1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. امجد عباس/
  4. میری سیاسی وابستگی

میری سیاسی وابستگی

میں کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں ہوں۔ ابھی تک ایک بار بھی ووٹ ڈالنے کے حق کا استعمال نہیں کرپایا۔ بہت سوچنے کے بعد ن لیگ ہو یا پی پی پی، بشمول دیگر سبھی جماعتوں کے، کوئی بھی آئیڈیل نہیں قرار پائی۔ ہاں اب پی ٹی آئی کو ایک بار ضرور موقع دیا جانا چاہیے۔ جمہوریت کو ہی بہتر نظامِ حکومت جانتا ہوں، فوجی اور سول آمریت کا شدید مخالف ہوں۔

ن لیگ وہی گھاگ میاں برادران، سچ پوچھیے میاں نواز شریف کو عرب ریاستوں میں تعمیراتی کمپنی بنا لینی چاہیے، وہ پلوں، سڑکوں اور پلازوں کا جال بچھا دیں گے، ویسے اِن کاموں میں ملک ریاض (بحریہ ٹاؤن والے) نے بڑا نام پیدا کیا ہے۔ ہاں میاں شہباز شریف جیسے بزرگ نیلام گھر یا مزاحیہ ٹی وی پروگراموں کے بہترین ہوسٹ واقع ہو سکتے ہیں۔ میں کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ ایسے دوستوں کی عقل کو اکیس توپوں کی سلامی جنھیں شہباز شریف، ویژنری سیاست دان دِکھائی دیتے ہیں۔

پی پی پی میں اکبر، اپنے نو رتنوں میں گھِرا ہے۔ نومولود سیاسی بچے (بلاول) کو انگلی تھام کر چلانے کی کوشش جاری ہے، جانے کیا بیتے ہے قطرے پہ گُہر ہونے تک۔ جمہوری پارٹی ابھی تک بھٹو خاندان کی میراث پر بنیاد استوار کیے ہے۔

ایم کیو ایم، جے یُو آئی ف اور دیگر چھوٹی موٹی جماعتیں، دھڑے اور جتھے، عام طور پر نہ سیاسی ہوتے ہیں نہ جمہوری۔ اِن کا ویژن ذاتی مفاد کا حُصول ہے، جس میں یہ کافی حد تک کامیاب بھی ہیں۔

اور پی ٹی آئی نسبتاً بہتر کہ اُسے ابھی تک ایک باری بھی نہیں ملی، ہاں صوبے کی حد تک اُس کی کارکردگی کسی حد تک اچھی ہے۔ یہ پارٹی بھی وَن مین شو ہے، صرف عمران خان۔

ایسے میں کوئی جماعت میرے لیے آئیڈیل نہیں ہے۔ میری کسی سے وابستگی نہیں، ہاں پی ٹی آئی کو دیگر سے بہتر سمجھتا ہوں۔ موجودہ حالات میں جہاں ن لیگ کے پانچ سال مکمل کرنے کا حامی ہوں وہیں پی ٹی آئی کے احتجاج کے حق کو بھی درست سمجھتا ہوں۔ ن لیگ کی حکومت گرانا غلط عمل تو مظاہرین کے خلاف بے جا طاقت کا استعمال، اسلام آباد کو ایک صوبے سے کاٹنا، سیاسی گرفتاریاں اور دیگر حکومتی مظالم بھی سراسر غلط اور سفاکیت پر مبنی ہیں۔

میرے حلقہءِ یاراں میں سبھی جماعتوں کے دوست ہیں، سبھی کے جذبات کا احترام کرتا ہوں، احباب کی پوسٹوں سے خوب لطف اندوز ہوتا ہوں، داد بھی دیتا ہوں۔ میں نے بیک وقت اصغر علی (ہمدرد حُسینی)، حیدر سید، حافظ صفوان اور علی سجاد شاہ (ابو علیحہ) کی پوسٹوں کو لائیک کیا۔

آخر میں حبیب جالب مرحوم کا ایک شعر سبھی جماعتوں کے نام کرتا ہوں


تم نہیں چارہ گر، کوئی مانے،مگر

میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا