1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. ثناء ہاشمی/
  4. میرا جسم اللہ کی مرضی

میرا جسم اللہ کی مرضی

پاکستان میں رہتے ہوئے اس ملک کے قوانین کو ماننا اور اس پر عمل کرنا بہت ضروری، مجھے تکلیف ہوتی ہے جب میں یہ سنتی ہوں کی اس پر کیا سزا ہوگی؟ آج بھی اسی طرح کی تکلیف میں ہوں پچھلے دنوں ایک گروپ پر ایک ٹک ٹاک ویڈیو کسی نے شئیر کی میں نے کلک کر کے دیکھی، تو ایک لڑکی کے اسٹائل پر ایک سونگ بیک گراونڈ میں چل رہا تھا، لیکن جس تناظر میں وہ تھا وہ کم از کم میں نہیں لکھ سکتی نا میں ایسا لکھنا چاھتی ہوں۔

ہم نے تو ہمیشہ اپنے بڑوں سے سنا ہے کہ اگر کوئی نابینا ہے، کوئی اپائج ہے، یا کوئی کسی بھی ظاہری کمی کا شکار ہے، اسے کبھی اسکی کمی کے ساتھ نا پکارا جائے نا اس کی تضحیک کی جائے، لیکن یہاں تو علینہ کو کیا کیا نہیں کہا گیا، نوبت یہاں تک پہنچی کے علینا نے خودکشی کرنے کا ارادہ کر لیا، وہ مر جاتی تو کون ذمہ دار ہوتا، کوئی نہیں ایک چھوٹی سی خبر لگتی چند گھنٹے چلتی اور بس۔ لیکن حقیقت تک پہنچنے کی کوئی کوشش نا کرتا، معاشرے کے اس رویے کو کوئی نہیں سوچتا جو نا جانے کتنی علینہ روز سہتی ہیں، تم موٹی ہو، تم کالی ہو، تم چھوٹی ہو، تم لمبی ہو، تم ایسی کیوں ہو اور ویسی کیوں نہیں ہو، ہر بار ہر کسی کو جج کرتے ہیں۔

ابھی چند روز پہلے کی بات ہے، ایک خاتون ایک نوعمر لڑکے سے کہہ رہی تھی تم چائے نہیں پیتے پھر بھی کالے ہو، مطلب ہم جو کہتے ہیں کیا کبھی سوچتے بھی ہیں کہ کیا کہہ رہے، اسکا اثر کیا ہوگا، یا بس جو منہ میں آئے گا کہہ دیں گے، کیونکہ نا زبان پر نا بیان پر کسی چیز پر قابو نہیں، میں بہت کچھ لکھ سکتی ہوں کہہ سکتی ہوں، لیکن مجھے افسوس یہ کہ آئین پاکستان میں جو حد بندیاں ہیں اس سب کے باوجود ہم ہر چیز سے بے خوف ہوکر، ہر غلط عمل اس لئے کرتے ہیں کیونکہ ہمیں یقین ہوگیا ہے کہ قانون تو ہے لیکن عملداری نہیں۔

دو شادیوں کو روکنے کا قانون، عورتوں پر ہونے والے تشدد کے واقعات کو روکنے کا قانون، ورک پلیس ہراسمنٹ کا قانون، یہ سب بہت اچھے قوانین ہیں اور ہمیں انکی ضرورت ہے، لیکن میں انکے عملدرآمد کی خواہشمند ہوں، انسانی حقوق کی وزیر محترمہ شیریں مزاری صاحبہ سے میری درخواست کے برائے مہربانی اس پر قانونی سازی کریں، کیونکہ جب خواجہ آصف نے آپکو تضحیک آمیز الفاظ کہے گو اس پر انھوں نے معافی مانگی تھی مجھے، بہت تکلیف ہوئی تھی، میری محترمہ شیری رحمن سے درخواست جب پہلی بار خواتین کا بل آپ اسمبلی میں لائی تھی میں نے آپکو اپنے شو پر بلوا کر بہت شکریہ کیا تھا اور آپ نے اس بات کا ارادہ کیا تھا کہ ہم بہتر اور سخت قوانین بنائیں گے، تو آج بھی اسکی ضرورت ہے برائے مہربانی لوگوں پر جملے کسنے، انکی ظاہر پر نکتہ چینی کو قانون کی گرفت میں لائیں۔

اگر علینہ خودکشی کر لیتی تو کیا ہوتا، کون شرمندہ ہوتا، کون پوچھتا، باڈی شیمنگ، یعنی معاشرہ گورے کالے، لمبے چھوٹے اور موٹے دبلے ہونے کے ترازو میں انسانوں کو تولے یہ کونسا معاشرہ ہے اور کون لوگ ہیں یہ، کہاں سے آئے ہیں، امریکہ میں مظاہرے ہوں تو دیکھو کیا بہترین معاشرہ ہے کیسے آواز بلند کی اور اگر آج پاکستانی معاشرے میں کوئی اس پر احتجاج کرے تو کہہ دیں گے فارن فنڈنگ ہے، یہ لکھنے کا مقصد صرف اتنا ہے کہ اللہ کا خوف کریں، ہر عورت یا مرد اپنی مرضی کے مطابق اپنے خدوخال نہیں بناتا یہ پرودرگار کی عطاہے، آپ اپنی زبان کی خطاوں سے، کسی کے دل کو چھلنی نا کریں اور ایوان میں اگر اس بار قانون سازی ہو جائے تو بہت اچھا، بلکہ اسلامی نظریاتی کونسل اس پر سزا تجویز کردے، اور اس قانون کی عملداری کو یقینی بنائے۔

ثناء ہاشمی

ثناء ہاشمی نے بطور اینکر اے آر وائی، بزنس پلس، نیوز ون اور ہیلتھ ٹی وی پہ کام کر چکی ہیں۔ ثناء آج کل جی نیوز میں کام کر رہی ہیں۔ ثناء کے کالم مختلف اخبارات میں شائع ہوتے ہیں۔