1. ہوم/
  2. مختصر/
  3. ابنِ فاضل/
  4. نشہ

نشہ

آج معمول کے مطابق گھر سے فیکٹری جاتے ہوئے نہ جانے کیا ہوا۔۔ دیوانگی سی چھا گئی۔ ذہن نے جیسے کام کرنا موقوف کردیا۔ ایک نشہ سا محسوس ہورہا تھا۔ جو رفتہ رفتہ گہرا ہوتا چلا جارہا تھا، بڑی مشکل سے ذہن کو سوچنے پر آمادہ کیا کہ یہ کیا ہے کیسا نشہ ہے، مگر کوئی جواب نہیں۔

بس نشہ تھا، اور اس کا اثر یہ ہوا۔۔ کہ سڑک پر جاتے سب لوگ۔۔ پیدل۔۔ موٹر سائیکل پر۔۔ رکشوں پر۔۔ گاڑیوں پر۔۔ سب ارشد ندیم دکھائی دے رہے تھے، گاڑی میں لگے آئینے میں دیکھا۔ وہاں بھی ارشد ندیم تھا۔۔ ، لیکن ہم سب ارشد ندیم کیسے بن گئے۔۔ گھبرا کر سوچا۔۔ ہوں تو یہ کامیابی کا نشہ ہے جیت کا نشہ۔۔ ذہن نے کچھ کچھ کام کرنا شروع کیا۔ مگر پھر گہرے نشے میں چلا گیا۔۔

ہم سب ارشد ندیم ہیں تو کامیابی صرف ایک کے حصے میں کیوں آئی۔۔ صرف ایک میڈل کیوں جیتا پورے ملک نے۔۔

نشے کی دبیز چادر کو بمشکل ہٹاتے ہوئے خرد نے چہرہ باہر نکالا اور کان میں سرگوشی کی۔

اس نے اپنی صلاحیت کو پہچان لیا تھا اس پر پورے دل سے محنت کی۔۔ وہ جیت گیا۔۔ جس دن تم نے اپنی صلاحیت کو پہچان لیا اور پورے دل سے محنت کی تم بھی جیت جاؤ گے، ساری دنیا سے۔