یہ جملہ سننے میں ایک عام سا طنز لگتا ہے مگر تاریخ کے اوراق پلٹیں تو یہ اس قوم کے سب سے بڑے زخم، سب سے گہرے دھوکے اور سب سے دردناک حقیقت کی کہانی بن جاتا ہے، پاکستان وہ ملک ہے جس کا سبز ہلالی پرچم قربانیوں کے خون سے رنگا ہوا ہے، اس پرچم کے لیے لاکھوں ماؤں نے اپنے بیٹے قربان کیے، لاکھوں بہنوں نے اپنے بھائیوں کے جنازے اٹھائے، لاکھوں خاندانوں نے ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں، لاکھوں بچوں نے یتیمی کا دکھ سہا، صرف اس لیے کہ ایک آزاد وطن ہوگا، ایک ایسا وطن جہاں فیصلے اس کی اپنی مٹی سے ہوں گے، جہاں حکم اس کے اپنے آئین سے چلے گا، جہاں وفاداری صرف اس کے اپنے عوام اور اپنے وطن سے ہوگی، مگر افسوس کہ آزادی کے بعد سے ہی اس پرچم کے سائے تلے کچھ ایسے چہرے بھی پیدا ہوئے جن کے جسم تو پاکستان میں تھے مگر دل، دماغ، بینک اکاؤنٹ، جائیدادیں، بچوں کی تعلیم، علاج اور مستقبل سب کچھ امریکہ میں تھا۔
وہ جلسوں میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے تھے، ٹی وی پر حب الوطنی کے لمبے لمبے بھاشن دیتے تھے، ہاتھ میں پاکستان کا جھنڈا پکڑ کر تصویریں بنواتے تھے، مگر جب فیصلے کا وقت آتا تھا تو ان کی نظریں واشنگٹن کی طرف اٹھ جاتی تھیں، ان کے کان امریکی سفارت خانے کے دروازے پر لگے ہوتے تھے، ان کے فون امریکی نمبروں پر ملے ہوتے تھے۔
تاریخ گواہ ہے کہ کبھی اس ملک میں حکومتیں امریکی اشارے پر بنائی گئیں اور امریکی اشارے پر گرائی گئیں، کبھی اس ملک کے حکمرانوں نے اپنے ہی عوام کے خلاف فیصلے صرف اس لیے کیے کہ امریکہ ناراض نہ ہو جائے، کبھی اس ملک کی سرزمین کو دوسروں کی جنگوں کے لیے استعمال کیا گیا، کبھی اس کے ہوائی اڈے، اس کی سڑکیں، اس کی فضائیں کسی اور کی جنگ کے لیے کھول دی گئیں اور اس کے بدلے میں اس قوم کو ڈالر ملے، قرضے ملے، دھمکیاں ملیں اور لاشیں ملیں۔
عجیب و غریب بات یہ ہے کہ جو لوگ پاکستان کے سب سے بڑے محافظ کہلاتے تھے وہی سب سے پہلے امریکی مفادات کے محافظ بن جاتے تھے، جو لوگ قوم کو خودداری کا درس دیتے تھے وہی رات کے اندھیرے میں امریکی سفیر کے سامنے جھک جاتے تھے، جو لوگ کہتے تھے کہ ہم کسی کے غلام نہیں وہی صبح کو امریکی امداد کے لیے ہاتھ پھیلائے کھڑے ہوتے تھے، یہ کیسی وفاداری ہے کہ جھنڈا پاکستان کا ہو، تنخواہ پاکستان سے ہو، پروٹوکول پاکستان کا ہو، ووٹ پاکستان کے عوام کا ہو، مگر وفاداری امریکہ کی ہو، یہ کیسی سیاست ہے کہ الیکشن پاکستان میں لڑا جائے، جلسے پاکستان میں کیے جائیں، وعدے پاکستان کے عوام سے کیے جائیں، مگر حکومت بننے کے بعد پہلا فون امریکہ کو کیا جائے، پہلا دورہ امریکہ کا کیا جائے، پہلی رپورٹ امریکہ کو دی جائے۔
تاریخ کے حیران کن اوراق بتاتے ہیں کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب پاکستان کے حکمران نے کہا کہ ہمیں امریکہ نے دھمکی دی ہے، ہمیں کہا گیا ہے کہ اگر تم نے ہماری بات نہ مانی تو تمہیں پتھر کے دور میں پہنچا دیا جائے گا اور پھر اسی دھمکی کے سامنے پوری قوم کو ایک ایسی جنگ میں دھکیل دیا گیا جو ہماری جنگ نہیں تھی، جس میں ہمارے اسکولوں کے بچے مرے، ہماری مسجدوں میں دھماکے ہوئے، ہمارے بازاروں میں خون بہا، ہمارے فوجی جوان شہید ہوئے، ہماری ماؤں کی گودیں اجڑ گئیں، مگر امریکہ کی جنگ جیتی گئی۔
امریکہ کا مفاد پورا ہوا اور پاکستان کو دہشت گرد ملک کہہ کر بدنام کیا گیا، کیا یہی وفاداری کا صلہ تھا، کیا یہی دوستی کا انجام تھا، درد بھری حقیقت یہ ہے کہ آج بھی اس ملک میں بہت سے ایسے لوگ موجود ہیں جو بظاہر پاکستانی ہیں مگر ان کی سوچ امریکی ہے، ان کے بچے امریکی اسکولوں میں پڑھتے ہیں، ان کا علاج امریکی اسپتالوں میں ہوتا ہے، ان کی جائیدادیں امریکہ میں ہیں، ان کی شہریت دوہری ہے، وہ مشکل وقت میں پہلا جہاز پکڑ کر امریکہ بھاگ جاتے ہیں اور پیچھے پاکستان کے غریب عوام کو لاشیں اٹھانے کے لیے چھوڑ جاتے ہیں، وہ امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے کرتے ہیں، وہ امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کی سیاست چلاتے ہیں، وہ امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کرتے ہیں اور جب واپس آتے ہیں تو پھر پاکستان کا جھنڈا اٹھا کر کہتے ہیں کہ ہم ہی سب سے بڑے محب وطن ہیں۔
قوم اب جاگ رہی ہے، قوم اب سوال کر رہی ہے، قوم اب پوچھ رہی ہے کہ اگر تمہاری وفاداری پاکستان سے ہے تو تمہاری اولاد امریکہ میں کیوں ہے، تمہاری دولت امریکہ میں کیوں ہے، تمہارا علاج امریکہ میں کیوں ہے، تمہاری وفاداری کا مرکز امریکہ کیوں ہے، قوم اب سمجھ چکی ہے کہ جس کا جھنڈا پاکستان کا ہو اس کی وفاداری بھی پاکستان کی ہونی چاہیے، جس کی روٹی پاکستان کی ہو اس کا خون بھی پاکستان کے لیے ہونا چاہیے، جس کا ووٹ پاکستان کا ہو اس کا ضمیر بھی پاکستان کا ہونا چاہیے، کیونکہ جب تک جھنڈا پاکستان کا اور وفاداری امریکہ کی رہے گی اس وقت تک یہ ملک نہ آزاد ہوگا، نہ خوددار ہوگا، نہ ترقی کرے گا، حقیقی آزادی اسی دن آئے گی جس دن ہر حکمران، ہر جرنیل، ہر جج، ہر سیاستدان اور ہر شہری اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر کہے گا کہ میرا جھنڈا بھی پاکستان کا ہے اور میری وفاداری بھی صرف پاکستان کی ہے۔