1. ہوم/
  2. اسلامک/
  3. علی اصغر/
  4. ساجدوں کے سردارؑ

ساجدوں کے سردارؑ

عبادت گزاروں کی زینت امام علی بن حسینؑ جو بہت سے القابات سے مشہور ہیں۔ جن میں معروف ترین القاب سجاد، عابد، سید الساجدین، زین العابدین ہیں۔ امامؑ کی پیدائش کے متعلق دو، تین روایات ہیں جن میں پندرہ جمادی الاول اور پانچ شعبان المعظم مشہور ہیں۔ صبح سے سوچ رہا تھا کہ آقا سجادؑ کی بارگاہ اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کروں مگر کچھ سمجھ نہیں آرہی کہ لکھوں کیا بھلا مجھ گناہ گار کی کیا اوقات کہ ان کی شان میں کچھ لکھ سکوں جو خود صحیفہ سجادیہ کے خالق ہیں۔ بھلا میں انکی کیا تعریف بیان کروں جن کے گھر میں قرآن نازل ہوا۔ آیت تطہیر جن کے گھر کی بزرگی بیان کرنے کے لیے بھیجی گئی ہو۔

سید الشہدا امام حسینؑ نے مثلِ قرآن غلاف میں لپیٹ کر امامت کے قمرِ چہارم کو آقا کریمؐ کے مطہر ہاتھوں پر رکھا گیا۔ مجھے یقین ہےسید الساجدینؑ کی ولادت پہ اللہ جلہ شانہ کی طرف سے آلِ محمدؑ کو مبارک باد بھیجی گئی ہو گی انبیاء، صحابہ کرام، اولیا، اوصیا، ملائک، جن، چرند پرند سب نے والیِ کربلاؑ کو اس خوشی کے موقع پہ درود وصلوۃ کا تحفہ دیا ہوگا۔ وہیں ایک طرف دنیا بھر کی عبادات بھی خوش کھڑی ہوں گی کیونکہ دنیا میں وہ ہستی تشریف لا چکی تھی جو ان عبادات کو ایسے سرانجام دے گی جو آج تک کسی نے نہ دیں۔ دنیا میں بہت سی ہستیاں اپنی عبادات میں مشہور ہوئیں لیکن ان میں کوئی بھی زین العابدین نہ بن سکا۔ کوئی بھی سید الساجدین کے لقب سے مشہور نہ ہوسکا۔

صحیفہ سجادیہ میں جب امام ؑ کی دعائیں پڑھیں تو رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں، یقین ہوجاتا ہے کہ ایسے الفاظ صرف اولادِ علیؑ کی زبان سے ہی نکل سکتے ہیں۔

جب بھی مصلہ بچھاتا ہوں مجھے خدا کے بعد سب سے پہلے امام سجادؑ کی یاد آتی ہےاور بےاختیار انکی ذاتِ اقدس پہ درود پڑھنے لگتاہوں۔ آج گھر گھر میں جو مصلے آباد ہیں اور ربِ ذولجلال کو سجدے ادا ہورہے ہیں یہ سب اس کریم ابن کریم کی کرم نوازی ہے جس نے شام کی دیواروں پہ اپنے سجدوں کے نشان چھوڑے۔

دنیا کے انسانوں کو اپنی عبادات پہ ناز ہوتا ہے۔ لوگ اپنے سجدوں پہ فخر کرتے ہیں لیکن دنیا میں واحد ایک یہ ہستی ہیں جس کے سجدوں پہ سجدے ناز کرتے ہیں۔ جس کی عبادات خود عبادات کی زینت ہیں۔ لوگ اپنے کامل ایمان پہ اتراتے ہیں یہ سخی سجادؑ خود ہر عبادت کا ایمان ہیں۔

عبادت گزاروں کی زینت امامؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پہ پاک نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور انکی آلِ پاکؑ اور خاص طور پہ ہر اس شخص کو جو سنتِ سجادؑ کو ادا کرتے ہوئے خداوند کریم کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہوتا ہے اسے بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔