1. ہوم
  2. افسانہ
  3. ظفر عمران
  4. ملک محمد بوٹا صاحب
Zeffer Imran

ملک محمد بوٹا صاحب

پہاڑ پر مکان بناتے پتھر مفت یا سستا تو اینٹ منہگی پڑتی ہے، پہاڑی گانو کی کسی پتھریلی سڑک سے گزرتے دور کہیں چوٹی پر اینٹوں سے بنا بنگلا دکھائی دے تو مان لیجیے، یہ گانو کے محمد مسکین کے پڑ پوتے محمد بوٹا کا مکان ہے، جو مسکین کے تیسرے بیٹے محمد خضر کے پہلوٹی کے لڑکے محمد نصیر کا سب سے چھوٹا لڑکا ہے۔ مسکینے کی بیوی ٹی بی سے مری تھی، خضرا دوسرے گانو سے لڑکی بھگا کے لایا تھا، جو بعد میں کسی اور کے ساتھ بھاگ گئی، نصیرا اس بھگوڑی کے بطن سے تھا اور اس نے تین جماعتیں پاس کی تھیں، اتنا تعلیم یافتہ ہونے کے با وجود شہر کی منڈی میں ٹوکری اٹھاتا تھا۔ جیسے تیسے کرکے نصیرے نے اپنے بیٹے محمد بوٹے کو بیرون ملک بھیج دیا اور وہاں بوٹا خوب کمائی کرتا ہے، اس کا ثبوت گانو کے پہاڑ کی چوٹی پر ایستادہ یہ بنگلا ہے۔

شہر میں یہ بنگلا کم سرمائے سے تعمیر ہو سکتا تھا، لیکن شہر میں ایسے سیکڑوں ہزاروں بنگلے ہیں، کون جانے محمد بوٹا کون ہے اور اس کا باپ کون تھا، دادا کون اور پر دادا کون۔ ایسے بنگلے کی شان تو گانو میں ہے اور یہ ویلڈیشن ارد گرد کے کئی دیہات سے ملتی ہے کہ ملک محمد مسکین کا پڑ پوتا بڑا قابل نکلا، دادا پر دادا ہی کا نام نہیں، ملک برادری کو نام بھی روشن کیا۔

ملک محمد بوٹا صاحب جب جب پر دیس سے چھٹی آتا تو گانو والوں کو پر دیس کے حیرت ناک قصے سناتا، میموں کی ننگی ٹانگوں کے قصیدے پڑھتا کہ زندگی تو وہاں ہے، یہاں تم لوگ فقط گھاس کاٹ رہے ہو، تم نرے جاہل ہو اور ہمیشہ جاہل رہو گے، لو میری چھٹی ختم ہوئی اب میں موج مستی کرنے وا پس چلا۔

جاہلوں کا بھی یہ احوال ہوتا کہ ملک محمد بوٹا صاحب کی اس قابلیت کے اعتراف میں کہ وہ نا صرف پر دیس دیکھ چکا، بل کہ وہاں درختوں سے پیسے توڑ کے لاتا ہے، پر واہ وا کرتے، جھومتے، داد دیتے اور سر پر بٹھا کر ایر پورٹ تک رخصت کرنے آتے، کچھ اس امید پر کہ ایک دن بوٹا ہمیں بھی پر دیس بلائے گا۔ بوٹا پر دیس پہنچ کر پھر سے ٹیکسی چلانے لگتا اور اپنی تنہائی کے لمحات میں تکیے میں منہ چھپا کے رونے لگتا۔

پر دیس میں دوسرے درجے کا شہری محمد بوٹا، آج بھی تکیے میں منہ چھپا کر روتا ہے، لیکن گانو والوں کو جاہل کہنے کے لیے اس بوٹے کو اب چھٹی کا انتظار نہیں کرنا پڑتا۔ وہ پر دیس میں رہتا ہے، وہاں بیٹھے سوشل میڈیا پر نمو دار ہوتا ہے اور پاکستان کی طرف منہ کرکے لکھتا ہے، تم جہالت میں پڑی گم راہ قوم ہو، تمھیں کیا معلوم زندگی کیا ہوتی ہے، زندگی کی حقیقتیں کیا ہیں، تم پاتال میں رہنے والے کیڑے مکوڑے ہو، تم کیا، تمھارا معاشرہ کیا اور تمھارا دین و مذہب کیا، سب تاریکی ہی تاریکی ہے۔

دوسرے درجے کا شہری بوٹا وہاں کی زبان میں کیا بولے، اس کے پاس کہنے کو کچھ ایسا نہیں جس سے وہاں کے شہری کو متاثر کر سکے۔ اس کی واحد خوبی، واحد قابلیت پر دیس میں مزدوری کرنا تھی اور ہے، اس خوبی کی پہچان، عزت تو گانو میں بنے گی، جہاں وہ محرومی کا مارا، گانو والوں ہی کو جاہل بتلا بتلا کر اپنی محرومی کا ازالہ کرتا ہے۔ اپنی پہچان سے کٹ کر بوٹا ذہنی بیمار ہو چکا ہے لیکن یہ مانتا نہیں۔ جب جب اس کا ڈپریشن بڑھتا ہے، منہ ول سوشل میڈیا شریف کرکے لکھنے لگتا ہے، پاکستانیو، اوئے جاہلو، تم کیا جانو، میں یہاں کتنے مزے میں ہوں، تم لوگ پاکستان میں بیٹھے سڑتے رہو، کیوں کہ تم نا لائق ہو اور ہاں مجھی کو پتا ہے جمہوریت کیا ہے، سیاست کیا ہے، مجھے پتا ہے، مذہب کیا ہے اور میں ہی جانتا ہوں کہ دنیا کے باقی معاملات، مسائل کا حقیقی حل کیا ہے۔

گانو کے ناکارہ، آوارہ مبینہ جاہل بوٹے کی ان زہریلی باتوں پر واہ وا کرتے ہیں، لیکن یہ بھی نہیں جانتے کہ اس محمد بوٹا کا باپ کیا تھا، دادا کون، پر دادا کون تو اس بوٹے کو دیہی بوٹے کی نسبت یہ چھوٹ بھی حاصل ہے کہ یہ اپنا باپ دادا بدل لے اور خود کو خاندانی دانش ور بتلائے، بھلے یہاں اس کا باپ گھاس کاٹتا تھا اور اس کے تعریف کے مطابق اب بھی جاہل ہے کیوں کہ وہ بھی پاکستان میں رہتا ہے۔