1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. دل کی ساری کتاب لکھ دیتے

دل کی ساری کتاب لکھ دیتے

دل کی ساری کتاب لکھ دیتے

عشق خانہ خراب لکھ دیتے

مجھ پہ لکھنا غزل کٹھن ھے اگر

تم فقط " ماہتاب " لکھ دیتے

حالِ دل لب پہ آ سکا نہ اگر

کاغذوں پر جناب لکھ دیتے

بھیجنے میں اگر قباحت تھی

مجھکو خط میں گلاب لکھ دیتے

کس نے پڑھنا تھا اس کہانی کو؟

زندگی کا حساب لکھ دیتے

یہ تغافل ھے بےسبب تو نہیں

تم اسے اضطراب لکھ دیتے

وصل برباد کر گیا ھے بتول!

کاش اسکو سراب لکھ دیتے

فاخرہ بتول

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔