1. ہوم
  2. کالمز
  3. عابد ہاشمی
  4. خوشیوں کے پیچھے چھپے آنسو
Abid Hashmi

خوشیوں کے پیچھے چھپے آنسو

زندگی میں کچھ خوشیاں ایسی ہوتی ہیں جو بظاہر چہرے پر مسکراہٹ بکھیرتی ہیں، مگر اندر کہیں آنکھوں کو نم کر جاتی ہیں۔ کچھ کامیابیاں ایسی ہوتی ہیں جن کا جشن منانے کے لیے دل تو بہت چاہتا ہے، مگر جب اردگرد کوئی ایسا شخص موجود نہ ہو جو کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہہ سکے کہ "شاباش! تم نے بہت اچھا کیا" تو وہ کامیابی بھی انسان کو تنہا کر دیتی ہے۔ بعض اوقات انسان اپنی منزل تو حاصل کر لیتا ہے، مگر اس سفر میں جن ہاتھوں کی اسے سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، وہ ہاتھ کبھی اس کے سر پر نہیں ہوتے۔

یہ ہمارے معاشرے کا ایک تلخ المیہ ہے کہ ہم لوگوں کی ناکامیوں پر تبصرے کرنے کے لیے تو بے شمار الفاظ رکھتے ہیں، مگر ان کی کامیابیوں پر دو لفظ حوصلہ افزائی کے ادا کرنے میں ہماری زبانیں خاموش ہو جاتی ہیں۔ ہم کسی کے گرنے پر تماشائی بن جاتے ہیں، کسی کی غلطی پر منصف بن جاتے ہیں، کسی کی محرومی پر تجزیہ کار بن جاتے ہیں، لیکن جب کوئی شخص اپنی محنت، جدوجہد اور مسلسل قربانیوں کے بعد کامیابی حاصل کرتا ہے تو ہم اسے سراہنے میں بخل سے کام لیتے ہیں۔ کیا کسی کی حوصلہ افزائی کرنے سے ہمارا مقام کم ہو جاتا ہے؟ کیا کسی کی کامیابی کو تسلیم کرنے سے ہماری اپنی اہمیت گھٹ جاتی ہے؟ کیا کسی کے اچھے کام پر دو تعریفی جملے کہہ دینا ہماری انا کے خلاف ہے؟

حقیقت یہ ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں زندہ ہیں جہاں لوگوں کو کامیاب دیکھنے کی خواہش تو ہر کوئی ظاہر کرتا ہے، مگر کسی کو کامیابی تک پہنچانے کے لیے اس کا ہاتھ تھامنے والے بہت کم ہیں۔ یہاں ہر شخص چاہتا ہے کہ دوسرا آگے بڑھے، لیکن اس شرط پر کہ وہ اس سے آگے نہ نکل جائے۔ ذرا ان لوگوں کے بارے میں سوچیے جو زندگی کے دشوار گزار راستوں پر تنہا سفر کرتے ہیں۔ جن کے پاس نہ کوئی مضبوط خاندانی سہارا ہوتا ہے، نہ مالی وسائل، نہ سفارش، نہ کوئی ایسا شخص جو ان کی پریشانیوں کو سمجھ سکے۔ وہ اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں۔ کبھی بھوک سے لڑتے ہیں، کبھی حالات سے، کبھی معاشرتی رویوں سے اور کبھی اپنوں کی بے اعتنائی سے۔ وہ جب تھک جاتے ہیں تو خود کو تسلی دیتے ہیں۔ جب ٹوٹنے لگتے ہیں تو اپنے بکھرے ہوئے حوصلے خود سمیٹتے ہیں۔ جب کوئی ان کی بات سننے والا نہیں ہوتا تو اپنے آنسو خود پونچھتے ہیں۔ وہ اپنے دکھ کسی کو بتاتے بھی نہیں، کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ یہاں لوگ درد بانٹنے سے زیادہ درد کی وجوہات پوچھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

پھر ایک دن وہی انسان کامیابی کی کسی منزل پر پہنچ جاتا ہے۔ کوئی کتاب لکھ لیتا ہے، کوئی اعلیٰ تعلیم حاصل کر لیتا ہے، کوئی ملازمت حاصل کر لیتا ہے، کوئی اپنے کاروبار کو کامیاب بنا لیتا ہے، کوئی اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر معاشرے میں پہچان بنا لیتا ہے۔

لوگ اس کی کامیابی دیکھتے ہیں، مگر اس کے پیچھے چھپی ہوئی راتیں نہیں دیکھتے۔ اس کی مسکراہٹ دیکھتے ہیں، مگر وہ آنسو نہیں دیکھتے جو اس نے تنہائی میں بہائے ہوتے ہیں۔ اس کی منزل دیکھتے ہیں، مگر وہ راستے نہیں دیکھتے جہاں اسے بار بار ٹھوکر لگی ہوتی ہے۔

اور سب سے بڑا دکھ یہ ہوتا ہے کہ جس دن اسے کسی کے سر پر ہاتھ رکھنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، اس دن بھی وہ تنہا ہوتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ کوئی اسے گلے لگا کر کہے کہ تم نے بہت مشکل سفر طے کیا ہے۔ کوئی اس کی محنت کو تسلیم کرے۔ کوئی اس کے ماضی کی محرومیوں کو سمجھے۔ کوئی اسے یہ احساس دلائے کہ تمہاری جدوجہد رائیگاں نہیں گئی۔ مگر افسوس! کبھی کبھی انسان کی سب سے بڑی کامیابی پر بھی اس کے اردگرد خاموشی چھائی رہتی ہے۔ یہ خاموشی صرف خاموشی نہیں ہوتی، بعض اوقات یہ دل کے اندر ایک قیامت برپا کر دیتی ہے۔ کبھی کسی غریب طالب علم کو دیکھیے جو پرانی کتابوں، ٹوٹے ہوئے جوتوں اور محدود وسائل کے باوجود تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔ اسے مہنگے تحائف کی ضرورت نہیں ہوتی، اسے صرف اس احساس کی ضرورت ہوتی ہے کہ کوئی اس کی جدوجہد کو دیکھ رہا ہے۔ کوئی اسے بتانے والا ہو کہ تمہارے حالات تمہاری منزل کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔

کبھی کسی ایسے نوجوان کو دیکھیے جو بے شمار ناکامیوں کے بعد اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی کوشش کر رہا ہو۔ اسے طنز نہیں، اعتماد چاہیے۔ اسے مایوسی نہیں، امید چاہیے۔ اسے یہ سننے کی ضرورت ہے کہ کوشش جاری رکھو، ایک دن تم ضرور کامیاب ہوگے۔

لیکن ہمارا معاشرہ عجیب ہے۔ یہاں کسی کی معمولی غلطی برسوں یاد رکھی جاتی ہے، مگر اس کی بڑی سے بڑی کامیابی کو چند لمحوں میں فراموش کر دیا جاتا ہے۔ ہم دوسروں کے عیب تلاش کرنے میں اتنے مصروف ہیں کہ ان کی خوبیوں کو دیکھنے کی فرصت ہی نہیں نکالتے۔

یاد رکھیے! بعض لوگ اپنی زندگی کی پوری عمارت تنہا تعمیر کرتے ہیں۔ ان کے پاس صرف خواب ہوتے ہیں، حوصلہ ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ پر بھروسا ہوتا ہے۔ ایسے لوگوں کی کامیابی صرف ان کی ذاتی فتح نہیں ہوتی بلکہ ان تمام محروم لوگوں کے لیے امید کا پیغام ہوتی ہے جو زندگی کے کسی موڑ پر تنہا کھڑے ہیں۔

بعض لوگ اپنی کامیابیوں کا جشن اس لیے نہیں منا پاتے کہ ان کے ساتھ خوش ہونے والے لوگ زندگی میں موجود نہیں ہوتے۔ بعض کے والدین اس منزل تک پہنچنے سے پہلے دنیا سے رخصت ہو چکے ہوتے ہیں، بعض کے مخلص دوست حالات کی نذر ہو جاتے ہیں اور بعض کے اپنے ہی ان کی جدوجہد کے گواہ بننے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انسان کبھی کبھی اپنی کامیابی پر بھی اس لیے روتا ہے کہ اسے یاد آتا ہے، کاش آج میرے سر پر ہاتھ رکھنے والا کوئی ہوتا، کاش کوئی مجھے گلے لگا کر کہتا کہ مجھے تم پر فخر ہے اور جب یہ دو لفظ کہنے والا بھی کوئی نہ ہو تو بظاہر کامیابی کی خوشیاں بھی انسان کو خون کے آنسو رلا دیتی ہیں۔

ہمیں ایسا معاشرہ بنانا ہے جہاں کسی کی کامیابی تنہائی کا سبب نہ بنے، جہاں کسی کے خواب حسد کی نذر نہ ہوں، جہاں حوصلہ افزائی کو کمزوری نہیں بلکہ اعلیٰ ظرفی سمجھا جائے۔

عابد ہاشمی

Abid Hashmi

عابد ہاشمی کے کالم دُنیا نیوز، سماء نیوز اور دیگر اخبارات میں شائع ہوتے ہیں۔ ان دِنوں آل جموں و کشمیر ادبی کونسل میں بطور آفس پریس سیکرٹری اور ان کے رسالہ صدائے ادب، میں بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں۔