1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. آئینے میں غبار تھوڑی ھے

آئینے میں غبار تھوڑی ھے

آئینے میں غبار تھوڑی ھے
آنکھ اب اشکبار تھوڑی ھے

دیر آنے میں کر رہا ھے وصال
ھجر سر پر سوار تھوڑی ھے

یہ جو ڈوبا تو زندگی ڈوبی
عشق ھے کاروبار تھوڑی ھے

کون آ ئے گا اب ضمانت کو؟
پیار ھے یہ اُدھار تھوڑی ھے

ہر کوئی آکے بس نہیں سکتا
دل ھے کوئی دیار تھوڑی ھے

جس کو دیکھا، کہا تمہی تم ہو
یہ وفا کا معیار تھوڑی ھے

آؤ ھم ٹوٹ کر ملیں صاحب!
زندگی بار بار تھوڑی ھے

جائیے، چھیڑ چھاڑ اپنی جگہ
آپ سے ھم کو پیار تھوڑی ھے

یونہی دیکھا ھے بس گھڑی کی طرف
آپ کا انتظار تھوڑی ھے

اُسکو بھُولیں کہ یاد اُسکو کریں
دل پہ اب اختیار تھوڑی ھے

سر سے اُترے گا عشق کیسے بتول؟
ایسا ویسا خمار تھوڑی ھے

فاخرہ بتول

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔