1. ہوم
  2. کالمز
  3. محمد نسیم رنزوریار
  4. سردار حاجی احمد خان اچکزئی

سردار حاجی احمد خان اچکزئی

سردار حاجی احمد خان اچکزئی، سربراہِ عالی مرتبت و معتبرِ قومِ غبیزئی، ایک ایسی عظیم اور باوقار شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کو عوامی خدمت، قبائلی اتحاد، امن، تعلیم اور روزگار کے فروغ کیلئے وقف کر رکھا ہے۔ آپ وہ دردمند اور باعزم بزرگ رہنما ہیں جنہوں نے بلوچستان کی سرزمین خصوصاً گلستان کے علاقے سے امن، قلم، روزگار کے سنہری نعرے کے ساتھ ایک عملی تحریک کا آغاز کیا جو آج حقیقت کا روپ دھار چکی ہے۔

کاکا شہید فاؤنڈیشن کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ سردار حاجی احمد خان اچکزئی نے انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا اور اپنے علاقے میں فری تعلیم، فری واٹر کنکشنز، فری طبی سہولیات اور اسکول، کالج و یونیورسٹیوں کی تعمیرات جیسے منصوبے متعارف کرا کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔ آپ نے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے محروم طبقے کو سہارا دیا، یتیموں، بیواؤں اور نادار خاندانوں کیلئے امید کی کرن بنے۔

سردار حاجی احمد خان اچکزئی نہ صرف سماجی بلکہ روحانی و قومی معنوں میں بھی ایک رہبر و مصلح ہیں جنہوں نے پیغمبری سنت یعنی صلح و اصلاح کے عمل کو قبائلی سطح پر عملی جامہ پہنایا۔ چند روز قبل آپ نے 53 سال پرانی خونریز رنجش کو ختم کرکے دو متحارب قبائل کو بھائی چارے کے رشتے میں باندھ دیا اور اس طرح خطے سے کلاشنکوف کلچر کا خاتمہ کیا، جو نہ صرف گلستان بلکہ پورے بلوچستان کیلئے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوا۔ اس عمل نے ثابت کر دیا کہ سردار حاجی احمد خان اچکزئی جیسے قائدین ہی حقیقی امن کے سفیر ہیں جنہوں نے صدیوں پرانی دشمنیوں کو محبت و مصلحت میں بدل دیا۔

بلوچستان کے طول و عرض میں اور پاکستان بھر کے پشتون علاقوں میں ان کے اس صلح جو اقدام کو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر بے پناہ پذیرائی ملی۔ سردارحاجی احمد خان اچکزئی کا کردار صرف ایک قبیلے یا علاقے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے جو نسل، رنگ، قومیت اور مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کو فروغ دے رہا ہے۔ ان کی خدمات کا دائرہ تعلیم و صحت سے لے کر امن و اتحاد تک وسیع ہے۔ وہ دن رات عام عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم ہیں، مالی تعاون سے لیکر عملی جدوجہد تک ان کی خدمات ایک روشن مثال بن چکی ہیں۔

قابلِ فخر امر یہ ہے کہ ایک بزرگ رہنما ہونے کے باوجود سردار حاجی احمد خان اچکزئی نے اپنی بڑھاپے کی عمر میں آرام کو پسِ پشت ڈال کر پشتون قوم کے نوجوانوں کیلئے علم، امن، روزگار اور اتحاد کا پیغام عام کیا۔ ان کی جدوجہد محض الفاظ نہیں بلکہ ایک عملی درسِ زندگی ہے جو آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ بن چکی ہے۔ سردارحاجی احمد خان اچکزئی ایک درویش مزاج قائد ہیں جنہوں نے اپنے قول و فعل سے یہ ثابت کیا کہ قیادت کا مطلب اقتدار نہیں بلکہ خدمت ہے۔ وہ ایک ایسا درخت ہیں جس کے سائے تلے ہر انسان کو امن، بھائی چارہ اور سہارا میسر آتا ہے۔ ان کی قیادت میں گلستان کے قبائل نے جس اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔

آج کا نوجوان اگر امن و ترقی کا خواہاں ہے تو اسے سردار حاجی احمد خان اچکزئی جیسے رہنماؤں کے نقشِ قدم پر چلنا ہوگا جو اپنی ذات کو قوم پر قربان کرکے انسانیت کے نفع کیلئے کوشاں ہیں۔ ان کی فاؤنڈیشن، ان کی تحریک اور ان کی سوچ پشتون قوم کیلئے ایک نئی بیداری کا پیغام ہے۔ سردار حاجی احمد خان اچکزئی کا نام ہمیشہ ان عظیم شخصیات میں شامل رہے گا جنہوں نے امن، تعلیم، خدمت اور اتحاد کے ذریعے قبائلی معاشرے کو ایک نئے شعور سے روشناس کرایا۔ ان کی قربانیاں اور خدمات پشتون تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔