1. ہوم
  2. کالمز
  3. اسماعیل آفتاب
  4. اسباب ناکامی

اسباب ناکامی

دنیا میں ہر شخص کامیابی چاہتاہے، حصول کامیابی کے لئے وہ دن رات تگ و دو کرتا ہے، اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش میں رہتا ہے، ہم میں سے ہر شخص مستقبل میں اپنے آپ کو ایک سٹیج ایک لیول پر دیکھتا ہے، اپنے اس لیول کے حصول کے لئے اسی حساب سے محنت کرتا ہے، دنیا کا خواہ کوئی بھی شخص ہو اس کی کامیابی میں بنیادی عنصر محنت ہے، انتھک محنت، لیکن محنت کے علاوہ بھی کچھ عناصر ایسے ہوتے ہیں، جو انسان کی کامیابی اور ناکامی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آپ زندگی میں کامیاب اور ناکام لوگوں کا تجزیہ کر کے دیکھ لیجیے، ناکام لوگوں کی عادات کا کامیاب لوگوں کی عادات سے موازنہ کر کے دیکھ لیجیے، آپ کو محنت کے علاوہ جو عناصر ناکام لوگوں میں ملیں گے ان میں تین عناصر "مقصد، منزل کا تعین نہ ہونا اور سرپرستی یا مینٹورنگ سے محروم ہونا" اہم ہیں، جب کہ کامیاب لوگوں کے پاس ہمیشہ مقصد بھی ہوتا ہے، منزل بھی متعین ہوتی ہے اور منزل کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے نپٹنے کے لئے کامیاب لوگوں میں سے کوئی نہ کوئی آئیڈیل بھی ہوتا ہے، جبکہ ناکام لوگ ہمیشہ ان سے محروم رہتے ہیں، مقصد بنیادی اکائی ہے، اگر کسی کی زندگی مقصد سے خالی ہو گی تووہ کیا کرے گا؟ کہاں محنت کرے گا؟ کونسا راستہ متعین کرے گا؟ اور اگر انسان کو اپنی منزل کا علم نہ ہو تو وہ کہاں کامیاب ہوگا؟ کیا مقام حاصل کرے گا؟ اور اس کا مستقبل کیا ہو گا؟ اور تیسرا اور سب سے اہم عنصر آئیڈیل کا ہونا بھی زندگی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ایشیاء کے امیرترین چائینی باشندہ علی بابا کمپنی کے مالک جیک ما کا کہناہے کہ زندگی میں آئیڈیل کا ہونا انسان کو کامیابی کی راہ پر ڈال دیتا ہے، اس کی پیروی کر کے انسان کامیابی سے ہمکنار ہو سکتا ہے، جو کہ اس کی اپنی کامیابی کا بھی ایک راز ہے۔
لہذا زندگی میں کامیابی سے ہمکنار ہونے لئے ایک مقصد کا تعین کر لینا چاہیے، اورمقصد کے حصول کے لئے محنت کے تمام لوازمات انتھک کوشش سے پورے کرنے چاہیے، کیونکہ بغیر مقصد کے محنت اور کوشش بے سود ہے، مقصد کامیابی شروعات ہی سے انسان کے لئے اہم اور نا اہم کا تعین ہو تا ہے، بد قسمتی سے یہ ہماری قوم کا المیہ ہے کہ ہماری قوم کے بیشتر لوگ چھوٹی ذہنیت کے مالک ہوتے ہیں، وہ اپنے مقصد کا تعین بھی ٹھیک نہیں کر پاتے، دنیا میں نوے فیصد لوگ غلط راہ پر محنت کرتے ہیں جس کی بدولت پوری عمر کامیابی سے محروم رہتے ہیں، کامیابی کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے ٹکرانا اور انہیں چت کرنا بھی کامیاب لوگ کے لئے مشکل ترین چیلنج ہے، اگر ایک انسان پہاڑ بھی کاٹنا چاہتا ہے تو اسے بھی شروعات چھوٹے چھوٹے پتھر ہٹانے سے کرنی پڑتی ہے، راستے کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں جب ارادے پختہ اور یقین کامل ہو تو منزل انسان کا مقدر بن ہی جاتی ہے، انسان چھوٹی چھوٹی کامیابیوں سے ہی بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کرتا ہے، ایک آئیڈیل کا تعین بھی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، انسان ہمیشہ ایک انسان کی زندگی میں حاصل کی گئی کامیابیوں سے متاثر ہوتا ہے اور خود بھی کامیابی کے لئے مستقل مزاجی کو قائم رکھتا ہے، لہذا کوئی بھی کامیابی بغیر مقصد کے حاصل نہیں کہ جا سکتی، کیونکہ مقصد کا متعین خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی پہلی کڑی ہے، اپنے مقصد کے تعین کے بعد اس پر ڈٹ جائیے اور مستقل مزاجی سے اس کو حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، منزل کا متعین بھی کامیابی کے مقصد کے بغیر ممکن نہیں، اور اپنے مستقبل میں بہتر کارکردگی کے لئے آئیڈیل اچھے راہ نما ثابت ہوسکتے ہیں۔