی فکر تھی۔۔ غزالہ کے بیٹے، اس کے بیٹے!"وہ گھر پر اکیلے ہونگے۔ کیسے سمجھاؤں گا انہیں کہ انکی ماں کے ساتھ کیا ہوا۔۔ وہ تو زندگی اور موت کے تصور سے بھی آشنا نہیں!" شہباز اس سوچ میں گم تھا کہ اس نے اپنے کندھے پر کسی کا ہاتھ محسوس کیا۔ یہ عائشہ تھی۔ لہولہان مگر سالم۔ وہ بھی شہباز کی طرح معجزاتی طور پر بچ گئی تھی۔ اسکے دائیں بازو پر بھی ایک امام ضامن تھا!" کاش ایک امام ضامن غزالہ کے بازو پر بھی بندھا ہوتا"۔ شہباز کے دل سے آہ نکلی۔ عائشہ شہباز سے گلے مل کر پھوٹ پھوٹ کر رو رہی تھی۔ شہباز کو اپنی بہن کی یاد آ گئی۔ اس نے عائشہ کے سر پر ہاتھ رکھا اور دو جملے بولے: إنا لله وإنا إليه راجعون۔ اِنَّااللہَ مَعَ الصَّابِرِینَ
میدان سے باہر نکل کر وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ چکا بیٹھا۔ اس کی منزل غزالہ کا گھر تھا۔
***
شہباز کی گاڑی غزالہ کے گھر کے سامنے پہنچ چکی تھی۔ لوہے کا گیٹ کھلا ہوا تھا۔ وہ گاڑی سے اترا اور مشکل سے چلتا ہوا گیراج میں داخل ہوا۔ لان میں ایک بزرگ آدمی پودوں کی نلائی میں مصروف تھا۔ ایک خون آلود اجنبی کو اندر آتے دیکھ کر فوراً کھڑا ہوگیا۔ اس سے پہلے کہ وہ شہباز سے کچھ پوچھتا، شہباز چلاتے ہوئے بولا: مالی میاں۔۔ امان اور ایان کہاں ہیں؟ بیگم صاحبہ کا کوئی اتا پتہ نہیں۔۔ جلدی سے بچوں کو بلاؤ۔۔ " شہباز ہانپ رہا تھا۔ یہ کہتے کہتے گر پڑا۔
"عبدل، شبے۔۔ کہاں مر گئے؟ جلدی ادھر آؤ!" بزرگ پوری قوت سے چلایا۔ اس کی آواز بھاری اور رعب دار تھی۔ جس انداز سے اس نے یہ دو نام پکارے، اس سے شہباز کو اس حالت میں بھی اندازہ ہو چکا تھا کہ وہ مالی نہ تھا۔ اس کی پکار پر ادھیڑ عمر کے دو مرد جو شکل و حلیے سے نوکر دکھائی دیتے تھے دوڑے آئے۔
"انہیں جلدی سے لاؤنج میں بٹھاؤ۔ میں اپنا فرسٹ ایڈ باکس لے کر آتا ہوں۔۔ ہری اپ!" بزرگ بولا۔
نہیں۔۔ غزالہ کہاں ہے؟ میں ٹھیک ہوں۔ مجھے بہت سے کام کرنے ہیں۔ وقت نہیں ہے۔ جلدی سے بچوں کو لے کر آؤ!" شہباز دوبارہ قدموں پر کھڑتے ہوتا بولا۔
یہ سن کر نہ صرف بزرگ بلکہ عبدل اور شبہ بھی حیران ہوئے۔ دونوں پہلے شہباز پھر ایک دوسرے کو تکنے لگے۔ ان کی سمجھ میں تو کچھ نہ آیا البتہ بزرگ آدمی بات کی تہہ تک پہنچ چکا تھا۔ وہ ڈاکٹر تھا۔ دھماکے کی خبر اس تک بھی پہنچ چکی تھی۔ شہباز کی حالت دیکھ کر اسے گمان ہوا کہ یہ شخص دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں سے ایک تھا اور صدمے کی وجہ سے اپنا ذہنی توازن کھو چکا تھا۔
"بیٹے تم ایک منٹ کے لئے اندر تو آؤ۔ پانی وانی پی لو۔ میں ڈاکٹر ہوں۔ تمہارے زخم صاف کرکے پٹی کر دوں پھر چلے جانا۔۔ " بزرگ بولا۔ دونوں نوکر شہباز کی طرف بڑھے۔ اس نے انہیں ہاتھ کے اشارے سے قریب آنے سے منع کر دیا۔
"میری بات کا جواب کیوں نہیں دیتے آپ لوگ؟ کہاں ہیں امان اور ایان اور غزالہ؟" شہباز بولا۔
"کون امان اور ایان بیٹا؟" بزرگ نے پوچھا۔ پھر کہا: "اچھا اندر تو آ جاؤ۔ یوں ہی کھڑے کھڑے بات کرنا مناسب نہیں"۔ یہ کہہ کر بزرگ نے شہباز کے ہاتھ میں اپنا ہاتھ دیا۔ ایک بزرگ کے ہاتھ کو جھٹکنے کی جرات وہ نہ کر سکا۔ وہ اسے پکڑ کر غزالہ کے لاؤنج تک لے آیا۔ اندر کا ماحول دیکھ کر شہباز کی حیرت کا ٹھکانہ نہ رہا۔ لاؤنج میں موجود ہر شے مختلف تھی۔ دیواروں پر قرآنی آیات بہترین خطاطی کی شکل میں جابجا آویزاں تھیں۔ فرنیچر بالکل مختلف تھا۔ یہ وہ لاؤنج ہی نہیں تھا جہاں کچھ دیر قبل غزالہ مصلے پر بیٹھی نماز پڑھ رہی تھی۔
"امان اور ایان۔۔ غزالہ کے اور میرے دو بیٹے۔۔ ایک پانچ برس کا، دوسرا چار برس کا اور کون؟" شہباز بزرگ کو ایسے دیکھ رہا تھا جیسے وہ کوئی پاگل دیوانہ ہو۔
"اور یہ پرانا فرنیچر کہاں گیا؟ یہ لاؤنج کا سارا نقشہ کس نے بدل دیا؟ میں چند گھنٹوں کے لئے باہر کیا گیا آپ لوگوں نے ہر شے ہی بدل دی۔۔ آپ کون ہیں؟ یہ دونوں کون ہیں؟ میں نے تو آج تک آپ لوگوں کو اس گھر میں نہیں دیکھا۔ سمجھ میں نہیں آ رہا یہ کیا ہو رہا ہے؟ بچے کہاں ہیں؟ غزالہ کس ٹائم گھر سے نکلی؟ کیا وہ مارچ میں اکیلی گئی تھی یا بچے بھی ساتھ تھے؟" شہباز ہر شےکو حیرت سے تکے جا رہا تھا۔
"بیٹا پہلے پانی پیو۔ پھر تمہارے ہر سوال کا جواب دونگا۔ یہ لو۔۔ " بزرگ ایک گلاس شہباز کی جانب بڑھاتے بولا۔
شہباز نے پانی کا گلاس ایک ہی سانس میں ختم کرکے اپنے سوالات دہرائے۔
"بیٹا یہ میرا گھر ہے۔ میرا نام ڈاکٹر معین الدین ہے۔ میں ماہر نفسیات ہوں۔ اس وقت میری عمر ستر برس ہے۔ مجھے ریٹائرڈ ہوئے دس برس بیت چکے ہیں۔ میں اس گھر میں پچھلے چالیس برس سے مقیم ہوں۔ میرے یہ دونوں ملازم میرے ساتھ اسی گھر کے پچھواڑے میں موجود سرونٹ کوارٹرز میں گذشتہ بیس برس سے رہ رہے ہیں۔ اس گھر کی ایک ایک اینٹ میری آنکھوں کے سامنے رکھی گئی۔ اسے کبھی کرایے پر نہیں اٹھایا۔۔ " ڈاکٹر معین یہ کہتے کھڑا ہوا۔ ایک الماری سے پرانی سی کتاب نکالی۔ اسے شہباز کے ہاتھ میں تھماتے بولا:
"یہ تیس برس پرانی ٹیلی فون ڈائریکٹری ہے۔ اسکے صفحہ تین سو اکیس پر میرا نام اور اس گھر کا مکمل پتہ موجود ہے۔ پھر بھی یقین نہ آئے تو تم گلی کے ہر گھر پر دستک دے کر میرے بارے میں پوچھ سکتے ہو۔ اس گلی میں سب سے پہلے تعمیر ہونے والا گھر یہ ہی تھا"۔ شہباز کو اپنی سماعت پر یقین نہ آیا۔ اس نے ڈائریکٹری کھولی۔ صفحہ دیکھا۔ بزرگ سچ کہہ رہا تھا۔
"لیکن ایسا کیسے ممکن ہے؟ کچھ دیر پہلے میں یہاں اپنی بیوی کے ساتھ موجود تھا۔ اسی لاؤنج میں۔ ہمارے بیٹے اوپر کے کمرے میں سو رہے تھے۔ اس گھر کے پہلے فلور پر تین کمرے ہیں۔۔ " شہباز کو کسی بھی بات پر یقین نہیں آ رہا تھا۔ ڈاکٹر نے ایک کارڈ اس کی جانب بڑھایا۔
"یہ کیا ہے؟ یہ تو آپ کا شناختی کارڈ ہے۔۔ اس پر یہ ہی پتہ موجود ہے۔ یہ کب ایشو ہوا تھا؟ ہاں لکھا ہوا ہے۔ دس برس پہلے! لیکن۔۔ " ٹہریے۔ ایک منٹ۔۔ میں۔۔ میری سچائی کا ثبوت آپ کے سامنے ہوگا"۔ شہباز نے کہا۔ اس نے اپنی جیب ٹٹولی تو پتہ چلا اس کا موبائل اس کے پاس نہیں۔ "میدان میں کہیں گر گیا ہوگا"۔ وہ سوچ رہا تھا۔
"میرا فون۔۔ گر گیا شاید۔۔ کیا میں آپکے فون سے ایک کال کر سکتا ہوں؟" شہباز نے ڈاکٹر سے پوچھا۔ اس نے فوراً اپنا سمارٹ فون اس کے ہاتھ میں تھماتے کہا: "اس سائز کے پلاٹ پر تعمیر شدہ ہر گھر کے فرسٹ فلور پر تین ہی کمرے ہوتے ہیں۔۔ کم از کم۔ بہت سے چار بھی تعمیر کرتے ہیں۔
"میں آپ کے سامنے سپیکر آن کرکے اپنے دوست کو فون کروں گا۔ وہ میری بات کی تصدیق کرے گا"۔ شہباز پراعتماد لہجے میں بولا۔ ڈاکٹر اب اس جوان میں دلچسپی لینا شروع ہو چکا تھا۔ نوکروں کو وہ پہلے ہی اشارے سے باہر نکال چکا تھا جو شہباز کے پیچھے کھڑے بار بار اسے ہاتھ کے اشارے سے یہ پیغام دیے جا رہے تھے یہ نووارد پاگل ہے۔ اس پر وقت ضائع نہ کیا جائے۔ ایسے پاگلوں کے سات وقت گذارنا ہی اس کا پیشہ تھا۔ اسے ان کا علاج کرکے دلی مسرت ہوا کرتی۔
"میں اس وقت آپکی دوست غزالہ کے گھر پر ہوں۔ یہاں ایک صاحب۔۔ "
"کون غزالہ؟ میری تو ایسی کوئی دوست سرے سے ہے ہی نہیں؟" چوہدری نے شہباز کی بات کاٹتے کہا۔ شہباز سپیکر آن کرکے چوہدری سے بات کر رہا تھا۔
"بھئی وہ آپ نے مجھے ایک دفعہ رات گئے فون کیا تھا۔۔ غزالہ کے شوہر نے اسے مارا پیٹا تھا۔۔ غزالہ۔۔ وہ جو آپ کی یونیورسٹی کلاس فیلو تھی۔۔ " شہباز جھنجھلاتے بولا۔
"شہباز۔۔ آر یو آل رائٹ؟ یو ڈونٹ سیم ٹو بی! میری کلاس میں اس نام کی کوئی لڑکی تھی ہی نہیں! یار آج آٹھ مارچ ہے۔ فرسٹ آف اپریل بہت دور ہے اور میں ڈیڈ لائن پر ہوں۔ بائے!" فون کٹنے کے بعد ڈاکٹر نے مسکراتے ہوئے شہباز کی جانب دیکھا۔
"آئی ایم سوری سر۔ مجھے لگتا ہے میں غلط گھر میں آ گیا۔ لیکن اس گھر میں تو میں کئی بار آ چکا ہوں۔ فلور پلان تو بالکل وہی ہے۔ البتہ فرنیچر اور سجاوٹ میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ میں چلتا ہوں۔۔ " شہباز ڈاکٹر سے معذرت خواہانہ انداز میں بولا۔
"رکو بیٹے۔ معذرت کی کوئی ضرورت نہیں۔ میں تمہارے والد کی عمر کا ہوں۔ میں کیوں تم سے جھوٹ بولوں گا؟ تم غلط گھر میں نہیں آئے۔ درست جگہ پہنچے ہو۔ تمہیں شیزوفرینیا ہے۔ غزالہ، امان، ایان اور ڈیزرٹ کافی ہاؤس تمہارے دماغ یا تخیل کی اختراع ہے۔ میں گذشتہ چالیس برسوں میں نہ جانے کتنے شیزوفرینیا کے مریضوں کا کامیابی سے علاج کر چکا ہوں۔ یہ کوئی بیماری نہیں۔۔ محض دو قطبی اضطراب ہے۔ اس حالت میں مریض کو کسی شے یا انسان کی غیر موجودگی میں وہ شے یا انسان نظر آنا شروع ہو جاتا ہے۔ ایسے انسان یا شے کا وجود ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی۔ تمہارے کیس میں ان دو دوستوں کا وجود تھا جنہیں تم نے ابھی ابھی فون کیا۔ مگر تیسرا یا چوتھا درحقیقت وجود ہی نہیں رکھتا۔ مثلاً غزالہ، افضال، امان اور ایان۔ اس کیفیت میں تمہیں تنہائی میں ان لوگوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہونگی۔ اسے ہیلوسی نیشن کہتے ہیں۔ اس کے علاوہ مریض کو ڈیلیوزن بھی ہوتے ہیں۔ یعنی خیالات جن پر اس کا مکمل یقین ہو لیکن ان کی کوئی حقیقت نہ ہو۔ مریض کو اپنے خیال پر سو فیصد یقین ہوتا ہے لیکن دوسروں کے لئے یہ ہی خیال ناقابل یقین ہوتا ہے۔
میرا مشورہ ہے تم میرے پاس ہی رک جاؤ۔۔ کم از کم صبح تک۔ میں تماری مرہم پٹی کیے دیتا ہوں۔ خون اب بھی تمہارے زخموں سے رس رہا ہے۔ اگر تم نہیں راضی تو تمہاری مرضی! میں تمہارے لئے دعا گو رہوں گا۔ میرا وزیٹنگ کارڈ رکھ لو۔ کام آئے گا!" ڈاکٹر اصلی صورت حال بیان کرتے بولا۔
"تھینک یو انکل۔ آپ نے مجھے اپنے بیٹے کی طرح سمجھا۔ مجھے شیزوفرینیا کا علم ہے۔ میں اتنا بےخبر نہیں۔ لکھاری ہوں۔ لیکن مجھے کچھ وقت چاہیے۔ اگر میں مزید غلط ثابت ہوا تو خود چل کر آپ کے پاس آؤنگا۔ آپ کرینگے میرا علاج؟" شہباز بولا۔
"یقیناً مائی سن! بیسٹ آف لک!" ڈاکٹر نے کہا۔ اب شہباز کافی شاپ کی جانب جا رہا تھا جو غزالہ کے گھر کے قریب ہی تھی۔ چند منٹوں بعد وہ وہاں پر پہنچ چکا تھا۔ لیکن وہاں کافی شاپ نہیں ایک گفٹ شاپ تھی۔ وہ پھر سے پریشان ہوگیا۔ اس نے دائیں بائیں دیکھا۔ جگہ تو وہی تھی۔ اس کا حلیہ اس بات کی اجازت نہیں دیتا تھا کہ وہ شاپ کے اندر جا سکے۔ اس نے شاپ کا بورڈ پڑھنا شروع کیا تو اسے پہلی بار احساس ہوا کہ وہ واقعی شیزوفرینا کا مریض ہے۔ یہ شاپ دس برس پہلے یہاں قائم ہوئی۔ سن بورڈ پر درج تھا۔ اسنے گاڑی موڑی اور اپنے اپارٹمنٹ کی طرف روانہ ہوا۔ کچھ دیر بعد وہ اپاٹمنٹ کے استقبالیہ پر تھا۔
"سر یہ کیا حال بنا رکھا ہے آپ نے۔۔ او مائی گاڈ۔۔ میں ایمبولینس منگواتا ہوں۔۔ " کلرک خون میں نہائے شہباز کو دیکھتے پریشانی سے بولا۔
"نہیں۔۔ میں خود چلا جاؤں گا۔ تمہیں یاد ہے اس دن۔۔ جب مجھ سے ملنے یہاں ایک عورت آئی تھی۔ تم نے اس کی انٹری بھی کی تھی۔ اس کا نام غزالہ افضال تھا۔۔ یاد ہے نہ؟ رجسٹر نکال کر دیکھو"۔ شہباز ایک ہی سانس میں سب باتیں کہہ گیا۔
"سر آپ کیا باتیں کر رہے ہیں۔ رجسٹر کی ضرورت ہی نہیں۔ مجھے ایک ایک ملاقاتی کا نام اور شکل یاد رہتی ہے۔ سب کمپیوٹر میں درج ہے۔ چیک بھی کیا جا سکتا ہے۔ لیکن آپ جب سے یہاں آئے ہیں آج تک کوئی بھی آپ سے ملنے نہیں آیا"۔ کلرک نے یہ کہہ کر شہباز کے شیزوفرینیا والے شک کو مزید مضبوط کر دیا۔
"ذرا کمپیوٹر میں نام ڈالو۔ غزالہ افضال۔ مختلف سپیلنگ ویری ایشنز سے۔۔ "
"نہیں سر۔۔ ایسا کوئی نام ہے ہی نہیں۔ میں سچ کہہ رہا ہوں۔ آپ سے ملنے آج تک کوئی نہیں آیا۔ آپ کے ساتھ بھی کوئی نہیں آیا۔۔ سر خون بہہ رہا ہے۔ ایمبولینس باہر ہی ہے۔۔ سر۔۔ سر۔۔ گارڈ۔۔ گارڈ جلدی۔۔ ادھر آؤ۔۔ ایمبولینس۔۔ " کلرک بدحواس تھا اور شہباز بے ہوش!
***
ہوش آنے پر شہباز نے ڈاکٹر معین کو اپنے سامنے پایا۔
"آپ؟ میں کہاں ہوں؟"
"بیٹا تم زخمی حالت میں میرے گھر سے نکلے تھے۔ میں نے پوری کوشش کی تمہیں روکنے کی۔ تم نہیں رکے۔ میں نے اصرار نہ کیا لیکن مجھے تمہاری فکر تھی۔ اسی لیے میں اپنے سٹاف کے ہمراہ تمہارے پیچھے ہو لیا۔ مجھے معلوم تھا تم کافی شاپ کی کھوج میں وہاں جاؤ گے اور مایوس ہو گے۔ تمہارا پیچھا کرتے کرتے میں تمہارے اپارٹمنٹ تک پہنچ گیا۔ کلرک مجھے تمہارے بارے میں سب کچھ بتا چکا تھا۔ میں تمہیں یہاں لے آیا۔ یہ میرا ذاتی ہسپتال ہے۔۔ جدید ترین سہولیات سے لیس۔ میں چاہتا تو تمہیں کسی بھی چھوٹے موٹے ہسپتال میں لے جاتا۔ بس زخم دھونے تھے، پٹی کرنا تھی اور کچھ دوائیں تجویز کرنا تھیں۔ شکر ہے تمہارے زخم اتنے شدید نہیں لیکن تعداد میں بہت ہیں۔ شارپنلز کئی جگہ اپنا کام دکھا گئے۔ یہ چند دنوں میں بھر جائینگے۔ لیکن تمہارا اصلی زخم جوں کا توں رہے گا۔ شیزوفرینیا کا علاج ممکن ہے۔۔ اگر اسے اسی مرحلے پر قابو کر لیا گیا تو! جتنی دیر کرو گے یہ بگڑتا رہے گا۔ تم پڑھے لکھے اور سمجھدار انسان ہو"۔ ڈاکٹر معین شہباز کو صورت حال سے آگاہ کر رہا تھا۔
"میرا فون کہاں ہے؟" شہباز نے ڈاکٹر سے پوچھا۔ وہ غزالہ کا نمبر ٹرائی کرنا چاہتا تھا۔۔ باوجودیکہ ڈاکٹر اسے بتا چکا تھا کہ یہ سب کچھ اس کے دماغ کی اختراع تھا۔
"فون کا کیا کرنا ہے؟ وہ تمہیں آرام نہیں کرنے دے گا"۔ ڈاکٹر بولا۔ اسے علم تھا کہ شہباز فون کے بارے میں کیوں پوچھ رہا تھا۔
"میں گھر والوں کو اطلاع دینا چاہ رہا تھا۔۔ " شہباز نے بہانہ گھڑا۔
"تمہارے دوست یہ کام پہلے ہی کر چکے ہیں۔ انہوں نے تمہارے گھر والوں کو تسلی بھی دے دی ہے۔۔ یہ کہ تم بالکل خیریت سے ہو اور فیلڈ میں کسی ایسی جگہ پر ہو جہاں فون کے سگنلز نہیں آتے۔ تمہاری دوست رابعہ سے بھی رابطہ ہو چکا ہے۔ اتفاق سے اسکے والد میرے اچھے دوستوں میں سے ہیں۔ میرا یہ ہسپتال نفسیاتی امراض کا علاج کرتا ہے۔ شہر کے تمام بڑے لوگ یہاں آتے ہیں۔ تم یہاں کچھ دن آرام سے رہو۔ میں تمہاری کیفیت اچھی طرح سمجھ چکا ہوں۔ اس کام میں تو میری ساری عمر بیت گئی۔ بس چند ادوایات تمہیں تاحیات استعمال کرنا پڑیں گی۔ آہستہ آہستہ ہیلوسی نیشن اور ڈیلیوزن بند ہو جائینگے اور تم سو فیصد ٹھیک ہو جاؤ گے۔ بس ایک دو مہینے کی بات ہے۔ لیکن ادوایات تمہیں تاحیات استعمال کرنا پڑیں گی۔ ٹھیک ہونے کی صورت میں یہ نہ سمجھ لینا کہ اب دوائی کی ضرورت نہیں۔ یہ ادوایات دماغ میں کیمیکل بیلنس برقرار رکھتی ہیں۔ جیسے ہی تم ان کا استعمال بند کرو گے، کیمیکلز کا توازن بگڑ جائے گا اور یہ مسئلہ مزید شدت سے اپنے آپ کو دھرائے گا۔ " ڈاکٹر بولتا رہا۔ شہباز اسے تکتے سنتا رہا۔ وہ اسکی بات سمجھنے کی تو کوشش کر رہا تھا مگر اس کا دل اور دماغ۔۔ دونوں ہی اسکی نفی کر رہے تھے۔
"بہت بہت شکریہ ڈاکٹر صاحب۔ جیسا آپ کہیں گے میں ویسا ہی کرونگا۔ ویسے آپ کا یہ ہسپتال تو بہت مہنگا ہوگا۔ میں۔۔ "
"تمہارے لئے مہنگا نہیں۔ کوئی باپ اپنے بیٹے سے پیسہ نہیں لیتا۔۔ "
"لیکن اگر میں اپنی خوشی سے کچھ دینا چاہوں تو؟" شہباز مسکراتے بولا۔
"ایک کپ کافی پلا دینا۔۔ ڈیزٹ کافی ہاؤس میں۔۔ " ڈاکٹر آنکھ مار کر بولا اور شہباز ہنسنے لگا۔ اس دوران ڈاکٹر کا فون بجا۔ اس نے سکرین دیکھتے ہی فون شہباز کے ہاتھ میں تھما دیا۔
"ہیلو رابعہ۔۔ میں زندہ ہوں۔۔ بچ گیا ہوں۔۔ لگتا ہے تمہیں علم تھا کہ کیا ہونے والا ہے۔ اسی لئے مجھے اکیلا چھوڑ کر بھاگ گئیں۔۔ " شہباز شرارتی انداز میں بات کر رہا تھا۔
"بےکار باتیں نہیں کرو۔ یہ مذاق کا وقت نہیں۔ میں اتنی فکرمند تھی تمہارے حوالے سے۔ نہ جانے کہاں کہاں تلاش کیا تمہیں۔ تمام سرکاری ہسپتال چیک کئے۔ پھر انکل معین کا فون آ گیا۔ تب جا کر تسلی ہوئی۔ تم نے تو میری جان ہی نکال دی تھی۔ کاش میں تمہیں اپنے ساتھ ہی لے آتی۔۔ " رابعہ کے لہجے میں فکر اور تشویش کے علاوہ پیار بھی تھا۔ شہباز کو پہلی بار اندازہ ہوا کہ یہ لڑکی اس سے پیار کرتی تھی۔ لیکن اس نے شہباز کو ایسا محسوس تک نہ ہونے دیا۔ اسے غزالہ کی یاد ستانے لگی۔
"میں پندرہ منٹ میں تمہارے پاس آ رہی ہوں۔ تمہیں کسی چیز کی ضرورت ہے؟" رابعہ نے شہباز سے پوچھا۔
"میرا موبائل فون۔۔ "
"وہ ابھی ممکن نہیں۔ تمہیں مکمل آرام کی ضرورت ہے۔ اس موبائل نے ہمیں سکون سے دور کر دیا ہے اور تم کام پر نہیں ہو۔ ہسپتال میں ہو۔ وہاں ویسے بھی فون استعمال کرنے پر پابندی ہے"۔ رابعہ کے سمجھانے میں اتنا خلوص اور پیار تھا کہ شہباز ضدی ہونے کے باوجود اس کی بات مان گیا۔
"او کے۔۔ تم جیتیں میں ہارا!" شہباز بولا۔
"تھینک یو۔۔ آئی لو یو!" رابعہ نے کہا۔ اس کے بعد فون کٹ گیا۔ شہباز کو اس کا آئی لو یو کہنا اچھا لگا۔ لیکن اس جملے میں بہت وسعت تھی۔ ایک بچہ اپنی ماں کو، بہن کو اور معشوقہ کو بیک وقت آئی لو یو کہہ سکتا تھا مگر رشتےکی نوعیت سے مفہوم بدل سکتا تھا۔ ایک دوست بھی ایک دوسرے کو آئی لو یو کہہ سکتے تھے۔ وہ یہ سوچ رہا تھا کہ رابعہ نے اسے کس حیثیت میں آئی لو یو کہا۔ اس سے دوستی کا رشتہ تو بہت پرانا تھا لیکن اس نے پہلے کبھی ایسا نہ کہا۔ اب کیوں؟ یہ سوچتے سوچتےاسے ایک اور خیال آیا"۔ ڈاکٹر صاحب اگر آپ برا نہ مانیں تو آخری کال کر سکتا ہوں آپکے فون سے؟" شہباز نے معین سے پوچھا۔
"کر لو کر لو۔ وہ ہے ہی نہیں۔ یہ شوق بھی پورا کر لو"۔ ڈاکٹر مسکراتے بولا۔ اس کا فون ابھی تک شہباز کی ہاتھ میں تھا۔
"آپکو کیسے معلوم میں غزالہ کو فون کرنا چاہ رہا تھا؟" شہباز نے پوچھا۔
"بیٹا عمر گزر گئی اس دھندے میں! تم نے چوہدری صاحب کو سپیکر پر ڈال کر فون کیا تھا۔ غزالہ کو بھی اسی طرح کرنا۔ میں اسکی آواز سننا چاہتا ہوں۔ ہو سکتا ہے وہ آواز تمہاری اپنی ہو!" ڈاکٹر نے بدستور مسکراتے کہا۔
"جی سپیکر پر ہی ڈالونگا!" شہباز نے بھی مسکراہٹ کا جواب مسکراہٹ سے دیا۔
"آپکا ملایا ہوا نمبر درست نہیں۔ برائے مہربانی دوبارہ کوشش کیجئے!" فون کمپنی کا خود کار صوتی پیغام شہباز کو مایوس کیے دے رہا تھا۔ اس نے کئی بار یہ نمبر ڈائل کیا اور ہر بار یہ ہی پیغام سننے کو ملا۔
"فون مجھے دو۔۔ " ڈاکٹر نے شہباز سے کہا۔ اس نے فون ڈاکٹر کے ہاتھ میں تھما دیا۔ ڈاکٹر نے وہ نمبر دیکھا۔۔ پھر مسکرایا۔۔ پھر شہباز سے مخاطب ہوا: "برخوردار یہ تو کوئی نمبر ہی نہیں۔ شروع کے ہندسے جو تم نے ملائے، یہ تو کسی بھی فون سروس کے ہیں ہی نہیں۔ مجھے لگتا ہے تمہیں اس وقت دوائی اور اس کے بعد آرام کی ضرورت ہے۔ میں تمارے دوستوں اور رابعہ کو فون کرکے بتائے دیتا ہوں کہ وہ تم سے آج نہ ملیں۔ میں نرس کو بھیجتا ہوں۔ وہ تمہیں چار مختلف گولیاں دے گی۔ انہیں کھا کر تمہیں کچھ دیر بعد نیند آ جائے گی۔ سکون اور نیند اشد ضروری ہے تمہارے لئے۔ مجھے امید ہے تم تعاون کرو گے"۔ ڈاکٹر نے بہت نرمی سے شہباز کو سمجھایا۔
"آپ اتنے پیار سے میرا علاج کر رہے ہیں۔ آپ میرے لئے فکرمند ہوئے۔ مجھے بےہوشی کی حالت میں اپنے اس عالیشان ہسپتال میں لے کر آئے۔ میں کیسے آپ کے خلوص کو ٹھکرا سکتا ہے۔ آپ میرے محسن ہیں۔ میں آپ سے بھرپور تعاون کرونگا۔۔ بس ایک آخری سوال۔۔ " شہباز ملتجیانہ انداز میں بولا۔
"پو چھو بیٹا۔ سوال کا جواب دینا تو ہمارے کام کا حصہ ہے"۔ ڈاکٹر بولا۔
"میرے دائیں بازو پر ایک امام ضامن تھا۔ وہ اسوقت بھی موجود تھا جب میں آپکے گھر پر تھا۔ وہ اب موجود نہیں! یقیناً آپ نے سنبھال کر رکھ لیا ہوگا۔۔ کیونکہ آپ زخموں کو دھو رہے ہونگے۔۔ " شہباز اتنا کہہ کر رک گیا۔
"بیٹا یہ امام ضامن کب سے تھا تمہارے پاس؟" ڈاکٹر نے پوچھا۔
"سر یہ آج صبح غزالہ نے نماز پڑھنے کے بعد میرے بازو پر باندھا تھا۔ یہ امام ضامن کی ہی برکت تھی جو میں اتنے بڑے دھماکے میں بچ گیا۔۔ "
"بیٹے غزالہ اور اس کے ساتھ جڑی ہر یاد تمہارا فگمنٹ آف امیجی نیشن ہے۔ یعنی تمہارا جیتا جاگتا خواب۔۔ اک سراب جو تمہیں سچا لگتا ہے۔ بس اب دوائی کھا کر سو جاؤ۔ ذہن پر زور دو گے تو مزید الجھ جاؤ گے۔ گڈ نائٹ!" ڈاکٹر یہ کہہ کر کمرے سے باہر چلا گیا۔ چند لمحوں بعد ایک نرس دوائی لے کر آئی جو شہباز نے کھا لی۔ نرس اسکے کمرے کی بتی بجھا کر باہر چلی گئی۔ شہباز ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق آنکھیں بند کرکے بستر پر لیٹ گیا۔ چند منٹوں بعد اس پر غنودگی طاری ہوگئی۔ نہ جانے کب وہ گہری نیند کی آغوش میں چلا گیا۔
٭٭٭
شہباز نہ جانے کتنے گھنٹے سوتا رہا۔ جب اٹھا تو اسے اتنا یاد تھا کہ جب وہ سویا تھا سورج اس وقت غروب ہو چکا تھا اور جب جاگا تو سورج طلوع ہو رہا تھا۔ اس حساب سے وہ نو گھنٹے مسلسل سویا اور ایک بھی خواب نہ آیا۔ وہ اس بات پر حیران تھا۔ کیونکہ اسے بچپن سے ہی خواب دیکھنے کی عادت تھی۔ جس رات خواب نہ دیکھے اسے نیند نہ آتی۔ اسکا ہر خواب مفصل ہوتا۔ وہ خواب میں آوازیں سن سکتا تھا۔ رنگ دیکھ سکتا تھا۔ روز اسے کم از کم تین خواب تو ضرور آتے۔ بعض خواب اپنے آپ کو مختلف شکل میں دہراتے۔ بیدار ہونے کے بعد کچھ تو بہت اچھی طرح یاد رہتے۔ کچھ مبہم شکل میں سارا دن ذہن میں گھومتے۔ اگر وہ بیدار ہونے کے فوراً بعد انہیں نہ لکھتا تو ذہن سے ہی نکل جاتے۔ عجب سلسلہ تھا! اسے سب دوست اور دشمن خوابوں میں بار بار دکھائی دیتے۔ بھیانک خواب دیکھتے دیکھتے وہ یہ بھی سوچتا کہ اللہ کرے یہ خواب ہی ہو، حقیقت ہرگز نہ ہو! یعنی خواب میں بھی یہ خدشہ رہتا کہ حقیقت سو فیصد حقیقت نہیں۔ لیکن حقیقت میں رونما ہونے والے بھیانک واقعات کو وقوع پذیر ہوتے دیکھ کر کبھی یہ خیال اس کے دل میں نہیں آیا کہ کاش یہ بھی خواب ہوں!
اسکی سوچوں کا سلسلہ انٹرکام کی گھنٹی نے توڑا۔
"سر آپ سے ملنے کوئی آیا ہے۔۔ " استقبالیہ کلرک نے شہباز کو بتایا۔
"کون ہے؟" شہباز نے پوچھا۔
"کوئی خاتون ہیں۔۔ مس۔۔ " کلرک نے بتایا۔
"عجیب لوگ ہیں آپ! اتنا جدید ہسپتال ہے اور اتنا ان پروفیشنل سٹاف۔ کیا آپ ملاقاتیوں سے ان کا نام نہیں پوچھتے؟" شہباز کو کلرک کی حماقت پر غصہ آ گیا۔
"سوری سر میں بتانا چاہ ہی رہا تھا کہ آپ نے مجھے ڈانٹ دیا۔۔ مس غزالہ ہیں۔ بھیج دوں سر؟ کلرک نے کہا۔
"فوراً بھیجو۔ پلیز۔۔ " شہباز نے جلدی سے کہا۔ بہت مشکل تھا اس کے لئے اپنے کانوں پر اعتبار کرنا جو اسے پچھلے کئی گھنٹوں سے مسلسل دھوکہ دیے جا رہے تھے۔ کانوں کی طرح اس کی آنکھیں بھی اسے دھوکہ دے چکی تھیں۔۔ جب کافی ہاؤس کی جگہ اس نے گفٹ شاپ کو کھڑا پایا۔
"میں نے تمہیں کتنا روکا۔۔ کتنا سمجھایا کہ نہ جاؤ۔۔ تم نہیں رکے۔ تم بہت ضدی ہو شہباز۔۔ کیا حال بنا لیا تم نے اپنا!" غزالہ نے کمرے میں داخل ہوتے ہی کہا۔ وہ اسی سیاہ لباس میں تھی۔ اسکے چہرے پر حسین اداسی تھی۔ اس کے بدن کی خوشبو سے کمرہ مہک رہا تھا۔ شہباز مبہوت اسے تکتا جا رہا تھا۔ اس سے پہلے وہ کچھ کہنے کے لئے منہ کھولتا، غزالہ اس سے لپٹ گئی۔ اس کے بدن کے لمس میں ہر دکھ اور درد کا علاج تھا۔ شہباز کو لگا اس کے تمام زخم مندمل ہو چکے ہیں۔
"میں نے غلطی کی تمہاری بات نہ مان کر۔ بہت بڑی غلطی کی۔ اس غلطی نے مجھ سے میرا سب کچھ چھین لیا۔ یہ لوگ مجھے پاگل، دیوانہ، مجنوں، دماغی مریض نہ جانے کیا کیا سمجھتے ہیں۔ کہتے ہیں تمہارا کوئی وجود ہی نہیں۔ تم میری فگمنٹ آف امیجی نیشن ہو۔ کیا یہ سچ ہے غزالہ؟"
"شہباز میں نے تمہیں اس دن بتایا تھا نا۔۔ کافی شاپ میں۔۔ کہ میری تیسری آنکھ بچپن میں ہی کھل گئی تھی۔ میں وہ دیکھ سکتی ہوں جو عام لوگ نہیں دیکھ سکتے۔ تمہاری تیسری آنکھ بیدار ہو چکی ہے۔ دو آنکھوں والے لوگ ہمیں نہیں سمجھ سکتے۔ ہم اب اس دنیا کے لئے بے کار ہیں۔ یہ دنیا ہمارے لئے بیکار ہے۔ ارے۔۔ امام ضامن کیوں اتار دیا تم نے؟"
"غزالہ یہ لوگ کہتے ہیں تم ہو ہی نہیں۔ چونکہ امام ضامن تم نے اپنے ہاتھوں سے باندھا تھا۔ اس لئے وہ بھی نہیں ہے۔ کچھ بھی نہیں ہے۔ ہر وہ چیز جو تو سے جڑی ہے میرے دماغ کا خلل ہے۔۔ اضطراب ہے! تم بتاؤں سچ کیا ہے؟"
"ٹہرو شہباز۔ یہیں رکو۔ میں فوراً آئی۔ میرے پیچھے مت آنا!" غزالہ نے یہ کہا اور اگلے ہی لمحے وہ کمرے میں دوبارہ موجود تھی۔ یہ لمحہ شہباز کے لئے ایک صدی کے برابر تھا۔ اس کے ہاتھ میں وہی امام ضامن تھا۔
"یہ ریسیپشن پر پڑا ہوا تھا۔ ان بےوقوفوں کو کیا علم ایسی چیزوں کا!" یہ کہتے کہتے غزالہ اس کے بازو پر امام ضامن دوبارہ باندھ چکی تھی۔
"اب تمہیں مجھ سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ ہمارا یہاں ایک پل بھی رکنا ٹھیک نہیں۔ تم میرے ساتھ آؤ۔ ہمارے بچے ہماری راہ تک رہے ہونگے"۔ غزالہ نے اپنا ہاتھ شہباز کی جانب بڑھایا۔ شہباز نے اس کا ہاتھ مضبوطی سے تھام لیا۔ دونوں ڈاکٹر معین کے ہسپتال سے نکل کر سڑک پر آ چکے تھے۔ راہداری میں جس جس نے انہیں دیکھا دائیں بائیں ہو کر راستہ دیتا چلا گیا۔ ان میں آخری شخص ڈاکٹر معین تھا جس نے مسکراتے مسکراتے غزالہ کو شہباز کا ہاتھ پکڑے اسے ہسپتال سے باہر لے جاتے دیکھا۔
ہسپتال کے باہر غزالہ کی کرونا انہتر کھڑی تھی۔ بالکل اس حالت میں جیسے ابھی ابھی شو روم سے نکلی ہو۔
"کافی پیئیں؟ وہیں؟" غزالہ نے شہباز کو گاڑی کی چابی تھماتے کہا۔ وہ مسکرا رہی تھی۔
"ضرور!" شہباز نے کہا۔ گاڑی پہلے ہی سیلف میں سٹارٹ ہوئی۔ اس نے ہسپتال کی طرف دیکھا۔ ڈاکٹر معین ہاتھ ہلا کر اسے خدا حافظ کہہ رہا تھا!
ختم شد