"دنیا نفع اٹھانے کی چیز ہے اور نیک عورت سے افضل کوئی چیز متاع دنیا میں نہیں ہے"۔ (سنن ابن ماجہ، ح 1855)
"اللہ سے ڈرنے کے بعد مومن نے نیک بیوی سے بہتر کسی چیز سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ اگر اسے حکم دے تو فرمانبرداری کرے اس پر نگاہ ڈالے تو خوش کردے اور اگر اس پہ اعتماد کرکے قسم کھالے تو وہ اس قسم کو سچا کر دکھائے اور خاوند کی غیر موجودگی میں اپنی ذات اور خاوند کے مال میں بھلائی کرے"۔ (سنن ابن ماجہ، ح1857)
ان احادیث کا مطالعہ کرتے ہوئے میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اللہ نے میرے جیسے گناہ گار بندے کو بالکل ایسی ہی اہلیہ سے نوازنا تھا۔
2018ء میں ہماری شادی ہوتی ہےاور شادی سے پہلے ہی مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ میری اہلیہ نیک دل اور سادہ طبیعت عورت ہیں۔ لیکن میرے چھوٹے بھائی اور ساتھ ساتھ بہت ہی قریبی دوست نے مجھے کہا یہ سب دکھاوا ہے۔ وہ بضد تھے کہ میری اہلیہ شادی کے بعد اپنے اصلی رنگ دکھائیں گی اور عام خواتین کی طرح میرا بہت خرچہ کروائیں گی۔ الحمد اللہ! ایسا کچھ نہ ہوا۔
عموماً شوہر حضرات شادی کی رات منہ دکھائی پر اپنی نئی نویلی دلہن کو زیور دیتے ہیں، سونا دیتے ہیں، انگوٹھی دیتے ہیں۔۔ میرا اس وقت حال یہ تھا کہ میں نے اپنے دوست سے کچھ پیسے ادھار لیے اور کچھ اچھے جوڑے خرید لیے اور کیونکہ لکھنے پڑھنے کا شوق ہے لہذا ساتھ شاعری بھی شامل کرلی۔ میری اہلیہ نے نہ صرف خوشی خوشی میرے تحائف قبول کیے بلکہ آج تک کبھی احساس نہیں دلایا کہ میں نے ان کو وہ تحائف نہیں دیے جن کی وہ حقدار تھیں۔
شادی کے ابتدائی دنوں میں بہت سی خواتین نے میری اہلیہ کے کان بھرنے کی کوشش کی۔ انہیں کہا جاتا کہ ابھی سے اپنے مرد کو قابو میں لے لو، خرچہ کرواؤ، ورنہ اس کی عادت بگڑ جائے گی، وغیرہ وغیرہ۔ الحمد اللہ! میری اہلیہ نے ان ساری خواتین کی بات ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے خارج کردی۔
یہاں تک کہ میرے والد صاحب نے ایک بار میری اہلیہ سے میری جانب اشارہ کرتے ہوئے پوچھا: "کہیں تم اس شخص کے ڈر کی وجہ سے تو گھر میں نہیں ٹکی رہتی؟ ایسا تو نہیں تمہیں گھومنے پھرنے کا شوق ہے لیکن اس کی وجہ سے رکی ہوئی ہو؟" میری اہلیہ نے بڑے احترام کے ساتھ جواب دیا: "نہیں! بلکہ جب یہ نہیں ہوتا تو میں بہت اکیلی ہوجاتی ہوں۔ اس کے بغیر گھومنے پھرنے کا شوق نہیں"۔
حتی کہ جب ہنی مون کی بات آئی تو میں نے اپنی اہلیہ سے کہا: "دیکھو! ہمارے والدین نے ہماری شادی پر بہت خرچا کیا ہے اور ابھی میری مالی حالت بھی اچھی نہیں ہے۔ میں اپنے والدین پر ہنی مون کا بوجھ نہیں ڈال سکتا"۔ یہ آخری بار تھا کہ ہنی مون کی بات ہوئی۔ میری اہلیہ نے کبھی بھی ضد نہیں کی کہ ہنی مون پر لے جائیں۔ حالانکہ میری والدہ اصرار کر رہی تھیں، میری اہلیہ سے کہہ رہی تھیں کہ اپنے سسر سے کہو تمہیں اس واسطے خرچہ دیں۔ لیکن الحمد اللہ! میری اہلیہ نے ایک عقل مند خاتون ہونے کا ثبوت دیا، انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
اور اگر کسی کو لگ رہا ہے کہ میری اہلیہ بہت پختہ عمر کی تھیں تو میں بتا دوں کہ میری اہلیہ اس وقت 18 سے 19 سال کی تھیں۔
اور ایسا نہیں ہے کہ میں خرچہ نہیں کرتا تھا۔ میں کتابوں کا شوقین ہوں اور یقین مانیں میں نے کتابوں پر بہت خرچا کیا ہے۔ لیکن میری اہلیہ نے ایک بار بھی مجھے اس بات کا احساس نہیں دلایا کہ میں نے کتابوں پر خرچ کیوں کیا یا یہ کہ میں نے ان پر اتنا خرچ کیوں نہیں کیا۔ یہاں تک کہ شادی ہونے کے بعد بھی میں اپنی مختصر کمائی سے کتابوں کے لیے پیسے نکال لیتا تھا اور میری اہلیہ اس بات پر کبھی سیخ پا نہیں ہوئیں۔
شادی کا پہلا سال مکمل ہوا اور مجھے لگا کہ بیمہ پالیسی خریدنی چاہیے۔ لیکن میرے پاس اس کے لیے بھی پیسے نہیں تھے۔ میری اہلیہ الحمد اللہ! بچپن سے پہلی یا دوسری نشست حاصل کرنے والی طالبہ رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی گیارہویں جماعت کے امتحان میں حاصل ہونے والی انعامی رقم میرے حوالے کردی، کہا اس سے ابتدا کریں۔
شادی کے ابتدائی دو سالوں تک تو میرے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہوتے تھے کہ اہلیہ کی یا ہماری شادی کی سالگرہ ہو تو میں کوئی ڈھنگ کا تحفہ خرید سکتا۔ عید کے موقعے پر میں نے ان کے لیے مصنوعی زیور خریدا تھا اور وہ اس قدر سستا اور غیر معیاری تھا کہ پہنانے سے پہلے ہی اللہ کو پیارا ہوگیا۔ میں اس لمحے رو پڑا لیکن میری اہلیہ نے مجھے سمجھایا کہ کوئی بات نہیں اور مجھے حوصلہ دیا۔ ان کا میرے اوپر ایمان پختہ تھا۔
ایک ایسا وقت بھی آیا کہ میرے اپنے والدین مجھ سے مایوس ہوگئے۔ میں تیسری بار مقابلے (سی ایس ایس)کے امتحان میں ناکام ہوگیا۔ گھر والوں کو امید تھی کہ میں کامیاب ہوجاؤں گا۔ لیکن جب نہ ہوا تو وہ مجھ سے نالاں ہوگئے۔ مجھے ایسے دکھنے لگے جیسے میں کوئی اچھوت ہوں۔ ان کے اس رویے سے میں مایوسی کا شکار ہوگیا۔
اس وقت میری اہلیہ میرے ساتھ نہ ہوتیں تو نجانے میں کس نفسیاتی کیفیت کا شکار ہوتا۔ یاد رہے میری اہلیہ بہت کم عمر میں میری شریک حیات بنی تھیں۔ ان کا مستقبل میرے مالی اور پیشاورانہ مستقبل سے جڑا تھا۔ کوئی عام خاتون ہوتی تو مجھے طعنے دیتی، میرے گھر والوں کے ساتھ شریک ہوجاتی۔ کہتی کہ میں کس نکمے نالائق کے ساتھ پھنس گئی، ایک تو تمہاری آمدن کم ہے اور اب تو تمہارا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے۔۔ لیکن میری اہلیہ نے ایک بار بھی میرے اوپر شک نہیں کیا۔ پتہ نہیں کیسے انہیں ایسی صورتحال میں بھی میرے اوپر اعتماد تھا۔ انہیں تو ایک فیصد بھی فرق نہ پڑا۔ بلکہ جب معمول سے ہٹ کر میں خیالوں میں گم رہتا تو مجھ سے فرماتی تھیں کہ "چھوڑو بھی! زندگی کا لطف لو۔ پریشان ہونے سے کیا ہوگا؟" دکھ کی وجہ سے میں معمولات زندگی میں دکھی رہتا تو وہ مجھ سے ضد کرتیں کہ مجھے پروا نہیں کرنی چاہیے اور زندگی کو ویسے ہی گزارنا چاہیے جیسے میں پہلے گزارا کرتا تھا۔
جب میں معمولی نوکریاں ڈھونڈ کر اور حاصل کرکے خوش ہوجاتا تو میرے اس رویے پر میری اہلیہ کے دادا جان فرماتے کہ یہ تمہارا شوہر کیسی نوکریاں کر رہا ہے، ان نوکریوں سے تو کچھ نہیں بنے گا۔ میری اہلیہ ان سے لڑ جاتی تھیں، جبکہ ان کے داد نے ہی انہیں پالا ہے اور ان کی کفالت کی ہے۔ وہ اپنے دادا جان سے میرے لیے لڑجاتی تھیں۔ کہتی تھیں کہ کیا میرا شوہر پہلے ہی دن کروڑ پتی بن جائے گا کیا؟ کم از کم وہ کسی کا حق تو نہیں مار رہا یا کوئی غلط کام تو نہیں کر رہا۔ یاد رہے یہ وہ وقت ہے جب میرے بہت سے رشتے دار اور میرے ہم عمر مجھ سے کافی آگے نکل چکے تھے۔
اہلیہ اپنے ساتھ جہیز میں ایک زبردست اے سی لائی تھیں، لیکن اپنی مالی حالت کے باعث میں انہیں پابند کرتا کہ صرف 4 گھنٹے ہی ہم استعمال کرسکتے ہیں۔ اس بات پر بھی انہوں نے کبھی تکلیف ظاہر نہیں کی۔ میری اس پابندی کو انہوں نے خوشی خوشی تسلیم کرلیا۔
آج میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو یقین ہی نہیں آتا کہ 18 سال کی لڑکی اتنی صابر اور بااخلاق اور شوہر کی تعبدار ہوسکتی ہے۔
پھر وہ وقت بھی آیا جب ہمیں خوشخبری ملی۔ ہم دو سے تین ہونے والے تھے۔ یہ وہ وقت ہے جب میرے والدین پر بھی برا وقت آگیا۔ اب تو آخری راستہ بھی بند ہوتے نظر آرہا تھا۔ لیکن میری اہلیہ نے اس وقت بھی میرا ساتھ نہیں چھوڑا۔ ایک بار بھی احساس نہیں دلایا کہ اب کیا ہوگا؟ آنے والی ننھی سی جان کا کون دیکھ بھال کرے گا؟ ہمارے معاشی حالات تو اس قابل نہیں، وغیرہ وغیرہ۔
لیکن کہتے ہیں نا کہ قسمت کو کروٹ لینے میں کچھ ہی لمحے لگتے ہیں۔ چند ماہ کے اندر اللہ نے میری قسمت ہی بدل دی۔ ہمارے وہم و گمان میں بھی جو دولت نہیں تھی اس نے ہمارے دروازے پر دستک دی۔ یقین مانیں، میں اپنی اہلیہ کے ساتھ منصوبے بناتا تھا کہ اتنی رقم جوڑیں گے اور پھر 10 سال بعد اس حالت کو پہنچیں گے کہ کرائے پر اپنے لیے کوئی گھر حاصل کریں گے۔ لیکن کچھ ہی ماہ میں معاملات ایسے طے ہوگئے کہ تمام مالی مشکلات دور ہوگئیں۔
قریب دو سال تک قدرت مہربان رہی۔ اس دوران بھی کچھ حد تک مشکلات تھیں۔ کبھی گاڑی بیچنی پڑی تو کبھی کرائے پر معتدد فلیٹز تبدیل کیے۔
مہنگائی بڑھتی جارہی تھی اور میں نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ ہم ملازم کی تنخواہ نہیں برداشت کرسکتے۔ اس دوران بھی میری اہلیہ نے میرا ساتھ دیا۔ گھر کے کام ہم نے خود کرنے کی عادت ڈال لی۔ مجھے دوسروں کا نہیں پتہ، لیکن ہم جس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، حتی کہ میں اپنے پڑوس میں بھی دیکھتا ہوں، کوئی بھی ایسا نہیں جو ملازموں کے بغیر گزارا کر رہا ہو۔
2022ء کی بات ہے، ہم کرائے کی زندگی سے تنگ آچکے تھے۔ ہم فلیٹ خریدنے کے لیے نکل پڑے۔ میں نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ اگلے سال ہم اپنے فلیٹ میں ہونگے۔ لیکن جونہی میں نے فلیٹ کی بکنگ کی، چند ماہ بعد ملک میں بدترین سیلاب رونما ہوا۔ ہماری ساری فصل تباہ ہوگئی۔ میری حالت پتلی ہوگئی اور مجھے یہ ڈر تھا کہ بکنگ تو کرلی لیکن رقم کہاں سے لائیں گے؟
ایسے وقت میں بھی میری اہلیہ میرے کام آئیں۔ ان کی ایک خاندانی زمین تھی جس میں ان کا حصہ تھا۔ عین اس وقت وہ زمین بکی اور میری اہلیہ نے اپنے حصے سے آنے والی رقم مجھے دے دی۔ میں نے فلیٹ ان کے نام پر خریدا کیونکہ انہی کی رقم استعمال ہوئی۔ وہ چاہتیں تو آسانی سے رقم اپنے پاس رکھتیں اور عیش کرتیں، لیکن انہوں نے ہم دونوں کا مستقبل ذہن میں رکھا۔
اگلے دو سال مسلسل وہ مجھے قرض دیتی رہیں۔۔ میں زیادہ نہیں بیان کرسکتا لیکن اگر مجھے قرض نہ دیتیں تو میرے ساتھ ساتھ میرے کاروبار سے منسلک کئی ملازمین کا ستیاناس ہوجاتا۔ انہوں نے مجھے دو بار دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ یہاں تک ایک موقع پر میری 5 سالہ محنت تباہ ہوتے نظر آرہی تھی، سب کچھ جانے کا ڈر تھا، لیکن انہوں نے میرا ہاتھ تھامے رکھا۔ عین اس موقع پر جب وہ جسمانی طور پر شدید تکلیف کا شکار تھیں۔
اس سال، بجلی کے بل سے پریشان ہوکر ہم نےسوچا کہ اپنے آبائی شہر چلے جاتے ہیں، وہاں زیادہ دیر رہتے ہیں اور سولر لگا کر بچت کرتے ہیں کیونکہ شہر میں ہمارے پاس فلیٹ ہے اور اس میں سولر لگ نہیں سکتا۔ دوسرا ہم نے الیکٹرک بائیک خریدنے کا سوچا تاکہ پیٹرول کی جھنجٹ سے چھٹکارہ حاصل کرسکیں۔
میری اہلیہ نے اس سب کے لیے اپنی قیمتی انگوٹھی بیچ دی اور دیکھیں میرے رب نے ہمارے اوپر کیسے کرم نوازی کی۔ جونہی ہم نے سولر لگایا اور الیکٹرک بائیک خریدی، سونے کی قیمت گرتی گئی اور پیٹرول اور بجلی کے نرخ ترقی کرتے گئے۔ عین اس موقع پر جب لوگ پیٹرول کی وجہ سے پریشان تھے، بجلی کے بڑھتے بلوں کی وجہ سے پریشان تھے، ہم پرسکون ہو کر زندگی گزار رہے تھے۔
میں نے سنا تو تھا کہ ہر کامیاب آدمی کے پیچھے عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، لیکن مجھے اندازہ نہیں تھا کہ عورت کے اس ہاتھ میں کتنی شفقت، کتنا صبر، کتنی قربانی جمع ہے۔ آج میں جو ہوں، جہاں ہو، کسی کے کام آیا ہوں، تو اس کی وجہ میری اہلیہ صاحبہ ہیں۔ میں بہت گناہ گار ہوں، لیکن شاید کوئی ایسا نیک عمل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے اللہ نے مجھے ایسی نیک صفت بیوی عطا کی۔ جہان دنیا اتنی سخت ہے، ہر جگہ دھوکے باز طاق میں بیٹھے ہیں، وہیں مجھے اس بات کا اطمینان ہے کہ میری اہلیہ میرے ساتھ ہیں۔۔ وہ مجھے کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گی۔
میرے والد صاحب نے مجھے ایک بار کہا تھا کہ اگر انسان کے ساتھ اس کی اہلیہ ہو تو وہ پوری دنیا کا مقابلہ کرسکتا ہے، لیکن اگر اس کی اہلیہ اس کے ساتھ نہ ہو تو پوری دنیا کی طاقت بھی اس کی کوئی معاونت نہیں کرسکتی۔
میں جب بھی مایوس ہوتا ہوں، جب بھی شیطانی وسوسے میرے ذہن میں ڈیرے جماتے ہیں، میں یہ سوچتا ہوں کہ اللہ نے ایک با حیا اور صابر اور شاکر بیوی مجھے عطا کی ہے۔۔ دنیا کی کوئی طاقت سوائے رب کی ذات کے میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔