1. ہوم
  2. کالمز
  3. محمد شہزاد
  4. مڈل مارچ کا مخمصہ
Mohammad Shehzad

مڈل مارچ کا مخمصہ

مشہور ادیبہ جارج ایلیٹ کے مشہور ناول "مڈل مارچ" یعقوب یاور صاحب نے اردو میں ترجمہ کر ڈالا۔ یہ واقعی ایک کارنامہ تھا۔ اسے بک کارنر جہلم نے چھاپا۔ یہ اتنا بھاری ہے کہ اگر ہاتھوں کو وارم آپ نہ کیا جائے، تو کلائی کی ہڈی ٹوٹ سکتی ہے۔ گھر میں اگر چور گھس آئے تو پستول یا بندوق کے بجائے اسے اس کے سر پر مارا جا سکتا ہے۔ وہ یقیناً بری طرح گھائل ہوگا۔

راڈ کے دونوں طرف ایک ایک مڈل مارچ کس کر بہت اچھا ویٹ لفٹنگ پریس بنایا جا سکتا ہے۔ اسے بک شیلف میں رکھنے اور نکالنے کے لیے کم از کم دو ویٹ لفٹرز کی ضرورت پڑے گی۔ یا پھر کار لفٹر کی۔ شنید ہے بک کارنر والے اس کے ساتھ ایک عدد کار لفٹر مفت دے رہے ہیں۔

میرا دوست سید صلاح الدین ایوبی درویش اسے خریدنے کا سوچ ہی رہا تھا کہ اچانک مڈل مارچ کا ایک اور ترجمہ مارکیٹ میں وارد ہوگیا۔ یہ کراچی کے سٹی بک پوائنٹ نے چھاپا۔ اسے ہمارے دوست محمد عامر حسینی نے اردو میں ترجمہ کیا۔ عامر اے آئی سپیشلسٹ ہے ہمارے دوست عباس بھٹی کی طرح۔

اب ہوا کیا! امت ادبیہ مڈل مارچ پر دو فرقوں میں بٹ گئی۔ ایک فرقہ حسینیہ اور دوسرا فرقہ یاوریہ۔

درویش سے یہ طے نہیں ہو رہا تھا کہ کس کا ترجمہ خریدا جائے۔ پہلے تو اس نے مجھ سے پوچھا کہ میں کس "فرقے" کا پیروکار ہوں۔ تو میں نے جواب دیا کہ بھائی میں انگریزی سے اردو ترجمے نہیں پڑھتا۔ لہذا میں "سیدھے راستے" پر ہوں۔ کسی بھی فرقے سے نہیں!

"تو پھر کس کا ترجمہ خریدا جائے؟" درویش نے پوچھا۔

"میرے خیال میں تم وہ ترجمہ خریدو جو وزن میں بھاری ہو۔ مگر اتنا خیال رکھنا کہ تمہارا شیلف پکی لکڑی سے بنا ہوا ہو اور اس کتاب کا وزن سہار لے۔ اگر شیلف عام لکڑی سے بنا ہوا ہے تو وہ والا خریدنا جو وزن میں ہلکا ہو"۔

"وہ تو ٹھیک ہے مگر وزنی خریدنے میں کیا منطق ہے؟"

"ارے بھائی جتنا وزن زیادہ ہوگا اتنے ہی دام زیادہ ملیں گے!"

"کیا مطلب؟" درویش نے پوچھا۔

"ارے بھئی جب پڑھ لو گے تو ردی والے کے پاس ہی بیچو گے۔ زیادہ وزن ہوگا تو زیادہ پیسے ملیں گے۔ ہمارے یہاں ہر کتاب کی آخری جائے پناہ ردی والے کے پاس ہی ہوتی ہے"۔

"واہ! کیا منطق ہے"۔ درویش خوش ہوگیا۔ مگر اگلے لمحے اس نے ایک اور سوال کر ڈالا۔

"اگر دونوں کے وزن برابر ہوئے تو؟"

"تو پھر تم وہ خریدنا جو سستا ہو"۔

"اگر دونوں کی قیمتیں ایک ہوئیں تو؟"

"تو پھر تم وہ خریدنا جس کا ٹائٹل کور دیدہ زیب ہو"۔

"اور اگر دونوں کے ٹائٹل کور ایک جیسے دیدہ زیب ہوئے تو؟"

"پھر تم وہ خریدنا جس کا فونٹ اچھا ہو۔ چھپائی اچھی ہو"۔

"اگر دونوں کا فونٹ اچھا ہوا اور چھپائی بھی؟"

"پھر تم وہ خریدنا جس کا ترجمہ اعلی کوالٹی کا ہو اور اغلاط سے پاک ہو"۔

"اگر دونوں کا ترجمہ اعلی کوالٹی کا ہوا اور اغلاط سے پاک بھی ہوا تو؟"

"ایسا ہونا ناممکن ہے!" میں نے جواب دیا۔

"کیوں؟"

"اس لیے کہ سلسلہ حسینیہ کا بانی اے آئی سپیشلسٹ ہے!"