دائی نغمہ ایک بہت بڑی دائی تھی۔ وہ لوگوں کی مفت مدد کیا کرتی تھی۔ اس نے کبھی کسی سے اپنی خدمات کے عوض پیسے نہیں لیے تھے۔ مہناز اس کی اکلوتی بیٹی تھی، جس کی عمر تقریباً بائیس سال تھی، مگر ابھی تک اس کی شادی نہیں ہوئی تھی، کیونکہ اس کا ایک گردہ خراب تھا۔
بیٹی کے گردے خراب ہونے کی وجہ سے دائی نغمہ کو اس کے علاج کے لیے بہت سے پیسوں کی ضرورت رہتی تھی۔ وہ دن رات محنت کرتی، مگر اس کے باوجود کبھی کسی ضرورت مند کی مفت مدد کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتی تھی۔
مہناز کو ڈائلیسس کے لیے بہت پیسوں کی ضرورت ہوتی تھی۔ کبھی اچانک اس کی طبیعت بگڑ جاتی تو دائی نغمہ اسے لے کر اسپتال بھاگتی۔ مہناز نے کبھی اپنی ماں سے کوئی شکایت نہیں کی، کیونکہ وہ جانتی تھی کہ اس کی ماں پہلے ہی اس کے علاج کے لیے کتنی محنت کر رہی ہے۔ اس کا ایک گردہ مکمل طور پر خراب ہو چکا تھا اور اس کے اثرات دوسرے گردے پر بھی پڑ رہے تھے۔
دائی نغمہ ایک نہایت اچھی اور ہمدرد دائی تھی۔ وہ لوگوں کی مدد اس طرح کرتی تھی جیسے سب اسی کے اپنے خاندان کا حصہ ہوں، حالانکہ وہ سب محلے والے تھے۔ اس کے اپنے خاندان میں اس کی ایک چھوٹی بہن تھی، جو چند سال پہلے انتقال کر چکی تھی۔ دائی نغمہ اپنے گھر میں اکیلی رہ گئی تھی۔
محلے میں جب بھی کسی کے ہاں زچگی کا معاملہ ہوتا، وہ سب کام چھوڑ کر بھاگتی ہوئی پہنچ جاتی اور اپنی پوری ذمہ داری کے ساتھ لوگوں کی مدد کرتی۔ اس نے اپنے کام کو ہمیشہ ایک پیشے سے بڑھ کر ایک ذمہ داری سمجھا۔ کبھی بیزاری نہیں دکھائی، کبھی کسی سے بے رخی نہیں برتی، بلکہ ہر عورت کی مدد دل و جان سے کی۔
آج اس کی اسی بے لوث محبت کا صلہ ملنے کا وقت تھا۔
جب محلے والوں کو معلوم ہوا کہ مہناز کے گردے فیل ہو چکے ہیں اور اس کے علاج کے لیے بہت بڑی رقم درکار ہے تو سب نے مل کر ایک فیصلہ کیا۔
انہوں نے سوچا کہ جس عورت نے ساری زندگی دوسروں کے دکھ درد بانٹے، آج اس کے دکھ کو ہم سب مل کر بانٹیں گے۔ کیوں نہ سب لوگ مل کر پیسے جمع کریں اور مہناز کے علاج کا انتظام کریں؟
یہ سب دائی نغمہ کی بے لوث محبت اور خلوص کا نتیجہ تھا، ورنہ آج کے دور میں کون کسی کے لیے یوں اپنا وقت اور پیسہ صرف کرتا ہے؟
محلے والوں نے مل کر چندہ جمع کرنا شروع کیا۔ تین ماہ کی مسلسل کوشش کے بعد مطلوبہ رقم جمع ہوگئی۔ پھر سب نے مل کر مہناز کے گردے کی پیوندکاری کا انتظام کیا اور اس کا آپریشن کروا دیا۔
یوں دائی نغمہ کی برسوں کی بے لوث خدمت رنگ لے آئی۔ آج اسے احساس ہوا کہ انسان جو محبت اور خلوص دوسروں میں بانٹتا ہے، وہ کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔