1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. علی اصغر/
  4. نیکیاں

نیکیاں

ہمارے اردگرد ایسے بہت سے لوگ ہیں جو بظاہر سفید پوش ہوتے ہیں لیکن حقیقیت میں انکے مالی حالات بہت خراب ہوتے ہیں اور وہ اپنی سفید پوشی کی وجہ سے کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے شرماتے ہیں، لیکن ہمیں چاہیے کہ ایسے لوگوں کا خود خیال رکھیں۔ میں یہاں چند چھوٹی چھوٹی نیکیوں کا طریقہ بتانے جا رہا ہوں جس کو اپنا کر ہم نا صرف اپنے رب کے حضور کامیاب ہو سکتے ہیں بلکہ اپنے آس پاس موجود ضرورت مند لوگوں کی ضروریات کو بھی پورا کر سکتے ہیں۔
بس ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہمارے کونسے فالتو خرچے ہیں جو واقعی فالتو ہیں تو ان فالتو کے خرچوں کو ذرا کم کرنے کی کوشش کریں اور پیسے جمع کر کے کم سے کم اتنے تو ضرور جمع کر لیں کہ جن سے پانچ کلو چینی آسانی سے آجائے، آپ کسی بیوہ کو پانچ کلو چینی شاپر میں دیکر آئیں گے تو یقین مانیے واپسی پر 50 کلو والی بوری نیکیوں سے لدی ھوئی لائیں گے۔
اپنی سہیلی یا اپنے دوست، ہمسایہ، کلاس فیلو، روم میٹ کو بھی اس کام میں اپنے ساتھ ملا لیں اور دونوں پیسے اکھٹے کر کے راشن کا ایک بیگ خریدیں پورے راشن کے پیسے اگر جمع نہیں ہوئے تو کوئی بات نہیں بیس کلو آٹے کا توڑا آجائے گا، چلیں کم سے کم کسی غریب کا ایک بیگ آٹے کا آجائے تو کچھ وہ سکھ کا سانس لے گا وہ کسی کو یہ نہیں کہے گا فلاں نے مجھے آٹا لے کر دیا وہ یہ کہے گا اللہ نے اپنے کسی فرشتے کے ہاتھ آٹا بھیجا ہے۔
گرمیوں کا موسم ہے تو روح افزا، جام شیریں کی بوتلیں پہلے ہی کسی غریب رشتہ دار یا ہمسایہ، یتیم، بیوہ کے گھر حال احوال پوچھنے کے بہانے جایں اور وہ بوتلیں انکے گھر دے آیں اگر بہتر سمجھیں تو انکے بچے کو انکے سامنے پیسے دے دیں جن سے وہ کوئی دوسری ضرورت پوری کر لیں کیا خبر اللہ اس نیکی کے صدقے آپ پر اپنی رحمت کے خزانوں کے دروازے کھول دے۔
اگر اللہ پاک نے آپکو فریج کی نعمت سے نوازا ہے تو گرمیوں میں محلہ دار غریب لوگوں کے لیے الگ سے برف لگا دیں اور انکے گھر پیغام پہنچایں کہ پوری گرمیوں میں صبح شام آپ بچہ بھیج کر برف لے سکتے ہیں۔ ہاں اگر دو وقت دینا مشکل ہو تو کم سے کم ایک وقت تو دے ہی دیں۔ آپ کسی غریب کو ٹھنڈا پانی پلایں گے تو بدلہ میں رب کائنات آپکو دنیا کی مصیبتوں کی تپش سے محفوظ رکھے گا۔
گرمی میں ہر انسان کا ٹھنڈے شربت پینے کا جی کرتا ہے آپ کسی یتیم یا غریب بچے کو سبزی والے کے پاس لے جا کر اسے پیسے دے دیں اور کہیں یہ بچہ روز 30 روپے کے لیموں لے جایا کرے گا جب وہ بچہ ٹھنڈا شربت پیے گا تو اس کے چہرہ پہ جو خوشی ہو گی اس کی قیمت اللہ ہی جانے کیا ہوگی شاید آپکی بخشش کا سامان بن جائے۔
مہنگائی کی وجہ سے غریب والدین اپنے بچوں کو ناشتے میں پراٹھے نہیں دے سکتے جبکہ بچوں کو ہمیشہ پراٹھے پسند ہوتے ہیں، اگر آپ کے پاس پیسے ہیں تو پانچ کلو والا گھی کا ڈبہ لے کر دے دیں۔
اگر آپ کو اللہ کا دیا ہوا ہے تو آپ کسی سبزی والے کو پورے مہینے کے پیسے دے کر کسی ضرورت مند کی روز کی سبزی لگوا دیں انشااللہ آپکے بچے بھی کبھی بھوکے نہیں سوئیں گے۔
اگر آپ کے پاس ضرورت سے زیادہ پیسے ہیں تو جب گھر کے لیے پورے مہینے کا راشن لینے جاتے ہیں تو اسی لسٹ کی مناسبت سے سامان کا ایک اور 10 کلو والا شاپر دالیں نمک مرچ وغیرہ کا پیک کروائیں اور ساتھ کچھ کلو گھی کے پیکٹس اٹھالیں کسی بیوہ یا سفید پوش کے گھر بھجوا دیں۔
‫اگر آپ کی اپنی گائے بھینسیں ہیں تو اپنے اردگرد رہنے والے غریب فیملی کو کبھی کبھی دودھ بھیج دیا کریں۔
ایسی بہت سی چھوٹی چھوٹی نیکیاں ہیں جن کو کرنے سے ہمارے مالی حالات پہ تو کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن اس کا اجر بہت وزنی ہو گاجو شاید ہماری شب و روز کی عبادات سے زیادہ بھاری ہو۔