1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. نظر کی پارسائی مانگ لی تھی

نظر کی پارسائی مانگ لی تھی

نظر کی پارسائی مانگ لی تھی
محبت انتہائی مانگ لی تھی

فقط اُسکو ہی مانگا تھا خدایا!
کوئی ھم نے خدائی مانگ لی تھی؟

کہا یہ وصل کی سوغات تیری
مگر اُس نے جُدائی مانگ لی تھی

مزاج اپنا بھی تھا بیزار ـــ اِس پر
کسی نے کج ادائی مانگ لی تھی

زباں پر اُس کے تالے تھے کسی نے
مرے حق میں گوائی مانگ لی تھی

وہ کانٹوں میں ہی اُلجھا جا رہا تھا
گُلوں سے آشنائی مانگ لی تھی

ہمیں بےموت مرنا پڑ گیا ھے
کسی کی موت آئی مانگ لی تھی

اُسے اشکوں کی دولت دے چُکے ہیں
کہ اُس نے کُل کمائی مانگ لی تھی

بتول! اچھا نہیں تھا عشق کافر
ہمی نے جگ ہنسائی مانگ لی تھی؟

فاخرہ بتول

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔