1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. مسکرانے میں بڑی دیر لگی

مسکرانے میں بڑی دیر لگی

مسکرانے میں بڑی دیر لگی
آزمانے میں بڑی دیر لگی

اسکو کھونے میں تو اک پل نہ لگا
جس کو پانے میں بڑی دیر لگی

ھم کو بھی اس سے محبت تھی مگر
یہ بتانے میں بڑی دیر لگی

ہجر نے مار دیا تھا پہلے
موت آنے میں بڑی دیر لگی

یاد رکھنا کوئی آسان نہ تھا
بھول جانے میں بڑی دیر لگی

دل نے سینے سے رہا ہو کے کہا
قید خانے میں بڑی دیر لگی

راکھ ہوتا گیا پل بھر میں بتول
گھر بنانے میں بڑی دیر لگی

فاخرہ بتول

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔