1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. اسماعیل آفتاب/
  4. آئیڈیل

آئیڈیل

کامیاب لوگ اپنی کامیابی، قدراورشہرت سے تو خود لطف اندوز ہوتے ہیں، مگر وہ سیکھنے والوں کے لئے ایک اہم سبق، اورسمجھ رکھنے والوں کوایک اہم شعور سے ضرور روشناس کروادیتے ہیں، وہ اپنی سوچ، اپنی محنت سے لے کر اپنی کامیابی تک پورا باب چھوڑ جاتے ہیں، وہ پوری دنیا میں ایک مثال بن جاتے ہیں، اور ہر جگہ، ہر کوئی ان کی کامیابی کی مثالیں دیتاہے، ایک، عقل و شعور رکھنے والا، اور کامیابی کا حامی، کامیاب انسان کی زندگی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، میں بچپن سے کامیاب لوگوں کی کامیابیوں کی داستانیں پڑھنے کا شائق ہوں، میں ساتویں اور آٹھویں جماعت میں، گوگل سے کامیاب لوگوں کی فہرست نکال کر دیکھا کرتا تھا، اور پھر اُن کامیاب لوگوں کی کا میابیوں کی داستانیں پڑھا کرتاتھا، میں کامیاب لوگوں کی داستانوں کی کتابیں بُک شاپس سے خرید کر پڑھتا ہوں، اور جہاں کہیں بھی کسی کامیاب انسان کی کامیابی کی داستان، اس کی محنت کی کہانی سننے اور پڑھنے کو ملے تو بڑے غور سے سنتا اور پڑھتا ہوں، کیوں؟کیونکہ اُن لوگوں کی کامیابی کی داستانیں مجھے محنت کرنے، اپنے مقصد پر قائم رہنے، اور اس مقصد کو حاصل کرنے کا عزم دیتیں ہیں، یہ داستانیں میرے حوصلے کو پست نہیں ہونے دیتیں، میرے ارادوں کو ٹوٹنے نہیں دیتیں، اور مجھے اپنے گول پر ڈٹے رہنے کا سبق دیتیں ہیں، میں ہر کامیاب انسان کو اپنا آئیڈیل سمجھتا ہوں، میں ان کی انتھک محنت کی داد بھی دیتا ہوں اور ان کی زندگیوں سے سیکھتا بھی ہوں، آپ بھی کبھی کامیاب لوگوں کی فہرست نکال کر دیکھ لیجئے، ان میں سے اکثریت، ان لوگوں کی ہو گی، جو نالائق، اور کم عقل سمجھے جاتے تھے، جنہیں سکول اور کالج میں ایک متوسط طالب علم تصور کیا جاتا تھا، جن کی ڈگریاں بھی اے پلس اور اے گریڈمیں نہیں تھیں، لیکن پھر بھی انہوں نے انتھک محنت اور دل جمعی سے کام کر کے دنیا میں لوہا منوایا اور اپنے نام، اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے، اوردنیا کے لئے ایک مثال بنے۔
آپ بل گیٹس کے بارے میں تحقیق کر کے دیکھ لیجئے، جو دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک کمپنی مائیکرو سافٹ کا بانی ہے، اس نے اپنے کام کو اپنے گھر کے چھوٹے سے گیراج سے شروع کیا، اور پھر محنت و کوشش سے اس کو دنیا کی لیڈنگ کمپنی بنا دیا، آپ ویرن بفٹ کی مثال لے لیجئے، اُس نے اپنے کام کا آغاز پرنٹنگ سے شروع کیا، آپ ایشیا کے امیر ترین شحص جیک ما کی مثال لے لیجئے، جس نے آن لائن شاپنگ کی ایک ویب سائیٹ سے اپنے سفر کا آغاز کیا، یا پھر آپ آئی فون کے بانی سٹیو جاب کی زندگی کا مطالعہ کر لیں، جسے نالائق ہونے پر اس کے سکول سے نکالا گیا تھا، اور اسی سٹیو جابز نے دنیا کو ٹچ سمارٹ فون کی دنیا سے روشناس کروایا، یا پھر آپ واٹس ایپ کے بانی کی زندگی کے بارے میں پڑھ لیجیے، جس نے پوری عمر ایک یتیم خانے میں گزاری، وہی رہ کر اپنی پڑھائی مکمل کی، دنیا میں لاکھوں اس جیسی اور بھی مثالیں موجودہیں۔
اگر آپ اپنی زندگی میں کوئی مقصدرکھتے ہیں، اور آپ اس مقصد تک پہنچنے کے لئے سنجیدہ ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کوآپ کے مقصدحاصل کرنے سے دور نہیں رکھ سکتی، کوئی مصیبت، کوئی مشکل آپ کے آڑے نہیں آ سکتی، کوئی چیز آپ کو آپ کے خواب پورے کرنے سے نہیں روک سکتی، اور کامیابی کے لئے مسلسل موٹی ویشن کی ضرورت ہوتی ہے، جو آپ کو ایک آئیڈیل ہی دے سکتا ہے، آپ کسی بھی کامیاب انسان کو اپنا آئیڈیل بنا لیجئے، اس کی زندگی آپ کو سبق بھی دے گی، آپ اپنے ارادوں میں مضبوط اور ثابت قدم بھی رہیں گے، اور آپ کے مزاج میں مستقلی بھی آئے گی، آپ کو موٹی ویشن بھی ملے گی، اور آپ کا عزم بھی بلند ہو گا، کیونکہ جن کو خواب دیکھنا اچھا لگتاہے، ان کو رات بھی تھوڑی لگتی ہے، اور جن کو خواب پورا کرنا اچھا لگتا ہے، ان کو دن بھی چھوٹا لگتا ہے۔ اوراگر آپ کو خواب پورا کرنا اچھا لگتا ہے تو ایک آئیڈیل آپ کو موٹی ویٹ کرنے، اور ثابت قدم رہنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔