1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. علی اصغر/
  4. چھوٹا مگر بہت بڑا کاروبار

چھوٹا مگر بہت بڑا کاروبار

اکثر نوجوان مجھے کہیں پہ نوکری لگوانے کی درخواست کرتے ہیں ایسے نوجوانوں سے جب تعلیم پوچھی جائے تو میٹرک یا ایف اے بتاتے ہیں، اس ملک میں جہاں ایم بی اے پاس پٹرول پمپ پہ ملازمت کرتے نظر آتے ہیں وہاں میٹرک اور ایف اے پاس نوجوانوں کو معقول ملازمت ملنا ناممکن ہی لگتا ہے، ایسے نوجوانوں کو میں چھوٹا موٹا اپنا کاروبار کرنے کا ہی مشورہ دیتا ہوں، کم سرمائے سے شروع ہونے والے کاروبار پہ پہلے بھی چند تحاریر لکھ چکا ہوں آج ایک نئے کاروباری آئیڈیا سے متعارف کرواتا ہوں امید کرتا ہوں ہمارے بےروزگار نوجوان ضرور مستفید ہوں گے۔
اس کاروبار کے لئے آپکو ایک موٹر سائیکل کی ضرورت ہے، کوشش کریں چائنہ کی موٹر سائیکل ہوجو کم سے کم پٹرول خرچ کرے۔ موٹر سائیکل کے بعد آپکو دس ہزار روپے اور ایک سادہ موبائل فون کی ضرورت ہے۔ ان چیزوں کے بندوبست کے بعد آپ کسی پرنٹنگ والی دکان پہ جائیں اور ان کو ایک ہزار اشتہار چھاپنے کے لئے آرڈر کریں جو سات یا آٹھ سو روپے میں چھپ جائیں گے۔ ان اشتہارات پہ آپ نے یہ تحریر پرنٹ کروانی ہے "اگر آپ گھر بیٹھے گھی، چینی، چائے، دودھ، آٹا، سبزی یا کسی بھی قسم کا کچن کا سامان منگوانا چاہتے ہیں تو صرف تین سو روپے ڈیلوری چارجز پہ آرڈر کریں، چند منٹوں میں سامان کیش آن ڈیلوری کی بنیاد پہ آپ کے دروازے پہ ہوگا" اس تحریر کے نیچے اپنا نام اورموبائل نمبر بھی پرنٹ کروا دیں۔
اب ان اشتہارات کو اس علاقہ کے گھروں میں پھینکیں جس علاقہ کے راستوں سے آپ اچھی طرح واقف ہوں، ایک ہزار اشتہار تقسیم ہونے کے بعد اب ایک چھوٹی سی نوٹ بک اور پنسل اپنی جیب میں ہر وقت رکھیں اور کال کا انتظار کریں، یقین کریں لوگ گھر بیٹھے سامان منگوانے کو زیادہ ترجیح دیں گے، کال آنے پہ نہایت ہی شائستہ لہجے میں السلام علیکم کہیں اور آرڈر لکھیں، اور پھر کسی ایسے سٹور کا رخ کریں جو مناسب قیمت پہ سامان فروخت کرتا ہوں، وہاں سے مطلوبہ سامان خریدیں اور کسٹمر کے گھر کی طرف رخ کریں۔ اگر آپ کو شروع میں دن میں تین کالز آتی ہیں تو آپ نے دن میں نو سو روپے کمائے دو سو کا پٹرول باقی سات سو آپکی بچت اور پورے مہینے کے آرڈر ملا کر آپ نے اس ماہ اکیس ہزار روپے کمائے جیسے جیسے آپ کی واقفیت بڑھتی جائے گی آپ مذید اشتہارات چھپوا کر دوسرے محلوں میں بھی پھینکیں، اس طرح اگر آپ دن میں سات آرڈرز ڈیلور کرنے لگے تو اکیس سو روپے کمائیں گے جس میں پانچ سو کا پٹرول سولہ سو آپ کی بچت ہے، اس طرح ماہانہ آپ نے اڑھتالیس ہزار روپے کمائے، جب آرڈرز بہت زیادہ ہوجائں تو ایک ملازم رکھیں جو اگر پینتس ہزار بھی کمائے تو بیس ہزار اسکی تنخواہ اورباقی پندرہ ہزار آپ کی بچت ہوگی، یاد رکھیں اگر کاروبار میں برکت دوگنا کرنی ہے تو ایمانداری کے ساتھ ساتھ اپنی کمائی میں سے روزانہ کی بنیاد پہ خمس اور صدقہ ضرورنکالیں ان شاء اللہ چند دنوں میں آپکے کاروبار کو چارچاند لگ جائں گے۔
اگر آپ کی بیوی یا گھر کی کوئی خاتون آپ کا ہاتھ بٹانا چاہے تو انکو موبائل دے دیں جو آرڈرز لکھیں اور آپ کو لوکیشن اور سامان کی لسٹ وٹس اپ کردیں اس طرح آپ کا وقت بھی بچ جائے گا اور آرڈر بھی وقت پہ ڈیلور ہوگا۔
انسان اگر واقعی ترقی کرنا چاہے تو چھوٹے سے چھوٹے کاروبار سے آغاز ہوسکتا ہے اس مشکل ترین دورمیں پیٹ پالنا مشکل ہوتا جارہا ہے گھر کے پانچ کے پانچ افراد اگر کمائں تو گھر چل سکتا ہے لیکن ہمارے آج کے نوجوان ترقی کے خواب تو دیکھتے ہیں مگر ہاتھ پیر ہلانے کی ہمت نہیں کرتے، انسان محنت اور لگن سے کام کرے تو خدا ضرور اپنے فضل و کرم سے نوازتا ہے۔