1. ہوم/
  2. قصیدہ/
  3. فاخرہ بتول/
  4. کسی نے پوچھا کہ کیا کساء ھے؟

کسی نے پوچھا کہ کیا کساء ھے؟

کسی نے پوچھا کہ کیا کساء ھے؟

جواب آیا کساء، کساء ھے

کساء ہی توحید، اللہ ھو بھی

کساء رسولوں کی آرزو بھی

کساء مودت کی گفتگو بھی

کساء فرشتوں کی جستجو بھی

کساء تو تطہیر کی ضیاء ھے

میں کیا بتاؤں کہ کیا کساء ھے

نبی نے مانگی ھے فاطمہ سے

تو خود کو ڈھانپا ھے اس کساء سے

یہ یمنی چادر ھے ابتداء سے

بنی ھے پنج تن کی یہ ولا سے

یہ چودہ کرنوں کا سلسلہ ھے

میں کیا بتاوں کہ کیا کساء ھے

کساء طہارت کی ابتدا ھے

کساء مودت کی انتہا ھے

کساء ولایت کا راستہ ھے

کساء محمد ص کی اک دعا ھے

کساء کے جھرمٹ میں کبریا ھے

میں کیا بتاوں کہ کیا کساء ھے

کساء کو سمجھو نہ صرف چادر

یہ کبریا کا ھے ہیڈ کوارٹر

ہیں اس میں شبیر ع اور شبر ع

ہیں اس میں زہرا س، ہیں اس میں حیدر ع

کساء نجاست سے ماورا ھے

میں کیا بتاوں کہ کیا کساء ھے

کہا نبی ص نے یہ چار میرے

یہ جان میری، قرار میرے

لہو ھے میرا، یہ پیار میرے

مرے نواسے، سوار میرے

کساء کی رفعت یہ فاطمہ ھے

میں کیا بتاوں کہ کیا کساء ھے

جو ان کی چاھت سے دور ہو گا

مری شفاعت سے دور ہو گا

وہ میری جنت سے دور ہو گا

خدا کی رحمت سے دور ہو گا

کساء سے دوری بھی اک سزا ھے

میں کیا بتاوں کہ کیا کساء ھے

قلم کی لوح کی یہی ہیں طاقت

یہ عرش کرسی کی ہیں حقیقت

یہی ہیں کوثر، یہی ہیں جنت

یہ پنج تن ہیں خدا کی عادت

خدا کو پانے کا راستہ ھے

میں کیا بتاوں کہ کیا کساء ھے

خدا کی رحمت کو جوش آیا

تو یوں تعارف ہمیں کرایا

سلام ان پر ھے یہ بتایا

درود ان کے لیے سجایا

کساء کے اندر مری رضا ھے

میں کیا بتاوں کہ کیا کساء ھے

کہا یہ زہرا کی بارگاہ ھے

یہ اس کے بیٹے، یہ مرتضیٰ ھے

اور اس کا بابا نبی مرا ھے؟

یہ سب رسولوں کا پیشوا ھے

کساء کا مرکز ہی فاطمہ ھے

میں کیا بتاوں کہ کیا کساء ھے

انہی کے صدقے میں ھے جہاں بھی

زمیں ھے قائم، یہ آسماں بھی

جہان والوں کی یہ اماں بھی

جو یہ نہ ہوتے تو سب گماں بھی

کساء ہی توحید کی بقاء ھے

میں کیا بتاوں کہ کیا کساء ھے

فاخرہ بتول

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔