1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. ابنِ فاضل/
  4. جی جی بالکل یہی

جی جی بالکل یہی

چین کے دور دراز شہر میں بیٹھے کسی چینی باشندے کے ذہن میں بچوں کے ایک مختلف سے پلاسٹک کے کھلونے کا تخیل ابھرتا ہے۔ وہ سوچتا ہے۔۔ یہ کھلونا دو حصوں پر مشتمل ہوگا۔ اوپری حصے کو دوسرے پر رکھ کر گھمایا جائے گا تو سپرنگ کی وجہ سے اس میں طاقت آجائے گی۔ کھلونے کا رخ آسمان کی طرف کرکے اس کو چلائیں گے تو اوپری حصہ گھومتا ہوا اسی سے سو فٹ بلندی پر چلا جائے گا۔ اس عمل کے دوران اس میں موجود چھوٹے سے بلب بھی جل جائیں گے۔ جو دیکھنے میں بھلے لگیں گے۔

یہ کھلونا نہ کبھی پہلے بنا، نہ اس کی بظاہر کسی کو ضرورت ہے، نہ کوئی ڈیمانڈ، جب کسی نے دیکھا ہی نہیں تو اس کے گاہک یا آرڈر تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ لیکن اس تخیل کے پانچ، چھ ماہ بعد لاہور جی پی او چوک کے باہر جواں سال محمد حسین ان کھلونوں سے بھرا ایک تھیلا کمر پر لٹکائے، بار بار اسے آسمان کی طرف چھوڑ رہا ہے۔ پاس سے گذرنے والے ہر عمر اور ہر مرتبہ کے لوگ اس کو دیکھ کر رکتے ہیں۔ یہ کھلونا کسی کی کوئی ضرورت پوری نہیں کرتا۔ پھر بھی رات کو جب محمد حسین گھر جاتا ہے تو اس کی جیب میں نفع سے بچ رہے اتنے پیسے ہوتے ہیں کہ اس کا نظام حیات چلتا رہتا ہے۔

دوسری طرف جب ہم کسی ہم وطن سے خوراک کی ویلیو ایڈیشن کی بات کرتے ہیں تو وہ واقعتاً گھبرا کر پوچھتا ہے۔۔ بناتو لیں گے بیچیں گے کہاں۔ بھئی یہ ویلیو ایڈڈ فوڈ آیٹمز نہ تو ایسی چیز ہے جس کا تخیل پہلی بار آپ کے یا ہمارے ذہن میں آیا۔ نہ یہ ایسی بے کار شے ہے کہ کوئی سوچے اس کا کریں گے کیا۔ یہ وہی چیزیں ہیں جن کا دنیا بھر میں اربوں ڈالرز کا سالانہ کاروبار ہوتا ہے۔ لاکھوں لوگوں کا روزگار اس کے بنانے اور بیچنے سے منسلک ہے۔ اربوں لوگ اس کے استعمال کنندہ ہیں۔ اور تو اور بہت سی ایسی اشیاء دوسرے ممالک سے درآمد کرکے یہاں لوگوں کو مہیا کی جارہیں۔۔ پھر بھی آپ خائف ہیں۔

بھلے لوگو۔۔ تھوڑا سا غور تو کرو۔ تھوڑا ہوم تو کرلو۔ دو گھڑی ٹک ٹاک سے نظریں ہٹا کر گوگل پر اپنی انگشت ہائے نازک کو زحمت تو دے کے دیکھو۔۔ کوئی ٹوٹا پھوٹا سیمپل تو بناؤ۔۔ اپنے ارد گرد لوگوں سے اس کے متعلق رائے تو لو۔ ان اشیاء کی افادیت اور ان کے ذائقہ کا تعارف تو کراؤ پھر دیکھتے ہیں بکتا ہے کہ نہیں۔ آخر کیا وجہ کہ جو چیز ساری دنیا میں ہر جگہ بن اور بک رہی انسانوں کے نفع اور لذت کام ودہن کا سبب بن رہی ہمارے ہاتھ سے بکنے سے انکاری ہوجائے گی۔۔ پھل گھر کے آنگن میں لگے درختوں پر گل رہے ہیں، سبزیاں کھلیانوں میں رزق خاک ہورہیں اور ہم بنا ہاتھ ہلائے، بنا غوروفکر کیے، اندیشہ سود و زیاں میں گرفتار کہ جیسے معلوم نہیں ایک حیات ہے جو داؤ پر لگنے جارہی۔

عزیزان گرامی و منتظمین و خیرخواہانِ عزیزان! وطن عزیز میں ویلیو ایڈڈ زرعی مصنوعات کی اس قدر استعداد موجود ہے کہ یہ وطن عزیز کی ساری مالی مشکلات اس سے ختم ہوسکتی ہیں۔ براہ کرم اس کو سنجیدگی سے لیں۔