1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. ہمارے خواب سے بہتر ــ خیال بُنتا ھے

ہمارے خواب سے بہتر ــ خیال بُنتا ھے

ہمارے خواب سے بہتر ــ خیال بُنتا ھے
عجیب شخص ہے پانی سے جال بُنتا ھے

وہ لفظ لفظ میں بُنتا ہے معجزوں کا وجود
کہانیاں بھی جو دیکھو، کمال بُنتا ھے

عدوکے وار سے بچنا محال ھے اُس کا
جو اپنے ہاتھ سے کاغذ کی ڈھال بُنتا ھے

وہ کل کے آنے کی مُطلق خبر نہیں رکھتا
جو جی کے ماضی میں باتوں سے حال بُنتا ھے

لبوں پہ آہنی تالے لگا لئے اُس نے
جواپنی سوچوں میں لاکھوں سوال بُنتا ھے

عروج اُس کی نگاہوں میں کب محبت کا؟
محبتوں کا وہ ہر پل زوال بُنتا ھے

اُدھڑتا جاتا ھے، دل کاغلاف اُس کا بھی
جبھی تو سینے سے اُس کو نکال_ بُنتا ھے

نظر نظر میں وہ چہرے تراشتا ہے بتول!
کسی کے گال پہ، کالا سا خال بُنتا ھے

فاخرہ بتول

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔