1. ہوم
  2. غزل
  3. شائستہ مفتی
  4. سونا گھر چھوڑ گیا مجھ کو بسانے والا
Shaista Mufti

سونا گھر چھوڑ گیا مجھ کو بسانے والا

سونا گھر چھوڑ گیا مجھ کو بسانے والا
کھو گیا ہے تو کہاں دل میں سمانے والا

ڈھونڈتی ہوں میں تجھے رات کے سناٹوں میں
اک ستارہ ہے جو پلکوں پہ سجانے والا

اک ہنسی ہے کہ مرے لب سے سسکتی نکلی
آ ہی جائے گا بہت مجھ کو ہنسانے والا

نیند یوں روٹھ گئی ہے کہ بہت ممکن ہے
سو نہ جائے وہ کہیں مجھ کو جگانے والا

تیری ہر ضد بھی مجھے جان سے پیاری ہوگی
گر تو آ جائے مجھے پھر سے ستانے والا