1. ہوم/
  2. نظم/
  3. فاخرہ بتول/
  4. میں سیتا ہوں تُو رام سہی

میں سیتا ہوں تُو رام سہی

میں سیتا ہوں تُو رام سہی

مرا جیون تیرے نام سہی

ماتھے کی یہ بندیا چمکیلی

ہونٹوں کی یہ لالی شرمیلی

یہ زُلف نہیں،یہ شام سہی

مرا جیون تیرے نام سہی

آ ماتھے پر سیندور لگا

دھڑکن میں نیا سنگیت جگا

تجھے اور ضروری کام سہی

مرا جیون تیرے نام سہی

یہ پیت کی اگنی چنچل ھے

بانہوں کی یہ چُوڑی بیکل ھے

بن باس میں اب آرام سہی

مرا جیون تیرے نام سہی

یہ نین کٹیلے کجرارے

تجھے دیکھ کے سُدھ بُدھ ہیں ہارے

یہ روگ بہت بدنام سہی

مرا جیون تیرے نام سہی

آنچل کو ھوا لہراتی ھے

مجھے لاج سی خود سے آتی ھے

بیخود سا کوئی پیغام سہی

مرا جیون تیرے نام سہی


فاخرہ بتول

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔