ہم آکسفورڈ میں تھے اور کافی مصروف۔ آکسفورڈ کے کالج، لائبریریاں اور میوزیم دیکھنا روز کا معمول، جہاں ہر طرف پچھلے ہزاروں بلکہ لاکھوں سال کی انسان کی تاریخ بکھری پڑی تھی۔ ایک دن بیٹی نے بتایا کہ سر ونسٹن چرچل کی جاگیر بھی قریب ہی ہے، سو ہم ادھر چلے گئے۔ دیکھ کر شدید حیرت ہوئی کہ اتنا بڑا محل، وسیع جاگیر، جو ٹرین میں بیٹھ کر بھی ایک دن میں نہیں گھومی جا سکتی اور ایسے شاہانہ ماحول میں پلنے والا شخص جمہوریت کا اتنا بڑا حامی اور اتنا بڑا انسان دوست۔
جب ہم ہندوستان اور اس کی آزادی کے حوالے سے چرچل کے ذہن اور خیالات کو کھنگالنے کی کوشش کرتے ہیں، تو چند اہم پہلو سامنے آتے ہیں۔ چرچل اس بات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا تھا کہ برطانیہ نے دو سو سال تک قربانیاں دے کر سینکڑوں بکھری ہوئی ہندوستانی ریاستوں کو یکجا کرکے متحدہ ہندوستان تخلیق کیا۔ سول سروسز اور ریلوے جیسے جدید ادارے قائم کرکے ہندوستان کو جدید خطوط پر استوار کرنا برطانیہ کا ایک بڑا احسان تھا۔ چرچل کو ہندوستانی اقلیتوں، بالخصوص دلتوں اور مسلمانوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کا بڑا خیال تھا اور وہ اس بات پر فکر مند رہتا تھا کہ ایک آزاد ہندوستان میں ان طبقات کی فلاح و بہبود اور مستقبل کا کیا بنے گا؟
انگریزوں کے دور کو ہم غلامی کا دور کہتے ہیں لیکن کیا اس سے پہلے ہندوستان آزاد تھا؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب پاکستانی مسلمان ہوتے نہیں دیا جا سکتا۔ ہاں اگر ہم ہندوستانی بن جائیں تو پھر کہہ سکتے ہیں کہ تقریباً ایک ہزار سال سے ہم غلام تھے۔ غلامی کے اس دور میں ہندوستان کبھی بھی متحد نہیں رہا۔ خلجی، تغلق اور مغل اعظم اکبر کے دور میں بھی کچھ ریاستوں کو تخت دہلی کے سامنے نہیں جھکایا جا سکا۔ اورنگزیب نے کافی حد (مکمل طور پر نہیں) تک پورے ملک پر اپنا سکہ جما لیا۔ نا اہل حکمرانوں کی موجودگی میں یہی کام مغل سلطنت کی تباہی کا سبب بنا۔
انگریز نے انسانی تاریخ میں پہلی بار پورے ہندوستان کو متحد کر دیا۔ ریلوے، نہری اور عدلیہ کے نظام بھی دیے لیکن اس کی سب سے بڑی خدمت مقامی حکومتوں کی بنیاد تھی۔ ان کی وجہ سے ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار شہریوں کو حتیٰ کہ دیہات کے رہنے والوں کو بھی حکومتی خدمات کے ثمرات پہنچنا شروع ہوئے۔ ان اداروں کے زیرسایہ سکول، ہسپتال، بازار، پانی اور صفائی کے شعبے کام کر رہے تھے۔ اس نظام کو چلانے کے لیے پیسے بھی زیادہ تر مقامی سطح پر اکٹھے کیے جاتے۔ نقشہ، دکانیں، مویشی منڈیاں، اڈے سب کی کمائی ان کے پاس جمع ہوتی۔ کمائی کا سب سے بڑا ذریعہ چونگی تھی۔ اسی سبب سے اس دور میں شیخوپورہ کی ضلع کونسل پاکستان کے تمام اضلاع سے امیر تھی۔
تجارت پیشہ لوگوں کی حکومت آئی تو خادم اعلیٰ نے اس نظام کو بدل دیا۔ حکم ہوا کہ چونگی ٹیکس پیداواری یا امپورٹ کی سطح پر ہی قیمت میں شامل کر لیا جائے گا۔ صوبے پھر وہ فنڈ شہری اداروں میں بانٹیں گے۔ بھلا جو صوبوں اور وفاق کے پاس چلا جائے وہ بھی کبھی عوام تک پہنچا ہے؟ مقامی حکومت سے تمام کمائی کے ذریعے چھین کر صوبے اور مرکز کو دے دیے گئے۔ مویشی منڈیاں محکمہ لائیو سٹاک، پراپرٹی کی منتقلی پر ٹیکس محکمہ مال جنم پرچی نکاح طلاق کی فیس نادرا کو اور اڈے پرائیویٹ کر دیے۔ اب یہ ادارے پائی پائی کو ترسنے لگے۔
کمائی ختم: بڑے سکول پہلے ہی نیشنلائز ہو گئے تھے، پرائمری اور مڈل محکمہ تعلیم کے حوالے کرنا پڑے۔ پرانے بلدیاتی نظام میں سکول کے اساتذہ مقامی سطح پر بھرتی ہوتے تھے۔ سو وہ مقامی لوگوں کو جواب دہ تھے۔ سب کچھ صوبے کے پاس چلا گیا تو جوابدہی کا یہ عمل متاثر ہوا۔ اب ہمارا تعلیمی نظام اسفل سافلین ہو چکا ہے۔ ہسپتالوں کا خرچ بھی نہ دیا جا سکا تو وہ بھی محکمہ صحت کے کھاتے میں ڈال دیے۔ اب وہ سب ٹھیکے پر دے دیے گئے ہیں۔
مقامی حکومتیں اپنی نالیاں صاف کرنے اور کوڑا اٹھانے کے لیے بھی صوبے کی طرف دیکھنے لگیں۔ خادمین اعلی، کا جب دل چاہتا تھوڑے سے پیسے اس کے منہ میں ڈال دیتے۔ اس معمولی رقم سے کچھ دن دیہاڑی دار مزدوروں سے گند اکٹھا کروا لیا جاتا۔ کچھ سال پہلے ایک وقت ایسا بھی آیا کہ لاہور کی مال روڈ اور کراچی کی شاہراہ فیصل پر بھی گند کے انبار نظر آنے لگے تھے۔ اب وہ وقت ہے کہ عملے کو کئی کئی ماہ تنخواہ اور پنشن ہی نہ ملتی۔
پوری دنیا مقامی حکومتوں کو مضبوط کر رہی ہے۔ انگلینڈ میں صوبے نام کی کوئی چیز نہیں۔ صرف وفاق اور مقامی حکومتیں جو مقامی سطح پر سارے کام کرتی ہیں۔ ہمارے سارے کام الٹ ہیں۔ ہم نالیاں صاف کرنے کے لیے بھی صوبے کے محتاج ہیں۔
صوبہ ہر سال دو سال بعد ایک نئی اتھارٹی بنا کر عوام کو نچوڑنا شروع کر دیتا ہے۔ پہلے مقامی حکومت کے ڈاکٹرز اور دوسرے افسر شہروں میں دودھ دہی کی دکانیں، گوشت اور کھانے کی دیگر اشیا کا معیار دیکھتے تھے اور خرابی کے لیے عوام کو جواب دہ تھے۔ اس کام کے لیے فوڈ اتھارٹی بنا دی گئی جس کا کام صرف سالانہ فیس لینا اور جرمانے کرنا ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال آپ کو ہر شہر اور ہر گلی میں مردہ مرغیوں کے گوشت سے بنا شوارما اور برگر کی شکل میں دکھائی دیتی ہے۔ کبھی آپ نے غور کیا کہ اتنی زیادہ مرغی پیدا ہوتی ہے اور بکتی ہے لیکن آج تک کوئی ایک بھی مردہ مرغی کسی جگہ پر نہیں دیکھی گئی۔ وہ کہاں جاتی ہیں؟
ریونیو اتھارٹی بنائی گئی، ہر چیز کی فروخت پر، کھانے پر بھی سولہ فیصد ٹیکس لگا دیا گیا۔ چاہے دال روٹی کھائیں۔ صفائی کا شعبہ سر سبز پنجاب اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کا ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے حوالے۔ حکومت عوام سے اس کام کا ٹیکس لیتی ہے اور ان کمپنیوں میں ٹھیکیدار جو کرپشن کر رہے ہیں اس کی کہانیاں حکومت کے جانے کے بعد سامنے آئیں گی اور سمجھدار لوگ کہتے ہیں کہ یہ سب بھاگ جائیں گی۔
صفائی اور ویسٹ کے علیحدہ علیحدہ بل وصول کرنے کے بعد اب واسا کو پنجاب کے تمام اضلاع میں پھیلا کر کھانے ہضم کرنے کے بعد نکالنے پر بھی ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔ نعرہ ہے، زیر زمین پانی کی حفاظت کرنی ہے۔ بھائی کیسے؟ زیر زمین پانی لینے کے لیے موٹر لگانی ہے تو ٹیکس دو۔ ہسپتالوں اور سکولوں پر فی باتھ روم ٹیکس، فی مرلہ بھی۔ گھروں پر بھی۔ ہسپتال رجسٹر کروانے ہیلتھ کیئر کمیشن کے پاس جاؤ تو وہ کہتے ہیں ایمرجنسی، ڈائیلائسس کے بیڈ نہیں گنے جائیں گے کہ ان پر مریض کچھ وقت کے لیے ٹھہرتے ہیں۔ پارٹ ٹائم کام کرنے والے کلینک ہیں، ہسپتال نہیں۔ وہاں کے بیڈ بھی عارضی ہوتے ہیں۔ واسا کہہ رہا ہر بیڈ گنیں گے اور فی پانچ بیڈ ایک باتھ روم۔ موجود ہے یا نہیں، ٹیکس دو۔ ٹیکس بھی کمرشل۔
تعلیمی ادارے اور صحت کے ادارے تو خدمت کے شعبہ جات ہیں ان کو کمرشل کس نے قرار دے دیا؟ یہ ظلم تو چنگیز خان نے بھی نہیں کیا تھا اس کے دور میں بھی طبیب اور اور اساتذہ لازمی فوجی نوکری اور ٹیکس سے مستثنیٰ تھے۔
پانی پر ٹیکس لگا تو چرچل یاد آ گیا۔ سنتے ہیں کہ اس نے انڈیا کی آزادی پر کہا تھا، "اقتدار بدمعاشوں، نوسربازوں اور لٹیروں کے ہاتھوں میں چلا جائے گا، تمام ہندوستانی رہنما کم ظرف ہوں گے۔ ان کی زبانیں میٹھی اور دل کمزور ہوں گے۔ وہ اقتدار کے لیے آپس میں لڑیں گے اور ہندوستان سیاسی چپقلشوں میں کھو جائے گا۔ ایک دن ایسا آئے گا جب ہندوستان میں ہوا اور پانی پر بھی ٹیکس لگا دیا جائے گا"۔