1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. علی اصغر/
  4. فصل

فصل

میرے گھر کے اردگرد کھیت کھلیان ہیں۔ چھت پر چڑھ کر دیکھیں تو تاحدِ نگاہ ہریالی اور فصلیں ہی نظر آتی ہیں۔ ماشاءاللہ زمینیں اتنی زرخیز ہیں کہ ہر فصل عمدہ ہوتی ہے۔

ابھی چند ماہ پہلے کی بات ہے جب گندم بوئی جارہی تھی۔ اس کے کچھ دن بعد گندم کے دانوں سے رب تعالیٰ نے پودے پیدا کئیے جو دیکھتے ہی دیکھتے سر سبز خوشوں کے کھیت بن گئے اور یہ ہریالی دل و آنکھوں کو بہت سکون دیتی تھی۔ کسانوں نے دن رات محنت کی اور اس فصل کو اپنی اولاد کے لئے پالا ہے اب جب یہ فصل کاٹی جائے گی تو یہی فصل کسان کو پالے گی۔

آپ نے کبھی دیکھا ہے کہ کسی نے گندم بوئی ہو اور جب وہ مکمل فصل بن کر تیار ہوجائے تو چاول کی فصل نظر آئے اور کسان گندم کی جگہ چاول اٹھا رہے ہوں؟ ایسا ممکن ہی نہیں کیوں کہ کسان نے گندم بوئی تھی وہ گندم ہی اٹھائے گا۔ کیوں کہ جو بویا جاتا ہے وہی کاٹا جاتا ہے۔

ہم انسانوں کے سبق کے لئے قدرت نے یہ پریکٹیکل کرکے دکھایا ہے کہ جو انسان بوتا ہے وہی کاٹتا ہے۔ پھر وہ چاہے نیکی ہو یا بدی۔

ہمیں کسی صورت اس خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ ہم کسی کا دل دکھا کر، کسی کی تذلیل کرکے، کسی کی عزت خراب کرکے، کسی کو دُکھ پہنچا کر، کسی کا دل توڑ کر یا کسی کے خلاف چالیں چل کر خود سکون سے رہ پائیں گے ایسا ہرگز نہیں ہوتا مکافاتِ عمل کی چکی بہت آہستہ اور باریک پستی ہے۔

ہمیں فصل اٹھانے سے پہلے فصل بوتے وقت اچھی طرح سوچ لینا چاہیے کہ جو آج بو رہا ہوں کیا کل اٹھا سکوں گا؟