1. ہوم/
  2. اسلامک/
  3. علی اصغر/
  4. رعایتی سکیمیں

رعایتی سکیمیں

ہم میں سے تقریباً ہر شخص نے زندگی میں کبھی نا کبھی قرض لیا ہوگا، کچھ لوگ دوستوں، رشتہ داروں سے قرض لیتے ہیں اور کچھ بنک یا مختلف قسم کے اداروں سے اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے قرض لیتے ہیں۔ قرض ادا کرنے کی مقررہ مدت بمع کچھ شرائط طے ہوتی ہے، دوستوں، رشتہ داروں سے لیا ہوا قرض یکمشت واپس کرنے کی شرط پہ لیا جاتا ہے اور بنک سے جو قرض لیا جاتا ہے اس کی ماہانہ یا ششماہی اقساط طے ہوتی ہیں۔ ہم میں سے ہر انسان اکثر قرض وقت پہ ادا نہیں کرپاتا اسکی مختلف وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔
ہم اگر قرض وقت پہ ادا نا کر سکیں تو اکثر بہت قریبی لوگوں سے بھی تعلقات خراب ہوجاتے ہیں کچھ لوگ ادائیگی کے لئے مذید وقت دیتے ہیں اگر پھر بھی ادا نا کرپائیں تو رقم کی واپسی کے لئے رعایتی سکیم متعارف کروائی جاتی ہے کہ یکمشت واپس نہیں کرسکتے تو ہرماہ رقم کا کچھ حصہ اقساط میں ادا کر دیا جائے اور وہ قسط انسان کی ماہانہ آمدن کو مدنظر رکھ کر بنائی جاتی ہیں۔ اسی طرح اگر ہم بنک کا قرضہ بھی ادا نا کرپائیں تو بنک کی طرف سے بھی ایسی کئی رعایتی سکیمیں بتائی جاتی ہیں جن کو حاصل کرکے ہم باآسانی اپنا قرضہ ادا کر سکتے ہیں۔ اگر قرض دار کہیں بھاگ جائے تو اسکے خلاف سخت اقدامات کئیے جاتے ہیں ورنہ دوست، رشتہ دار ہوں یا بنک انکی حتی الامکان کوشش ہوتی ہے کہ قرض کے پیسے جیسے تیسے کرکےنکلوا لئے جایں اور جو رعائتی سکیمیں دی جاتی ہیں وہ قرض دار سے زیادہ قرض دینے والے کے اپنے فائدے کے لئے ہوتی ہیں۔
اللہ رب العزت نے ہم جیسے گناہگار انسانوں کو بھی بہت زیادہ رعایتی سکیمیں دے رکھی ہیں کیونکہ اللہ کریم یہ چاہتے ہیں کہ اسکا بندہ کسی نا کسی طرح نیکو کاروں میں شامل رہے بدکاروں میں شمار نا ہو اور سال میں ایک ایسا مہینہ بھی ہے جس میں ان رعایتی سکیموں پہ عمل کرنے کا دوگناہ فائدہ ہوتا ہے۔ نماز، روزہ، حج، زکوۃ، خمس، صدقہ خیرات یہ سب عبادات کرنے سے بھلا اللہ سبحانہ وتعالی کو کیا فائدہ ہوگا یہ سب رعایتی سکیمیں اس نے اپنے بندوں کے لئے دے رکھی ہیں۔ نماز شب رب العالمین نے ایسی رعایتی سکیم دےرکھی ہے جس کو حاصل کرنے سے ہمارے گناہ رحمت میں بدل جاتے ہیں۔ ان سب رعایتی پیکجز سے انسان مکمل طور پہ مستفید نہیں ہوپاتا کیونکہ ان پہ پابندی سے عمل کرنا ہم جیسے کاحل انسانوں کے لئے بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ لیکن ان سب رعایتی سکیموں میں ایک ایسی سکیم بھی اللہ رب العزت نے عطاء کی جس پہ عمل کرنا گویا کہ تمام اعمال کی قبولیت کی ضمانت ہے اور وہ خصوصی کرم نوازی کا نام ہے محبت محمد و آل محمد ع، اللہ کی طرف سے نبی اور اولاد نبی ع سے محبت ایک ایسی مہربانی ہے ہم پہ جس پہ عمل کرکے ہم اپنی زندگی کے تمام قرض باآسانی ادا کرسکتے ہیں اور اس رعایت پہ جتنا شکر ادا کیا جائے اتنا کم ہے اور یاد رہے اگر اس رعایتی سکیم پہ عمل نا کیا جائے تو اللہ کی طرف سے سخت کاروائی یقینی ہے۔ سانس جب تک باقی ہے تب تک ہر لمحہ اس سے فائدہ اٹھایا جائے یہ نا ہو سکیم کا وقت ختم ہوجائے اور ہم سوچتے رہ جائں۔
عام لوگوں اور بنکوں کی رعایتی سکیموں اور اللہ کریم کی رعایتی سکیم میں بہت فرق ہے، لوگ اپنے فائدہ کے لئے ایسی سکیمیں متعارف کرواتے ہیں جبکہ اللہ جلہ جلالہ صرف اور صرف اپنے بندے کی بھلائی کے لئے ایسے خصوصی پیکجز عطاء کرتا ہے۔
الھم صلی علی محمد وآل محمد