1. ہوم/
  2. مختصر/
  3. ابنِ فاضل/
  4. میرے دیس کے چوروں کی خیر ہو

میرے دیس کے چوروں کی خیر ہو

بہت دن بعد قابل خرگوشوی سے ملاقات ہوئی۔ کہتے چند روز قبل پرانی انارکلی کسی کام سے جانا ہوا۔ جگہ کی عدم دستیابی کے باعث گاڑی مطلوبہ جگہ سے دو تین گلیاں دور کھڑی کرنا پڑی۔ اچھی طرح لاک واک چیک کرنے کے بعد روانہ ہوئے۔

قریب دوگھنٹے بعد جب لوٹے تو دیکھ کر گھبرا گئے کہ مسافر سیٹ کی طرف کا شیشہ کھلا چھوڑ گئے تھے۔ جبکہ اسی طرف سیٹ پر لیپ ٹاپ رکھا تھا۔ فوراً لیپ ٹاپ دیکھا موجود تھا۔ دیگر اشیاء چیک کیں بالکل پوری۔

کہتے ہیں دل بجھ سا گیا کہ خدانخواستہ کچھ ہوگیا ہے میرے دیس کے چوروں کو کہ دوگھنٹے میں کھلے شیشے سے ایک لیپ ٹاپ نہیں چرا سکے،۔۔ پھر تین چار روز بعد فیکٹری سے ایک گرائنڈر چوری ہوئی تب جاکر کچھ قلبی سکون ہوا۔

پھر کہتے کل الیکشن کی رات جب ہر طرف سے آزاد امیدواروں کے جیتنے کی خبریں آرہی تھیں تو اسی طرح دل بجھ سا گیا تھا۔۔ کہ خدانخواستہ کچھ ہوتو نہیں گیا میرے دیس کے الیکشن چوروں کو، لیکن صبح جب بدلے ہوئے نتیجے دیکھے تو دل کو سکون ہوا ہے۔