1. ہوم
  2. کالمز
  3. محمد نسیم رنزوریار
  4. دنیا کو جھوٹ سے خطرہ ہے
Muhammad Naseem

دنیا کو جھوٹ سے خطرہ ہے

دنیا آج ایٹم بم سے نہیں ڈرتی، دنیا آج جھوٹ سے ڈر رہی ہے، کیونکہ ایٹم بم نے صرف دو شہر تباہ کیے تھے، ہیروشیما اور ناگاساکی، مگر جھوٹ نے پوری دنیا کو تباہ کر دیا ہے، ایٹم بم صرف ایک بار گرتا ہے، جھوٹ روز گرتا ہے، ایٹم بم صرف جسم کو جلاتا ہے، جھوٹ روح کو جلاتا ہے، ایٹم بم سے انسان مرتا ہے، جھوٹ سے انسانیت مرتی ہے، تاریخ اٹھا کر دیکھیں، دنیا کی سب سے بڑی تباہیاں ایٹم بم سے نہیں، جھوٹ سے آئی ہیں، پہلی جنگ عظیم میں کروڑوں لوگ مارے گئے، وہ ایٹم بم سے نہیں مرے، وہ ایک جھوٹے پروپیگنڈے سے مرے، دوسری جنگ عظیم میں چھ کروڑ لوگ مارے گئے، وہ بھی ایٹم بم سے نہیں، ہٹلر کے جھوٹ سے مرے، ہٹلر نے جرمن قوم کو جھوٹ بولا کہ یہودی تمہارے دشمن ہیں، یہودی تمہارا رزق کھا رہے ہیں، یہودی تمہاری تباہی کی وجہ ہیں، جرمن قوم نے اس جھوٹ پر یقین کر لیا اور پھر لاکھوں بے گناہ یہودیوں کو گیس چیمبروں میں مار دیا گیا، یہ ایٹم بم کا کمال نہیں تھا، یہ جھوٹ کا کمال تھا۔

عراق کی تباہی کو یاد کریں، امریکہ نے پوری دنیا کو جھوٹ بولا کہ عراق کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں، عراق کے پاس کیمیائی ہتھیار ہیں، اقوام متحدہ میں جھوٹی رپورٹ پیش کی گئی، جھوٹی تصویریں دکھائی گئیں، جھوٹے ثبوت دیے گئے، پوری دنیا نے یقین کر لیا، پھر عراق پر حملہ ہوا، دس لاکھ سے زیادہ مسلمان شہید ہو گئے، عراق کا پورا ملک کھنڈر بن گیا، بعد میں امریکہ نے خود مانا کہ وہاں کوئی ہتھیار تھے ہی نہیں، یہ سب ایک جھوٹ تھا، ایک جھوٹ نے ایک پورے ملک کو تباہ کر دیا، ایٹم بم نے یہ کام نہیں کیا، جھوٹ نے کیا، افغانستان میں بھی یہی ہوا، ویتنام میں بھی یہی ہوا، لیبیا میں بھی یہی ہوا، شام میں بھی یہی ہوا، ہر جگہ پہلے جھوٹ بولا گیا، پھر بم گرائے گئے، آج فلسطین میں بھی یہی ہو رہا ہے، غزہ میں بچے شہید ہو رہے ہیں، عورتیں شہید ہو رہی ہیں، ہسپتالوں پر بم گر رہے ہیں، مگر عالمی میڈیا جھوٹ بول رہا ہے کہ یہ دفاع ہے، یہ امن ہے، یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے، ظالم کو مظلوم بنا دیا گیا، مظلوم کو ظالم بنا دیا گیا۔

یہ جھوٹ ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہے، کیونکہ ایٹم بم کو تو دنیا دیکھ سکتی ہے، جھوٹ کو دنیا دیکھ نہیں سکتی، ایٹم بم کی آواز آتی ہے، جھوٹ کی آواز نہیں آتی، ایٹم بم سے بچنے کے لیے بنکر بنایا جا سکتا ہے، جھوٹ سے بچنے کے لیے بنکر نہیں بنایا جا سکتا، جھوٹ انسان کے موبائل میں گھس گیا ہے، جھوٹ انسان کے ٹی وی میں گھس گیا ہے، جھوٹ انسان کے اخبار میں گھس گیا ہے، جھوٹ انسان کے اسکول میں گھس گیا ہے۔

آج ایک جھوٹی خبر ایک سیکنڈ میں پوری دنیا میں پھیل جاتی ہے، ایک جھوٹی ویڈیو ایک پورے شہر کو جلا سکتی ہے، ایک جھوٹی پوسٹ دو فرقوں کو لڑا سکتی ہے، ایک جھوٹا واٹس ایپ میسج پورے ملک میں فساد پھیلا سکتا ہے، پاکستان میں بھی یہی ہو رہا ہے، کبھی کہا جاتا ہے کہ فلاں صوبہ الگ ہو رہا ہے، کبھی کہا جاتا ہے کہ فلاں ادارہ ختم ہو رہا ہے، کبھی کہا جاتا ہے کہ فلاں لیڈر مر گیا ہے، کبھی کہا جاتا ہے کہ فلاں جگہ دھماکہ ہوگیا ہے، لوگ بغیر تحقیق کے اس جھوٹ کو آگے پھیلا دیتے ہیں اور پھر نفرت، خوف اور مایوسی پھیل جاتی ہے، یہی جھوٹ کی طاقت ہے۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہے، آپ نے فرمایا کہ مومن ہر گناہ کر سکتا ہے، مگر جھوٹ نہیں بول سکتا، کیونکہ جھوٹ ایمان کو ختم کر دیتا ہے، قرآن میں اللہ نے جھوٹوں پر لعنت بھیجی ہے، فرمایا کہ جھوٹے پر اللہ کی لعنت ہے، اس لیے جھوٹ صرف ایک گناہ نہیں، یہ ایک ایٹم بم ہے، جو قوم جھوٹ بولنے لگ جائے، وہ قوم کبھی ترقی نہیں کر سکتی، جو میڈیا جھوٹ بولنے لگ جائے، وہ میڈیا قوم کو تباہ کر دیتا ہے، جو لیڈر جھوٹ بولنے لگ جائے، وہ ملک کو تباہ کر دیتا ہے، جو استاد جھوٹ بولنے لگ جائے، وہ نسل کو تباہ کر دیتا ہے۔

آج دنیا کو امریکہ کے ایٹم بم سے خطرہ نہیں، روس کے میزائل سے خطرہ نہیں، چین کی فوج سے خطرہ نہیں، آج دنیا کو سب سے بڑا خطرہ اس جھوٹ سے ہے، جو ہر روز ہمارے کانوں میں ڈالا جا رہا ہے، جو ہمیں بتاتا ہے کہ تم کمزور ہو، تم ہار گئے ہو، تم کچھ نہیں کر سکتے، تمہارا مذہب دہشت گردی ہے، تمہاری تہذیب پیچھے ہے، تمہاری زبان کمتر ہے، یہ سب جھوٹ ہے، حقیقت یہ ہے کہ مسلمان کمزور نہیں ہے، مسلمان سو رہا ہے، پاکستان غریب نہیں ہے، پاکستان کو غریب بتایا جا رہا ہے، بلوچستان پسماندہ نہیں ہے، بلوچستان کو پسماندہ رکھا گیا ہے، نوجوان ناکام نہیں ہے، نوجوان کو ناکام بتایا جا رہا ہے، اس لیے اگر ہمیں دنیا کو بچانا ہے تو پہلے جھوٹ کو ختم کرنا ہوگا، سچ کو زندہ کرنا ہوگا، خبر کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کی تحقیق کرنی ہوگی، جھوٹی ویڈیو کو شیئر کرنے سے پہلے سوچنا ہوگا، کیونکہ ایک جھوٹ ایک ایٹم بم سے زیادہ لوگوں کو مار سکتا ہے۔

ایٹم بم صرف ایک شہر کو مارتا ہے، جھوٹ پوری دنیا کو مارتا ہے، یاد رکھیں، ایٹم بم سے بچا جا سکتا ہے، جھوٹ سے بچنا مشکل ہے، اس لیے آج کا سب سے بڑا جہاد جھوٹ کے خلاف جہاد ہے اور آج کی سب سے بڑی طاقت سچ ہے، جو قوم سچ پر کھڑی ہوگئی، وہ ایٹم بم سے بھی نہیں ڈرے گی اور جو قوم جھوٹ پر کھڑی ہوگئی، وہ بغیر ایٹم بم کے بھی تباہ ہو جائے گی، دنیا کو ایٹم بم سے نہیں، جھوٹ سے خطرہ ہے۔