"تمام طالب علم غور سے سنیں۔ آپ روزانہ لیکچر لیتے ہیں۔ آج ٹیسٹ ہوگا"۔
"آپ نے کل نہیں بتایا تھا"۔ ساری کلاس حیران پریشان پروفیسر صاحبہ کو دیکھ رہی تھی۔
"یہ پوپ ٹیسٹ ہے۔ آج کتاب سے نہیں بلکہ پورے دو سال میں جو کچھ آپ نے سیکھا اس کا ٹیسٹ ہوگا۔ اس سال آپ نے یونیورسٹی چھوڑ جانا ہے۔ یہ امتحان مستقبل کی زندگی میں آپ کو فائدہ دے گا۔
ہر سوال کے نیچے چار جواب لکھے گئے ہیں۔ ایک سے زیادہ جواب درست ہو سکتے ہیں۔ آپ نے سب سے زیادہ درست جواب پر نشان لگانا ہے۔
وقت اتنا ہی دیا جائے گا جس میں آپ صرف ایک بار سوالنامہ پڑھ سکیں گے اس لیے پہلی ریڈنگ پر ہی نشان لگاتے جائیں۔
اوکے، گڈ لک۔
واسکوڈے گاما ہندوستان کا راستہ تلاش کرتے ہوئے جب مالا بار کے ساحلوں پر پہنچا تو اس نے سفر کے لیے کس چیز کو چنا؟
چپو والی کشتیاں
بادبانی جہاز
اونٹ گھوڑے
سوزوکی کار
2۔ جو لوگ اپنا علاقہ چھوڑ کر کسی نئی جگہ جا بستے ہیں انہیں کیا کہا جاتا ہے؟
آوارہ
بے وفا
بدیسی
مہاجر
3۔ جو لوگ پرتگالیوں اور انگریزوں کے آنے سے پہلے ہندوستان میں رہتے تھے انہیں کیا کہا جاتا تھا؟
خاندانی لوگ
ملواڑے
دیسی
ہندوستانی
4۔ شب برات اور عید کس چیز کی علامت ہیں؟
حلوہ پوڑی کھانا۔ آتشبازی کرنا
ساری ساری رات جب دنیا کھیل مستی میں ڈوبی ہو تو کسی کی یاد دل میں جلا کر سلگتے رہنا۔
اپنے بیٹے کو باپ کے پاس جانے سے روکنا۔
بی اور سی دونوں
5۔ ہاروت اور ماروت لوگوں کو جادو سکھاتے تھے۔ جب وہ کسی کو یہ تعلیم دیتے تو پہلے متنبہ کرتے، دیکھ ہم محض ایک آزمائش ہیں، تو کفر میں مبتلا نہ ہو۔ پھر بھی لوگ ان سے وہ چیز سیکھتے جو شوہر اور بیوی میں جدائی ڈال دے۔
کوئی عورت جس کا کوئی بھی نام ہو سکتا ہے، زہرہ بھی، ان سے جادو سیکھ کر کیا کر سکتی ہے؟
میاں بیوی میں کھنڈت ڈالنا۔
کسی دوسری عورت کے بچے کو ورغلا کر شب برات اور عید پر حلوہ پوڑی کھلانے کے لیے اپنے گھر بلانا۔
سوزوکی کار جس کی وہ مالک نہیں، لے کر سارے شہر میں آوارہ پھرنا، خصوصی طور پر شہر سے کئی کلومیٹر دور دوسرے شہر میں بلاوجہ جانا۔
اوپر دیے گئے تینوں۔
6۔ ہاروت اور ماروت میں بنی آدم جیسی شہوت پیدا کرکے زمین پر اتارا گیا۔ انہوں نے زہرہ نام کی ایک حسین و جمیل عورت کو دیکھا تو شہوت ان کے کانوں اور آنکھوں تک چھا گئی۔ زہرہ نے فرشتوں کو ورغلا کر اسم اعظم سیکھ لیا اور آسمانوں میں جا بسی۔ زہرہ کی شخصیت کو کیسے بیان کیا جائے گا؟
زیرک
چالاک
شوخ و شنگ
فتنہ پرداز
7۔ سوال نمبر پانچ میں میاں بیوی کا ذکر ہے۔ میاں کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
سیدھا سادہ ہے۔
کسی الجھن کا شکار ہے۔
گمراہ ہے۔
ایک جوان اور خوبصورت عورت (زہرہ جیسی) کا ساتھ اس کی شخصیت کو چار چاند لگا دے گا۔
8۔ واسکوڈے گاما کی مہم کو سامنے رکھ کر جواب دیں کہ آوارہ کسے کہتے ہیں؟
وہ شخص جو اچھی بھلی زندگی چھوڑ کر نئی دنیا کی تلاش میں نکل کھڑا ہو۔
اس مرد کو کہتے ہیں جو خریداری کے لیے شہر شہر جا کر سستا ساز و ساماں ڈھونڈے کیوں کہ وہ اکیلا کمانے والا ہے۔ اس کی نئی بیوی جاہل، گنوار، فضول خرچ ہے۔ کوئی جاب بھی نہیں کرتی۔
جو پرانی سوزوکی کار میں بیگم کو بٹھا کر شہر شہر گھومے۔ وہ نئی بیگم گلے میں پرانے ہار اور انگلیوں میں پرانی انگوٹھیاں پہن کر اتراتی پھرے۔ جبکہ پہلے کوئی عظیم سمجھدار عورت یہی زیورات پہن کر خدا کی شکر گزار ہوتی تھی۔
جاہل مرد جس کا بیٹا پوڑی حلوہ پسند کرتا ہو اور عید شب برات کو غیر عورت اس بیٹے کو یہ رشوت پیش کرے۔ حالانکہ اس بیٹے کی اصل ماں رات کو کہانیاں سنا کر اسے سلائے۔ ماتھے پر بوسہ دے۔ پھر اگلے ایک دو گھنٹے تک ایک ایسے مرد کی فیس بک وال اور انسٹاگرام دیکھتی رہے جو کہتا ہو کہ وہ اس کی کچھ نہیں لگتی۔ عورت بھی جان بوجھ کر یہ سارے کام کرے کہ اس کا نام یو مے نو، میں بار بار سامنے آئے۔
9۔ کیا وجہ تھی کہ زہرہ زمین اور واسکوڈے گاما اپنا وطن چھوڑ کر دور دراز جا بسے؟
ان کی ضروریات اور نسوانی خواہشات پوری نہیں ہو رہی تھیں۔
لوٹ مار کرکے اپنی زندگی اچھی بنانا چاہتے تھے۔ چاہے لوگوں کے گھر بار اجڑ جائیں۔ وہی بات جس سے ہاروت ماروت منع کرتے تھے۔
وہ سمجھتے تھے کہ وہ زیادہ سمارٹ اور جوان ہیں اور لوگوں کو بے وقوف بنانے کا فن جانتے ہیں۔
تمام صحیح ہیں۔
10۔ جو شخص غیر کے گھر بار اور علاقے پر حملہ آور ہوتا کہ اس علاقے کے رہائشیوں کو غلام بنا سکے۔ ان کی دولت جائیداد پر قبضہ کر سکے۔ اسے کیا کہتے ہیں؟
بے غیرت
فتنہ پرور
قابض
زہرہ
11۔ اس سوالنامے کے بارے میں کچھ فقرے لکھ رہی ہوں ان میں سے کون سا درست ہے؟
واسکوڈے گاما اور اس کے ساتھیوں کے جہاز جب دور افق پر نظر آنا بند ہو گئے تو اس کی بیوی اور گھر والے سوچ رہے ہوں گے کہ فضول مہم ہے۔ وہ کبھی بھی ہندوستان نہیں پہنچ سکیں گے۔
گھر والے کئی دن ہفتے مہینے روزانہ شام ڈھلنے تک بندر گاہ پر ان کی واپسی کا انتظار کرتے رہے ہوں گے۔
وہ ہندوستان میں رچ بس گئے۔ لیکن پھر بھی سالوں بعد کبھی وہ واپس آئے تو گھر والے انہیں کھلے دل سے قبول کر لیں گے۔
کوئی بھی درست نہیں۔
سوالنامہ ختم ہوا۔
جب آپ جوابی کاپی ٹیچر کو دینے جاتے ہیں تو دیکھتے ہیں جو چائے اس نے منگوائی تھی ٹیبل پر پڑے پڑے ٹھنڈی ہوگئی ہے۔ وہ بھیگی بھیگی آنکھیں موندے کرسی سے ٹیک لگائے بیٹھی ہے اور آپ کے آنے کا اسے پتا بھی نہیں چلتا۔
آپ جوابی کاپی ٹیبل پر رکھ کر کیا کریں گے؟
خاموشی سے واپس آ جائیں گے کہ پروفیسر صاحبہ سمجھدار، پڑھی لکھی، آزاد اور بہادر عورت ہیں۔ انہیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔
ٹیچر کو کہیں گے کہ واسکوڈے گاما واپس آ جائے گا کیوں کہ ہندوستان میں اسے اپنوں جیسا پیار نہیں ملے گا۔
ٹیچر کو کہیں گے کہ جانے والوں کا انتظار نہیں کرتے۔ زہرہ دھوکے باز ہے وہ فرشتوں کو ورغلا کر ان سے اسم اعظم سیکھ کر آسمانوں میں جا بسی تھی۔ تاریخ خود کو دہراتی ہے۔ اب بھی وہی ہوگا۔ ہوس کے مارے ہاروت اور ماروت کی طرح مشکلات کے کنویں میں الٹے لٹکے رہیں گے۔
ان میں سے کوئی بھی نہیں۔ ناں کی صورت میں آپ چند جملوں میں اپنا موقف اور رویہ بیان کریں۔